وضو کا طریقہ مع سنن و فرائض

الحمد للہ رب العالمین والصلاة والسلام على سيد الأنبياء والمرسلين وعلٰی الہ واصحابہ اجمعین

کچھ دن قبل وضو کی برکتیں آپ پڑھ چکے۔ روحانی تسکین کا ایک خزانہ اس وضو میں پوشیدہ ہے۔ وضو کے فضائل و برکات پر مزید گفتگو کئیے بغیر آج آپ وضو کا طریقہ ملاحظہ فرمائیں گے۔ کوشش کیجئیے اس پورے مضمون کو اوّل تا آخر مکمل پڑھ لیجئیے۔ بہت ساری غلطیوں کی نشاندہی ہو جائے گی۔ انشاء اللہ۔ اگر آپ کا وضو ٹھیک ہو گیا تو عبادت میں دل بھی لگے گا، قبول بھی ہو گی اور روحانی سکون بھی میسر آئے گا انشاء اللہ۔ وضو تمام عبادتوں کی بنیاد اور کنجی ہے۔ وضو ٹھیک ہے تو پھر اللہ کی رحمت کے سہارے یہ امید اور یقین کیا جا سکتا ہے کہ عبادات درجہ قبولیت کو پہنچیں گی۔ انشاء اللہ

سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میرے والد گرامی حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے مجھ سے وضو کا پانی طلب فرمایا۔ میں نے وضو کا پانی لا کر حاضر خدمت کیا۔ آپ رضی اللہ عنہ نے وضو فرمانا شروع کیا۔ آپ رضی اللہ عنہ نے پانی میں ہاتھ ڈالنے سے قبل دونوں ہاتھوں کو تین دفعہ دھویا۔ اس کے بعد تین مرتبہ کلی فرمائی اور تین دفعہ ناک صاف فرمائی بعد ازاں آپ نے منہ کو تین دفعہ دھویا پھر آپ نے دائیں ہاتھ کو کہنی تک تین مرتبہ دھویا پھر بائیں ہاتھ کو اسی طرح دھویا پھر آپ نے اپنے سر مبارک پر ایک دفعہ مسح فرمایا۔ اس کے بعد دائیں پاؤں کو ٹخنوں تک تین دفعہ دھویا پھر ایسے ہی بائیں کو اس کے بعد آپ نے کھڑے ہو کر پانی لانے کا حکم صادر فرمایا۔ میں نے برتن جس میں وضو کا بچا ہوا پانی تھا، حاضر خدمت کیا تو آپ نے کھڑے کھڑے اس سے پانی پی لیا۔ میں حیران ہوا تو پھر آپ نے مجھے دیکھ کر ارشاد فرمایا : ’’حیران نہ ہوں کیونکہ میں نے آپ کے نانا جان کو ایسے ہی کرتے ہوئے دیکھا جیسے تم مجھے کرتا دیکھ رہے ہو۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسی طرح وضو فرماتے اور آپ وضو کا بچا ہوا پانی کھڑے ہو کر پیتے تھے۔‘‘
نسائی، السنن، کتاب الطهارة، باب صفة الوضوء، 1 : 51، 52، رقم : 95

اس وضو کے کیا کہنے جو شہنشاہِ ولایتِ علم و حکمت کی سلطنت کے بادشاہ جناب حیدرِ کرار
علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے اپنی اولادِ پاک کو سکھایا۔ اور اس طرح سے بیان فرمایا کہ ہر کسی کو با آسانی سمجھ آجائے۔ اللہ تعالٰی اپنے ان پیاروں کے صدقے ہمیں شرعی احکام کو اچھی طرح سے سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق دے۔آمین۔

وضو کی کچھ مزید تشریح و تفصیل حاضر ہے۔

وضو کے فرائض:

وضو کے چار فرائض ہیں :
1. چہرے کا دھونا : چہرے کی گولائی، لمبائی کے حدِ طول کے لحاظ سے پیشانی کی سطح کے شروع ہونے کی جگہ سے لے کر ٹھوڑی کے نیچے تک ہے اور عرض (چوڑائی) کے لحاظ سے وہ تمام حصہ جو دونوں کانوں کی لَو کے درمیان ہے۔
2. دونوں ہاتھوں کا کہنیوں تک دھونا
3. چوتھائی سر کا مسح کرنا
4. پاؤں کا ٹخنوں سمیت دھونا
مسلم، الصحيح، کتاب الطهارة، باب استحباب اطالة الغرة والتحجيل فی الوضو، 1 : 216، رقم : 246

مذکورہ چاروں فرائض میں سے کوئی ایک بھی چھوٹ گیا تو وضو مکمل نہیں ہو گا۔

وضو کی سنتیں:

وضو میں سولہ چیزیں سنت ہیں (1) وضو کی نیت کرنی (2) بسم اللہ پڑھنا (3) پہلے دونوں ہاتھوں کو تین دفعہ دھونا (4) مسواک کرنا (5) داہنے ہاتھ سے تین مرتبہ کلی کرنا (6) داہنے ہاتھ سے تین مرتبہ ناک میں پانی چڑھانا (7) بائیں ہاتھ سے ناک صاف کرنا ( 8 ) داڑھی کا انگلیوں سے خلال کرنا (9) ہاتھ پاؤں کی انگلیوں کا خلال کرنا (10) ہر عضو کو تین تین بار دھونا (11) پورے سر کا ایک بار مسح کرنا (12) ترتیب سے وضو کرنا (13) داڑھی کے جو بال منہ کے دائرہ کے نیچے ہیں ان پر گیلا ہاتھ پھیرا لینا (14) اعضاء کو لگاتار دھونا کہ ایک عضو سوکھنے سے پہلے ہی دوسرے عضو کو دھولے (15) کانوں کا مسح کرنا (16) ہر مکروہ بات سے بچنا۔
( عالمگیری و بہار شریعت)

وضو کا عملی طریقہ:

مسنون طریقہ تو یہی ہے کہ کسی مٹی کے برتن میں پانی لے کر وضو کیا جائے مگر فی زمانہ یہ سنت نبھانا مشکل ہو رہا ہے۔ تاہم عشاقانِ رسول ﷺ تو اپنے آقا ﷺ کی ہر سنت کی اتباع کا بھر پور اہتمام کرتے ہیں۔ قبلہ رخ ہو کر بیٹھیں، اگر واش بیسن پر ہوں تو پھر بھی کوشش کریں کہ قبلہ رو ہو جائیں ۔ وضو کا پانی پاک جگہ گرائیں اور وضو کرنے سے پہلے بسم اللہ شریف پڑھ لیں۔ پھر دونوں ہاتھ پہنچوں تک تین بار دھوئیں اور اس کا خیال رکھیں کہ انگلیوں کی گھائیاں اور کروٹیں پانی بنے سے تر ہو جائیں ورنہ وضو نہ ہوگا۔ پھر تین مرتبہ مسواک کریں، پھر تین بار اس طرح کلی کریں کہ منہ کی تمام جڑوں اور دانتوں کی سب کھڑکیوں میں غرض ہر بار منہ کے اندر اور ہر پرزہ پر پانی بہہ جائے اور روزہ نہ ہو تو غرغرہ کریں اور کلی یا غرغرہ داہنے ہاتھ سے پانی لے کر کریں۔ پھر بائیں ہاتھ کی چھنگلی ناک میں ڈال کر ناک صاف کریں اور تین چلو سے تین بار ناک میں پانی چڑھائیں کہ جہاں تک نرم گوشت ہوتا ہے ہر بار اس پر پانی بہہ جائے۔ اور روزہ نہ ہو تو ناک کی جڑ تک پانی پہنچائیں۔ یہ کام داہنے ہاتھ سے کریں۔ پھر منہ دھونے کےلئے دونوں ہاتھوں سے ماتھے کے سرے پر ایسا پھیلا کر پانی ڈالیں کہ اوپر کا بھی کچھ حصہ دھل جائے اور دونوں رخسار ساتھ ہی ساتھ دھوئیں اور منہ پر پانی لمبائی میں پیشانی کے بالوں کی جڑوں سے تھوڑی کے نیچے تک اور چوڑائی میں ایک کان سے دوسرے کان تک بہائیں۔ پھر پہلے داہنا پھر بایاں، دونوں ہاتھ کہنیوں تک اس طرح دھوئیں کہ پانی کی دھار ناخنوں سے کہنیوں تک برابر پڑتی چلی جائے اور اس کا خیال رکھیں کہ ایک رونگٹا بھی خشک نہ رہے۔ اگر پانی کسی بال کی جڑ کو تر کرتا ہوا بہہ گیا اور اوپری حصہ خشک رہ گیا تو وضو نہ ہوگا۔ تمام اعضاء پر پانی بہانے کے بعد خوب مل لیں اور یقین کر لیں کہ اعضاء اچھی طرح گیلے ہو گئے ہیں۔ پھر پورے سرکا مسح کریں اور اس کا طریقہ یہ ہے کہ دونوں ہاتھوں کا انگوٹھا اور کلمہ کی انگلی چھوڑ کر ایک ہاتھ کی باقی انگلیوں کا سرا دوسرے ہاتھ کی تینوں انگلیوں کے سرے سے ملائیں اور پیشانی کے بال پر رکھ کر گدی تک اس طرح کھینچتے ہوئے لے جائیں کہ ہتھیلیاں سر سے جدا رہیں۔ وہاں سے ہتھیلیوں سے مسح کرتے ہوئے پیشانی تک واپس لائیں اور کلمہ کی انگلی کے پیٹ سے کانوں کے پیٹ کا اور انگوٹھوں کے پیٹ سے کانوں کی پشت کا اور انگلیوں کی پشت سے
گردن کا مسح کریں۔

پھر تین تین بار پہلے دایاں، پھر بایاں، دونوں پاؤں ٹخنے کے اوپر نصف پنڈلی تک دھوئیں اور دھونے میں ہر بار پانی پاؤں کے ناخنوں کی طرف سے گٹوں کے اوپر تک لائیں کہ سنت یہی ہے اور پاؤں کی انگلیوں کا خلال بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے کریں۔ وضو کے بعد بچا ہوا پانی کھڑے ہو کر قبلہ کی طرف منہ کر پی لیں کہ اس میں شفاء ہوتی ہے۔

وضو، غسل ، نماز اور دیگر بنیادی شرعی و فقہی مسائل سے آگاہی کے لئیے مکتبۃ المدینہ (دعوتِ اسلامی) کی شائع کر دہ کتاب "نماز کے احکام" دورِ حاضر کے اردو زبان میں بہترین کتاب ہے۔ تمام قارئین سے گذارش ہے کہ یہ کتاب گھر میں ضرور رکھیں۔ اس کے علاوہ صدر الشریعہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ کی عظیم تصنیف "بہارِ شریعت" فقہی علوم کا بہت بڑا ذخیرہ ہے۔ ایک مسلمان کی زندگی میں پیش آنے والے تمام فقہی و شرعی مسائل کا حل اس کتاب میں موجود ہے۔ دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ نے "بہارِ شریعت" کو آسان اردو، بہترین کتابت اور جلد میں شائع کیا ہے۔ پاکستان، ہندوستان میں یہ کتب با آسانی دستیاب ہیں۔ دیگر مختلف زبانوں میں بھی ان کا ترجمہ کیا جاچکا ہے۔ یہ کتب دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ڈاؤنلوڈ بھی کی جا سکتی ہیں اس کے لئیے آپ کے کمپیوٹر میں پی ڈی ایف اور ایڈوب ایکروبیٹ کے سافٹ وئیر انسٹال کرنا ضروری ہیں۔

اگر کسی جگہ پر کوئی غلطی نظر آئے تو ضرور مطلع فرمائیں، میں اصلاح کرنے پر آپ کا مشکور بھی ہوں گا اور ڈھیروں دعاؤں کا تحفہ بھی ارسال کروں گا۔ اللہ تعالٰی ہم سب کو احکامِ شریعت سیکھنے، سمجھنے اور عام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس عملِ خیر کے صدقے میں ہماری مشکلات آسان فرمائے اور گناہوں سے نجات عطا کرے۔ آمین ۔

سبحانک اللھم وبحمدک اشہد الا الہ الا انت استغفرک واتوب الیک.

رابطہ کے ذرائع

Email: [email protected]

Skype: mi.hasan

Facebook Page: https://www.facebook.com/elaj.roohani
 
Iftikhar Ul Hassan Rizvi
About the Author: Iftikhar Ul Hassan Rizvi Read More Articles by Iftikhar Ul Hassan Rizvi: 62 Articles with 237816 views Writer and Spiritual Guide Iftikhar Ul Hassan Rizvi (افتخار الحسن الرضوی), He is an entrepreneurship consultant and Teacher by profession. Shaykh Ift.. View More