جعلی پیر بابے

ہمارے معاشرے میں کالا جادو کرنے والے پیر بابے ایک بیماری کی طرح پھیل رہے ہیں۔ ان پڑھ لوگوں کیساتھ ساتھ پڑھے لکھے لوگ بھی ان لوگوں کے حجروں میں اپنی شرکت یقینی بنا رہے ہیں۔ گھریلوں خواتین خاص طور پر اس ترقی کرتی ہوئی صنعت میں اہم کردار ادا کررہی ہیں ۔آپ نے اکثر کیبل پر اشتہار چلتے دیکھا ہوگا جس میں با با جی اپنی تکنیکی صلاحیتوں کی پبلیسٹی کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میرے پاس آئیے آپ کے گھر بیٹا ہی ہو گا اور وہ یہ بات اتنے ہی یقین کیساتھ کہتے ہیں جتنے یقین کیساتھ ہمارے رحمان ملک صاحب کسی بڑے حادثے کے بعد بڑے یقین کیساتھ کہتے ہیں کہ سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے اورکچھ دن بعد ریڈالرٹ سکیورٹی کے دوران ہی کوئی نیا کارنامہ رونما ہوجاتا ہے اور بابا جی کے مزید دعوے بھی سنئیں کہ سنگدل محبوب آپ کے قدموں میں، نافرمان بچوں کو راہ راست پر لائیں، نافرمان شوہر کو راہ راست پر لائیں،اپنی ساس کو اپنی انگلی پر نچوائیں، نند سے جان چھڑوائیں، بہو کا دماغ درست کروائیں، بیٹے کو بہو کی غلامی سے نجات دلوائیں وغیرہ وغیرہ ۔

ہمارے سادہ لوگ بہت آسانی کیساتھ انکی باتوں میں آجاتے ہیں اور کئی بار اپنی قیمتی دولت اور عزت سے ہاتھ گنوا بیٹھتے ہیں یہ ڈھونگی لوگ ہماری اپنی کوتاہیوں سے فائدہ اٹھالیتے ہیں کیونکہ ہم بہت جلد کسی بھی حالات سے گھبراجاتے ہیں اور بہت جلد اس پریشانی کا حل ڈھونڈتے ہوئے ان ڈھونگی پیروں کے پیر خانوں میں پہنچ جاتے ہیں اور یہ لو گ کالے بکرے، نقد رقم اور بہت سی دوسری صورتوں میں نذرانے وصول کرتے ہیں اور ہمارے سادہ لوگ اس پر ان سے کوئی ڈسکاﺅنٹ بھی نہیں مانگتے ۔اگر ہم صرف خدا پر ایمان رکھیں اور وسوسوں میں نہ پڑیں اور ہم اپنے خراب حالات کی وجہ پر توجہ دیں اور ہمت سے کام لیں اچھے اور برے وقت کو زندگی کے اتار چڑھاﺅ کا حصہ سمجھیں تو شاید ہم ان پیروں کی دکانوں میں اضافے کا سبب نہ بنیں۔

کاش ہمارے پاس کچھ سیاسی بابے بھی ہوں جو ہمارے سیاستدانوں کو راہ راست پر لاسکے اور ہم جس سیاست دان کو چاہیں ان پیر فقیروں کے زریعے ٹھیک کروا سکیں جہسے کہ رحمان ملک کے لیے تعویز کروائیں کہ وہ جھوٹ بولنا چھوڑ دیں، وزیر اعظم کے لیے تعویز کروائیں کہ وہ اپنا بیان بدلنا چھوڑ د یں، عمران خان کے لئیے تعویز کروائیں کہ جب انکا جلسہ ختم ہو تو اس کے بعد کرسیاں نہ چوری ہوں، واپڈا پر تعویز کروائیں کہ پاکستان کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے، صدر صاحب پر تعویز کروائیں کہ انکی توجہ پاکستان کے مسائل پر ہو نہ کہ کرسی مضبوط کرنے پر، بھارت پر تعویز کروائیں کہ وہ بھارت میں مرنے والے گدھے کا الزام آئی ایس آئی پر نہ ڈالے، وینا ملک پر تعویز کروائیں کہ وہ راہ راست پر آجائے اور ناک کی سیدھ میں پاکستان واپس آجائے، مشرف پر تعویز کروائیں کہ وہ پاکستان کو مزید برباد کرنے اور اب پاکستان کا رخ نہ کرے، ایم ۔کیو۔ ایم پر تعویز کروائیں کہ وہ بندوق کی سیاست چھوڑ کر تعمیری سیاست کرے اور الطاف حسین کے جلسے میں آواز کیساتھ انکی تصویر بھی نظر آئے، شجاعت حسین پر تعویز کروائیں کہ وہ ہر مسئلہ پر مٹی ڈالنا چھوڑ دیں اور سب سے بڑھ کر امریکہ پر تعویز کروائیں کہ وہ پاکستان پر ڈرون حملے بند کردے۔ بلکہ ہمیں تو حکومت کی پوری فوج پر تعویز کروانے چاہیں کہ یہ تما م حکومتی لوگ ملکی وسائل کھانے کی بجائے ملکی مسائل کھانے شروع کر دے تاکہ ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
zeshan
About the Author: zeshan Read More Articles by zeshan: 4 Articles with 2989 views i am a honest person... View More