ایک خاص دن 11مئی کے لیے ایک خاص دعا

اے ساری کائنات کے واحد مالک، اے رحمان و رحیم ، اے غفار و قہار !
آپ تو جانتے ہیں کہ اس اسلامی مملکت کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی تھی جس کی خاطربرصغیر پاک و ہند کے لاکھوں مسلمانوں نے نہ صرف اپنی عیش و عشرت والی زندگی قربان کی بل کہ اپنی جان تک نچھاور کر دی ۔آج اسی کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے ملک میں ایک اہم دن ہے ، آج اسی ملک میں الیکشن ہونے ہیں اور آج کے دن اس اسلامی جمہوریہ پاکستان کے لیے حکمران چنا جانا ہے جس کے لیے طلب گار تو بہت مگر آپ کے پسندیدہ دین اور آپ کے لاڈلے پیغمبرحضرت محمد ﷺکی امت کے ساتھ مخلص، خیر خواہ اور درد دل رکھنے والے بہت کم۔

اے غفور و رحیم !

آپ کی صفات میں ایک صفت رحم کرنا ہے اور اگر آپ نے ہم پر رحم نہ کیا تو ہم کہاں جائیں گے ؟ کس سے رحم کی اپیل کریں گے ؟پس رحم کرنے والے ہم پررحم فرما کہ ہم بہت لاچار ہیں ، کمزور ہیں ۔ہم سے قدم قدم پر گناہ سرزد ہوتے ہیں ،ہم نے اس دھرتی کے ساتھ کیا انصاف کرنا ہم نے تو اپنے آپ کے ساتھ بھی انصاف نہ کیا ۔ہم آپ سے حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ اور حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اﷲ علیہ جیسے حکمران تو مانگتے ہیں مگر ۔۔۔۔۔مگرہم ویسی رعایا نہیں بننا چاہتے کہ جیسی رعایا حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کی تھی یا جیسی رعایا حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اﷲ علیہ کی تھی۔

اے کائنات کے واحد مالک!
ہم نے اپنے ذاتی مفادات، علاقائی تعصبات ، فرقہ واریت اور قومیت کی بنیاد پر اپنے لیے ایسے حکمران چن لیے ہیں جن کا تعلق نہ آپ کے پسندیدہ دین کے ساتھ ہے اور نہ آپ کے پیارے حبیب حضرت محمد ﷺ کی امت کے ساتھ۔جو انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں کہ جن کے کارنامے سن کر یا دیکھ کر سر شرم سے جھک جاتے ہیں ۔ہم نے اپنے اپنے فائدے کے لیے ایسے ایسے عوامی رہنما چنے جن کا تعلق عوامی فلاح و بہبود سے کم جب کہ اپنی فلاح و بہبود سے زیادہ تھا جس کی وجہ سے ہم 65سال ظلم و زیادتی کی ایسی چکی میں پستے گئے کہ اب ہمیں ہر طرف مایوسی ہی مایوسی نظر آتی ہے۔بس آپ ہمیں اس مایوسی سے نجات دلائیں کہ ہمیں آپ کے علاوہ کوئی نجات دہندہ نظر نہیں آتا ہے۔

اے ہمارے مالک!
ہم 65سال سے ظلم و زیادتی ،نفرت ، تفرقہ بازی ، بے گناہ قتل و غارت کے عذابوں میں مبتلا ہیں ،اسلام کو رسوا کیا جارہا ہے ۔ اب ہم ان سے شرمندہ ہیں کہ جنہوں نے اسلام کے نام پر یہ ملک حاصل کرنے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کیا۔ہمیں ان عذابوں سے نجات دلا، ہمیں مایوسی سے نجات دلا ،ہمیں ذہنی و باطنی طور پر اسلام کا داعی و خیر خواہ بنا۔

اے اﷲ ! اے عطا کرنے والے!
ہمیں ایسے حکمران عطا فرما جو اس ارض پاک میں تیرے دین کا بول بالا کر سکیں ، جو مزید اس ارض پاک کو ٹکڑوں میں تقسیم نہ کریں ، جو اس ارض پاک کے باسیوں کا سر فخر سے بلند کر سکیں ، جو باہمی نفرتوں کا خاتمہ کرسکیں ،جو اس ارض پاک میں پیار و محبت ، امن و خوشی ، الفت ، عزت و احترام ،عزت نفس کی فضا ء کو قائم کر سکیں ۔

اے پروردگار!
ہمیں ایسے حکمران عطا فرما کہ جو اس دھرتی پر قانون کا بول بالا کرسکیں ،کرپشن ، ظلم ، زیادتی ، جبر ، افلاس ، غربت کا خاتمہ کر سکیں کہ ہم مزید نوجوانوں کا بے جا قتل نہیں برداشت کر سکتے ، نہ ہی ہم غیر ملکی قاتلوں کے مزید متحمل ہو سکتے کہ ہم معصوم بچوں ، نوجوانوں ، عصمت وعفت کی پیکر خواتین اور بزرگوں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر نڈھال ہو چکے ہیں ، ہم مزید بہنوں کو درندوں کے ہاتھوں فروخت ہوتا نہیں دیکھ سکتے ، ہم آپ کے پسندیدہ دین کے رکھوالوں کے خون سڑکوں پر بہتا نہیں دیکھ سکتے ۔

اے رب کریم!
ہمیں ایسے حکمران عطا فرما جو ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کے ضامن ہوں ، جو ہمارے نوجوانوں کے لیے باعث فخر ہوں ، جو ہمارے بزرگوں کے لیے سہارہ ہوں ، جو ہماری ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں کے لیے محمد بن قاسم ہوں ۔

اے معاف کرنے والے!
ہم آپ سے معافی کے طلب گار ہیں کہ آپ کے سوا معاف کرنے والا کوئی نہیں ہے اور اگر آپ نے معاف نہ کیا تو ہم کس کے در پر جائیں گے ؟آپ کے سوا ہمارا کون ہے کہ جس کے آگے ہم ہاتھ پھیلائیں اور آپ کے علاوہ ہمارا کون ہے جس سے ہم مدد مانگیں ؟لہٰذا آپ ہمیں ایسی معافی عطا فرمائیں کہ جس کے بعد گناہ کی طرف جانا تو دور کی بات سوچنا بھی نصیب نہ ہو۔

اے روز قیامت کے مالک!
ہمیں آج کے دن ایسے حکمران عطا فرما جو اس ملک میں آپ کی مدد سے عوام کو وہ خوشحالی دیں کہ جس کا نعم البدل نہ ہو ،ہم اتنے خطا کار و گناہ گارہیں کہ ہم تو آپ سے مانگنے کے حق دار بھی نہیں مگر ہمارا کون ہے جو ہمیں اس گھٹا ٹوپ مایوسی سے نکال سکے ، آپ ہی تو کہتے ہیں کہ ’’مجھ سے مانگومیں ہی دوں گا‘‘پس۔۔۔۔اے رحمان و رحیم ہمیں آج کے دن حقیقی عوامی راہنما عطا فرما تاکہ ہم مایوسی کے اس گھٹا ٹوپ اندھیرے سے نکل سکیں ۔آمین ثم آمین
Nusrat Aziz
About the Author: Nusrat Aziz Read More Articles by Nusrat Aziz: 100 Articles with 79428 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.