دیدارالٰہی اورامام اہل سنت کا مبارک فتویٰ

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ شب معراج نبی ﷺ کا اپنے رب کو دیکھنا کس حدیث سے ثابت ہے ؟
الجواب:امام احمد اپنی مسند میں حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں میں نے اپنے رب عزوجل کو دیکھا۔ حضرت امام جلال الدین سیوطی علیہ الرحمۃ والرضوان’ خصائص کبریٰ‘ اور علامہ عبدالروف علیہ الرحمہ شرح جامع صغیر میں فرماتے ہیں یہ حدیث بسند صحیح ہے ۔ابن عساکر حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے راوی حضور سید عالم ﷺ فرماتے ہیں بے شک اللہ تبارک وتعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کو دولت کلام بخشی اور مجھے اپنا دیدار عطا فرمایا اور مجھ کو شفاعت کبریٰ اور حوض کوثر سے فضیلت بخشی۔ محدث ابن عساکر حضرت عبداللہ ابن مسعود سے راوی ہے رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں مجھے رب عزوجل نے فرمایا: میں نے ابراہیم کو اپنی دوستی دی اور موسیٰ سے کلام فرمایا اور تمہیں اے محمد مواجہ بخشا کہ بے پردہ تم نے میرا دیدار کیا اور جمال پاک دیکھا۔ مجمع البحار ہے کہ اللہ تعالیٰ اور حضور ﷺ کے درمیان نہ کوئی پردہ تھا اور نہ کوئی دوسرا نبی ورسول۔ حضرت اسماء بنت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے میں نے سنا رسول اللہ ﷺ سدرۃ المنتھٰی کا وصف بیان فرماتے تھے۔ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺحضور نے اس کے پاس کیا دیکھا؟ فرمایا: مجھے اس کے پاس اس کا دیدار ہوا۔ترمذی شریف میں حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہا سے مروی ہے ہم بنی ہاشم اہل بیت ہے رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں کہ بے شک محمد ﷺ نے اپنے رب کو دوبار دیکھا۔ حضرت عکرمہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے حضرت عبداللہ ابن عباس رضی ا للہ عنہما نے فرمایا حضرت محمد ﷺ نے اپنے رب کو دیکھا۔ عکرمہ ان کے شاگرد کہتے ہیں میں نے عرض کیا ،کیاحضرت محمد ﷺ نے اپنے رب کو دیکھا؟فرمایا ہاں اللہ تعالیٰ نے موسیٰ کے لئے کلام لکھا اور ابراہیم کے لئے دوستی اورحضرت محمد ﷺ کے لئے دیدار، بے شک حضرت محمد ﷺ نے اللہ تعالیٰ کو دوبار دیکھا۔ امام ترمذی فرماتے ہیں یہ حدیث حسن ہے۔
Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 684882 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More