ہم بچپن سے یہ محاورہ سنتے آرہے
ہیں کہ "نیکی کر دریا میں ڈال" مگریہاں تواس کے برعکس ہوتا ہے۔سب سے پہلے
توآج کے اس نفسا نفسی کے عالم میں کسی انسان کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ
کسی وہ غریب کی مدد کرسکے اور اگر کوئی انسان کسی کی مدد کر بھی دے تو
چندافراد ہیں جو اس محاورے پر پورا اترتے ہیں ورنہ زیادہ تر لوگ تو دریا
میں ڈالنے کی بجائے دنیا کے سمند ر میں چیخ چیخ کر سب کو بتاتے ہیں اور جس
شخص نے مدد مانگی ہوتی ہے وہ ساری زندگی ایسے لوگوں کے سامنے شرمندہ ہوتا
رہتاہے۔وہ یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہے کہ اس سے بہترتو بھوکھا مرنا منظور
ہے مگر ایسے لوگوں سے مدد کبھی نہ مانگے۔
جس چیز نے مجھے یہ کالم لکھنے پر مجبور کیا اور جو حقیقت پر مبنی بھی ہے وہ
میں اپنے اس کالم کے ذریعے اپنے قارئین سے شئیر کرنا چاہتا ہوں ۔ ہوسکتا ہے
شاید میرے اس کالم کی بدولت بہت سے گمراہ لوگ اپنی سوچ کو بدل کر راہ راست
پر آجائیں۔ عید الضحیٰ کے دن جن لوگوں پر قربانی واجب ہوتی ہے وہ اپنی
حیثیت کے مطابق قربانی کا فرض ادا کرتے ہیں۔قربانی سنت ابراہیم بھی ہے جو
اﷲ تعالیٰ کی رضا کے لیے کی جاتی تھی۔ ہر کوئی صاحب استطاعت شخص سنت
ابراہیم کو پورا کرنے کے لیے قربانی کا جانور خریدتاہے اور پھر دس ذوالحج
کو اس کو ذبح کرکے اس سنت کو ادا کرتا ہے۔
آج کل کے اس دور میں سنت ابراہیمی کو بھی دنیا داری کے طریقے سے ادا کیا
جارہا ہے۔ قربانی کا فرض دیکھا دیکھی کی بنا پر ادا کیا جارہا ہے۔ ہرشخص
اپنے عزیز واقارب اورمحلے داروں کو نیچا دکھانے کے لیے جانور مہنگے سے
مہنگا خریدتا ہے۔ان کوشش ہوتی ہے کہ ہمارا جانور زیادہ مہنگا ہوتاکہ رشتے
داروں اور محلے داروں میں ہمارا نام سب سے اونچا ہو۔کچھ ایسے لوگ بھی ہوتے
ہیں جو مہنگا جانور نہیں خرید سکتے اس لیے وہ عید سے ایک دن پہلے جانور لے
کر آتے ہیں اور عید والے دن قربان کرتے ہیں۔ جولوگ مہنگا جانور خرید کرلاتے
ہیں وہ ہر روزاُس جانور کو پورے محلے میں گھوماتے پھرتے ہیں تاکہ سب کو
معلوم ہوجائے کہ انہوں نے کتنا مہنگا جانور قربانی کے لیے خریدا ہے؟
جب کہ اسلام میں جانور کی قیمتی ہونے یا نہ ہونے سے کوئی سروکار نہیں اگر
آپ نے 10 ہزار کا جانور لیا ہے یا10 لاکھ کااس کا سنت ابراہیمی سے کوئی
تعلق نہیں۔ قربانی تو نیت پر ہوتی ہے۔ اگر آپ نے وہ جانور دنیا دکھاوے کے
لیے لیا ہے تو اس کا اجر بھی دنیا ہی ملے گیا کیونکہ آپ کا اور آپ کے جانور
کا چرچا پورے محلے میں ہورہا ہوتاہے اورہر کوئی آپ کی بڑائی کررہا ہے اور
یہی کچھ ایسے لوگ چاہتے ہیں۔ اﷲ کوتو آپ کی نیت سے غرض ہے اس کے جانور کی
خوبصورتی یا وزن سے نہیں۔ جس غریب نے اسلام کے بتائے ہوئے طریقہ کار کے
مطابق جانور خریدا خواہ وہ پانچ ہزار کا ہی کیوں نا ہواﷲ کو تو اس کی وہ
قربانی قبول ہے۔
اکثراسلامی تہواروں پر بچوں کی خواہش ہوتی ہیں کہ وہ اس کو اچھی طرح منا
سکیں ۔ انہیں اپنے گھریلو مالی حالات کا اندازہ نہیں ہوتا۔وہ بضد ہوتے ہیں
کہ ان کی خواہش کو پورا کیاجائے مگر غربت ان کے آڑے آجاتی ہے۔ میڈیا کے
ذریعے یہ خبر عام ہوتی ہے کہ فلاں شخص نے بچوں کی خواہشات پوری نہ ہونے پر
خودکشی کرلی۔اگرصاحب حیثیت لوگ بیش قیمت جانور خریدنے کی بجائے ایسے غریب
لوگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کم قیمت پر جانور خرید کر ان غرباء کو بھی
خوشیوں میں شامل کرلیں تو سنت بھی ادا ہوجائے گی اور غرباء کی خوشیاں بھی
دوبالا ہوجائیں گی۔
دنیا دار قربانی کرنے والوں کی سوچ ادھر ہی ختم نہیں ہوتی بلکہ جب قربانی
کے بعد گوشت کی تقسیم کی باری آتی ہے تواس میں بھی اﷲ کی بجائے دنیا داری
کو ہی اہمیت دیتے ہیں۔سب سے پہلے تو اچھا اچھا گوشت اپنے فریزر میں رکھ
لیتے ہیں۔اس کے بعد جب باہرگوشت تقسیم کرنے کی باری آتی ہے تو اس میں سے
بھی جوکچھ اچھا گوشت ہوتا ہے وہ اپنے خاص دوستوں کے گھر بھیج دیا جاتا
ہے۔بعدمیں جو ہڈی ۔چربی اور بچا کچا گوشت رہ جاتا ہے وہ دوچار غریبوں میں
تقسیم کرکے اس فرض کوپورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جبکہ میں نے تو یہ سنا ہے
کہ اسلام کے مطابق قربانی کرنے کے بعد گوشت کے تین حصہ کیے جاتے ہیں۔ ایک
اپنے لیے ، ایک رشتہ داروں کے لیے اور ایک غریبوں کے لیے ( اگر کمی پیشی ہو
تو تصدیق کر دیجئے گا)۔
عید کے بعد یہ باتیں بھی سننے کو ملتی ہیں کہ ہم نے فلاح کے گھراتنا گوشت
بھیجا تھا اس کے مقابلے میں انہوں نے بہت تھوڑا گوشت بھیجا ہے آئندہ ہم بھی
کم گوشت بھجیں گے اور جو حصہ غریبوں کے لیے ہوتا ہے یعنی جو اس کے اصل
حقدار ہوتے ہیں ان کو ہم دروازے سے دھتکار دیتے ہیں۔ اور پھر عید کے بعد
ایک دو ماہ تک خوب گوشت کھاتے ہیں۔
کیا سنت ابراہیمی اس کا نام ہے؟ حضرت ابراہیم ؑ نے اﷲ کی رضا کے لیے اپنے
بیٹے کو قربان کردیا تھا ۔ اﷲ تعالیٰ کو بھی اچھی چیز پسند ہیں مگر ہم آج
قربانی میں سے اچھاگوشت اپنے لیے محفوظ کرلیتے ہیں اور جو ناپسندیدہ ہو وہ
غریب غرباء میں تقسیم کردیتے ہیں۔اسلام میں ایسا کہاں لکھا ہے کہ قربانی
میں اچھی چیز اپنے لیے اور ناپسندیدہ چیز اﷲ کی راہ میں دے دو۔
اﷲ تعالیٰ ہمیں سچی اور اچھی نیت سے قربانی کرنے اور اس کا گوشت حق داروں
میں تقسیم کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔ |