منزلِ تعلیمِ مَا ولسن کالج امریکا

حکومتِ امریکا کی امداد سے چلنے والے گلوبل انڈرگریجوایٹ پروگرام کے تحت انڈر گریجوایشن کی تعلیم کے لئے میں 2 جنوری کو امریکا جا رہی ہوں جہاں امریکا کی ریاست پنسلونیا میں ولسن کالج میری منزل ہے۔ پاکستان میں امریکا کے سفیر محترم رچرڈ اولسن نے اس پروگرام کے لئے منتخب 100 سے زائد کامیاب طالب علموں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”مجھے پاکستان کے ساتھ طلبہ کے تبادلہ پروگرام پر فخر ہے جو دنیا میں سب سے بڑا تبادلے کا پروگرام ہے۔ اس سے پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ ہمارے گہرے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے“۔

میرے سمیت 100 سے زائد طلبہ و طالبات پہلے سمسٹر کے لئے 2 جنوری سے امریکا کے لئے روانہ ہونگے حکومت امریکا نے اس فیلوشپ پروگرام کے تمام فنڈز دیئے ہیں۔ دوران سٹڈی ہر قسم کے تمام اخراجات حکومت امریکا برداشت کریگی۔ پاکستان میں یو ایس ایجوکیشنل فاﺅنڈیشن اس پروگرام کو منظم کرتی ہے۔ فاﺅنڈیشن نے 13 اور 14 دسمبر کو طلبہ و طالبات کے اعزاز میں امریکا روانگی سے قبل بریفنگ تقریب کا اہتمام کیا تاکہ طلباءکو امریکا میں تعلیم کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جاسکے۔ فاﺅنڈیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مِس ریٹا اختر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انڈر گریجوایٹ کے اس پروگرام میں بہت سے طلبہ و طالبات پاکستان بھر کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے منتخب کیے گئے ہیں۔ اس گروپ میں پنجاب سے 31، خیبرپختونخوا سے 25، سندھ سے 22، بلوچستان سے 7 ، گلگت بلتستان سے 17، فاٹا سے 4 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 5 اور آزاد جموں و کشمیر سے 2 طلبہ و طالبات کامیاب ہو کر امریکا میں تعلیم کے لئے جا رہے ہیں۔ اس گروپ میں شامل 46فیصد خواتین ہیں۔ طلباءمختلف شعبہ جات جن میں انجینئرنگ، بنیادی سائنس،انوائرمنٹل سائنس، قانون، آرٹ اینڈ ڈیزائن، معاشیات، بزنس ایڈمنسٹریشن، ہیومنیٹیز اور سوشل سائنس سے تعلق رکھتے ہیں۔ طلبہ و طالبات کا یہ گروپ امریکا بھر کے 50 سے زائدمختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اپنا اپنا تعلیمی سمسٹر مکمل کریگا۔ حکومت پاکستان اور امریکا نے 1950ءمیں گلوبل انڈر گریجوایٹ پروگرام شروع کیا تھا۔ یو ایس ایجوکیشنل فاﺅنڈیشن امریکی اور پاکستانی عوام کے مابین باہمی اعتماد سازی کو فروغ دینے کےلئے سرگرم ہے اور اس حوالے سے تعلیمی و ثقافتی وفود کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔ گزشتہ 62 برسوں کے دوران یو ایس ایجوکیشنل فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام پروگراموں میں 4000 پاکستانی اور 800 امریکی شریک ہو چکے ہیں۔

انوائرمنٹل واچ ٹرسٹ (ای ڈبلیو ٹی) پاکستان کی تاریخ کا پہلا ماحولیاتی ٹرسٹ ہے جو ”ٹرسٹ ایکٹ 1882ء“ کے تحت رجسٹرڈ ہے، ای ڈبلیو ٹی کی چیئرپرسن ہونے کے ساتھ ساتھ میں انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں بی ایس انوائرمنٹل سائنسز کی طالبہ بھی ہوں اور میں نے ولسن کالج میں انوائرمنٹل منیجمنٹ سے متعلقہ کورسز کا انتخاب کیا ہے۔ ولسن کالج میں ہر دس طالب علموں کے لئے ایک استاد ہے۔ کالج طلباءمیں تعمیری اور مثبت سوچ روشناس کرا رہا ہے ۔ صرف یہی نہیں بلکہ انہیں معاشرے کا ایک فعال اور قابل فرد بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ولسن کالج ہر طالب علم پر انفرادی توجہ دیتا ہے اور اس میں دنیا میں آگے بڑھنے کا عزم اور حوصلہ پیدا کرتا ہے۔ ولسن کالج کے طالب علم کامیاب لیڈر کے طور پر ابھرتے ہیں۔ کالج امریکا کی ریاست پنسلونیا میں 1869ءمیں لبرل آرٹس کالج برائے خواتین چیمبرز برگ کے نام سے قائم کیا گیا۔ اس کالج کو سارا ولسن نے قائم کیا۔ کالج کی 140 سالہ تاریخی اور روایتی جڑیں بہت مضبوط ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مستقبل پر بھی کالج کی گہری نظر ہے۔ انڈر گریجوایٹ پروگرام کے علاوہ ولسن کالج میں خواتین و حضرات کے لئے ڈگری پروگرام، ٹیچرز انٹرن شپ پروگرام اور ماسٹر ایجوکیشن پروگرام بھی ہیں۔ بچوں والی تنہاءماﺅں کے لئے رہائش کا بندوبست بھی ہے جہاں وہ پڑھائی جاری رکھ سکتی ہیں۔ ولسن کالج کے طلباءعالمی سطح پر معاشرے میں قائدانہ کردار ادا کرکے تبدیلی لانے کے لئے پُرعزم ہیں اور ایک اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ میں بھی مستقبل میں عالمی گاﺅں میں ماحولیاتی تعلیم، سماجی انصاف اور انسانی مساوات کےلئے اپنے کردار و کارکردگی سے اچھی مثال قائم کرکے دم لوں گی تاکہ پاکستان کا نام روشن کرسکوں۔
Shumaila Javaid Bhatti
About the Author: Shumaila Javaid Bhatti Read More Articles by Shumaila Javaid Bhatti: 15 Articles with 10643 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.