نماز

ان الصلوٰ ت تنھیٰ عن الفحشا ء والمنکر
یقیناً نماز روکتی ہے بے حیائی اور ان کاموں سے جن سے روکا گیا ہے۔اس فرمان کی سچائی اور لاریب ہونے میں کوئی شک نہیں لیکن اس فرمان کو اس کے اصل معنوں میں نہیں سمجھا گیا۔ تصور ہی کر لیا گیا کہ اگر کوئی شخص نماز ادا کرنا شروع کر دے تو وہ تمام برائیوں سے بچ جاتا ہے جبکہ اس فرمان کی اصل روح یہ نہیں کیونکہ عملی زندگی میں ہم دیکھتے ہیں کہ ایک شخص سارا دن جھوٹ بولتا ہے،بے ایمانی کرتا ہے، لوگوں کا حق مارتا ہے، سود کا کاروبار کرتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ نماز پنجگانہ بھی با قاعدگی سے ادا کرتا ہے لیکن اس کے اعمال میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ نمازیں بھی پڑھے جاتا ہے اور تمام غلط کام بھی کئے جاتا ہے۔اس کی کیا وجہ ہے؟ نماز اسے منکرات سے کیوں نہیں روک رہی؟ اصل میں اللہ تعالٰی نے اس کے لیے ایک کلیہ یعنی طریقہ کار وضع کیا ہے جس کے بغیر کامیابی کا امکان نہیں ہے۔

آپ جانتے ہیں اوائل اسلام کے دور میں عرب شراب کے بہت رسیا تھے ہر گھر میں شراب کے مٹکے موجود ہوتے اور ان پر فخر کیا جاتا تھا دین میں جبر نہیں اللہ تعالٰی نے سب سے پہلے ان کے ذہنوں میں ایک سوچ اور فکر پیدا کی نبی اکرم نے ارشاد فرمایا کہ شراب میں تمہارے لیے فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہے۔ ایک سوچ پیدا ہوئی کہ شراب کے نقصانات بھی ہیں اس کے بعد ایک آیت میں ارشاد ہوا کہ مت جاؤ نماز کے قریب جب تم حالت نشہ میں ہو۔ جو لوگ ایمان لا چکے تھے اور طنبی مرسل کی صحبت میں بیٹھنا اور ان کی امامت میں نماز کی ادائیگی پر فخر محسوس کرتے تھے انہوں نے اس وجہ سے شراب پینا بند کر دیا کہ اگر وہ شراب پیئیں گے تو نبی اکرم کی صحبت اور ادائیگی نماز سے محروم رہ جائیں گے۔اندازہ کیجیے کہ ایک شخص اپنی شراب کی عادت اس وجہ سے چھوڑ رہا ہے کہ وہ نماز سے محروم نہ رہ جائے۔ ہم کہ سکتے ہیں کہ اصل میں نماز نے اسے شراب نوشی سے روکا۔ یہی طریقہ ہے کہ کوئی بھی قبیح عمل کرنے سے پہلے سوچا جائے کہ اگر میں نے جھوٹ بولا تو میری نماز نہیں ہو گی اور نماز بچانے کے لیے جھوٹ سے اجتناب برتے، اگر میں نے کسی کا حق مارا تو میری نماز نہیں ہو گی اور کسی کی حق تلفی سے باز رہے، اگر میں نے کسی کا دل دکھایا تو میری نماز نہیں ہو گی اور کسی کا دل نہ دکھائے۔ یہی طریقہ ہے جس کے لیے فرمان ہے کہ نماز روکتی ہے بے حیائی اور منکرات سے۔ایسا ہرگز نہیں کہ آپ نماز بھی پڑھتے رہیں اور سوچیں کہ نماز آپ کو خود بخود ان برائیوں سے روک لے گی اپنے ذہنوں میں سوچ پیدا کرنا ہوگی اور درست سوچ کے ساتھ نماز ادا کرنا ہوگی۔ اللہ تعالٰی ہر شخص کو توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
Niaz-ul-Haque Pasha
About the Author: Niaz-ul-Haque Pasha Read More Articles by Niaz-ul-Haque Pasha: 3 Articles with 4916 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.