اسمِ اعظم

ایک بار اسمِ اعظم کی جستجو میں لگے ایک صاحب کے بارے میں سننے کا موقع ملا، انہوں نے کئی علماء و مشائخ سے اصرار کیا کہ مجھے اسمِ اعظم بتائیں، مجھے اسکی معرفت عطا فرما دیں، اکثر ملنے والا جواب پہلے کے جوابات سے مختلف ہوا کرتا تھا، اس طرح اسمِ اعظم کے بارے میں وہ تذبذب کا شکار ہو گئے کہ کس وظیفے کو زیادہ توجہ سے پڑھا کروں۔

پھر ایک دن ایک صاحبِ نظر (باطنی آنکھیں رکھنے والے) بزرگ سے ملاقات ہوئی اور جب ان سے بھی یہی سوال کیا تو اس بار بھی سب جوابات سے مختلف لیکن بہت حقیقت آشنا جواب سننے کو ملا۔
فرمایا:میاں! جانتے بھی ہو کہ تم مجھ سے کیا پوچھ رہے ہو؟
اِسمِ اعظم نا؟ اللہ کا بڑا نام؟
کیا تم مجھے اللہ عزوجل کا کوئی چھوٹا نام بتاسکتے ہو؟ (نعوذ باللہ )

اگر نہیں بتا سکتے تو جان لو کہ اُس کے سارے نام ہی اسمِ اعظم ہیں چھوٹے تو ہم ہیں جو اسکی ذات مقدسہ میں بھی چھوٹا بڑا ڈھونڈتے ہیں۔

سبحان اللہ ، گدڑی پہ بیٹھے حقیقی فقراء سے کراہیت رکھنے اور سوٹڈ بوٹڈ نام نہاد اسکالرز سے متاثر ہو جانے والو! اللہ تبارک و تعالیٰ کا قرب چاہتے ہو تو سادگی، عجز اور فقر اختیار کرنے والوں کی صحبت اختیار کرو اور انکے رنگ میں رنگنے کی کوشش کرو۔

ضروری وضاحت:۔
اسمِ اعظم کی حقیقت اپنی جگہ کیونکہ کئی احادیث میں اسمِ اعظم سے متعلق بیان آیا ہے لیکن حقیقت میں بات سچی تڑپ ، قیود کی پابندی اور مقرر کردہ تعداد میں پڑھنے کی ہوتی ہے نہ ایک کم نہ ایک زیادہ (بالکل ایسے جیسے چابی کے دانت تالے کے بالکل عین مطابق ہوں تب ہی تالا کھلتا ہے نہ ایک کم نہ ایک زیادہ) اسی طرح آپ کا مقصد اگر آپ کے حق میں بہتر ہو تو اوپر بیان کردہ باتوں پر عمل کرنے سے ضرور بالضرور حاصل ہوتا ہے۔ پوسٹ کا مقصد صرف یہ ہے کہ جو کچھ بھی اوراد پڑھیں اسے معمولی نہ سمجھیں اگر سمجھ کر سچی لگن سے نماز ، درودشریف، استغفار وغیرہ ہی پڑھیں تو اس سے بھی آپ کے بے شمار مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

اور ہاں، یہ بات آپ سے شئیر کرنے کی میری فیس مت بھولئیے گا۔
میری فیس آپ کی قیمتی دعائیں ہیں۔
Zeeshan Raza Khan
About the Author: Zeeshan Raza Khan Read More Articles by Zeeshan Raza Khan: 4 Articles with 12077 views Simple, Shy & Sincere... View More