اللہ تعالیٰ کی پیدا کردہ کئی غذائیں دوا کی بھی حیثیت
رکھتی ہیں۔ یہی وجہ ہے، بعض اوقات کوئی غذا کھا لینے سے خلافِ توقع لاحق
بیماری جاتی رہتی ہے یا کم از کم افاقہ ضرور ہوتا ہے۔ دراصل غذاؤں میں
معدنیات اور وٹامن کے علاوہ ایسی غذائیات بھی موجود ہوتی ہیں جو ہمارے نظام
ِ مامون کو تقویت پہنچاتی، جسم میں سوزش کم کرتی اور امراض دور بھگاتی ہیں۔
ذیل میں ایسی ہی غذاؤں کا بیان پیش ہے جو مخصوص بیماریوں میں فائدہ پہنچاتی
ہیں۔
|
خراب گلا اور کھانسی
اس کیفیت میں رسول کریمﷺ کی پسندیدہ غذا، شہد استعمال کیجیے۔ شہد میں موجود
جراثیم کش اور ضد تکسیدی خصوصیات اُسے مؤثر غذا بنا ڈالتی ہیں۔ یہ خصوصاً
خراب گلا درست کرتا اور کھانسی کو مار بھگاتا ہے۔ ایک پیالی نیم گرم چائے
میں دو چھوٹے چمچ شہد ملائیے اور پی جائیے۔ یہ نسخہ ہر دو تین گھنٹے بعد
استعمال کیجیے، صحت یاب ہو جائیں گے ۔ شہد کو آپ دہی، سلاد اور مختلف
غذاؤں یا مشروبات میں بھی ملا کر استعمال کرسکتے ہیں۔ |
|
ڈپریشن
یہ بیماری انسان کو عموماً اس وقت چمٹتی ہے جب جسم میں ایک خلویاتی مادے،
سیروٹونین کی کمی واقع ہوجائے۔ یہی نیوروٹرانسمیٹر ہمارا موڈ کنٹرول کرتا
اور گھبراہٹ و بے چینی کو مار بھگاتا ہے۔ سیروٹونین کی مقدار، بڑھانے اور
اُسے قابو کرنے کے لیے کاربو ہائیڈریٹ کے اچھے گروپ میں شامل غذائیں
کھائیے۔ان غذاؤں میں آلو اور گندمی (ثابت) چاول شامل ہیں۔ اگر آپ ڈپریشن
کا شکار ہیں، تو چند دن روزانہ ایک پیالی گندمی چاول تناول کیجیے، افاقہ
ہوگا۔
|
|
ورزش کی اکڑن
بعض اوقات پہلی دفعہ ورزش کرنے یا وزن اُٹھانے سے جسم درد کرنے لگتا ہے۔
عضلات اکڑ جاتے ہیں اور پھر ورزش کرنے کو جی نہیں چاہتا۔اس تلخ کیفیت کو
ادرک کی مدد سے دور کیجیے۔ دراصل ماہرین کا کہنا ہے، ادرک میں شامل ضد
تکسیدی مادوں کی ایک قِسم، گینگرول (Gingerols) انسانی جسم میں سوزش کم
کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کا اثر مشہور درد کش دوا،آئبوپروفن سے ملتا
جلتا ہے۔ ایک تجربے میں سخت ورزش کرنے والوں کو ڈیڑھ ہفتوں تک دو گرام (تقریباً
دو چھوٹے چمچ) ادرک روزانہ کھلائی گئی۔ انھوں نے دوران استعمال 25 فیصد تک
کم درد محسوس کیا جبکہ ادرک نہ کھانے والوں نے کافی تکلیف محسوس کی۔ لہٰذا
آپ ورزش کا آغاز کرنے لگے ہیں، تو اعصابی درد سے بچنے کی خاطر ادرک
کھائیے۔ اِسے بھی مختلف طریقوں سے کھانا ممکن ہے۔
|
|
نیند کی کمی
وجہ کوئی بھی ہو، نیند نہ آنا مستقل دردِ سر بن جائے، تو انسان کی زندگی
تباہ ہوجاتی ہے۔ نیند ہی کی بدولت انسان کو نئی توانائی اور مشکلاتِ حیات
سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ ملتا ہے۔ ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ نیند کی
کمی کا شکار جن مرد و زن نے کیوی پھل(Kiwi fruit)کھایا، وہ جلد نیند کی
وادی میں پہنچ گئے۔ دراصل یہ پھل ہمارے بدن میں نیند لانے والے
نیوروٹرانسمیٹر،سیر و ٹونین کی تعداد بڑھا دیتا ہے۔ لہٰذا سیروٹونین بڑھنے
سے انسان نہ صرف جلد سوتا ہے، بلکہ نیند کی کوالٹی بھی اچھی ہوتی ہے۔
|
|
سینے کی جلن
کھانا کھانے کے بعد ہزارہا مرد و زن اپنے سینے یا معدے میں
جلن(Heartburn)محسوس کرتے ہیں۔ یہ طبی کیفیت بھی ان بیماریوں میں شامل ہے
جنھیں ڈاکٹر صحیح طرح نہیں سمجھ سکے۔ یہ کیفیت مختلف وجوہ کی بنا پر جنم
لیتی ہے۔ اس سے بچنے کا ایک علاج ریشے (Fiber)والی غذائیں زیادہ کھانا ہے۔
وجہ یہ ہے کہ ریشہ غذا کو نظام ہضم سے جلد گزار کر نکال باہر کرتا ہے۔ یوں
نظام ہضم میں موجود تیزابوں کو موقع نہیں ملتا کہ وہ غذا سے تعامل کر کے
کچھ گڑبڑ کریں جن میں سینے کی جلن بھی شامل ہے۔ ریشے سے بھر پور غذائوں میں
ثابت اناج، پھلیاں، بیریاں، مٹر، چنا ، السی کے بیج، ناشپاتی اور امرود
شامل ہیں۔ یہ سبھی غذائیں پیٹ کی مختلف بیماریوں میں افاقہ پہنچاتی ہیں۔
|
|
جلد پر جھریاں پڑنا
انسانی جسم میں مخصوص پروٹینی مادہ، کولاجن کم پڑجائے، تو جلد اپنی لچک کھو
بیٹھتی ہے۔ تب اس میں جھریاں بھی پڑنے لگتی ہیں۔ لہٰذا جلد کو لچکیلا بنانے
کی خاطر اس مادے کی جسم میں موجودگی ضروری ہے۔ ہمارے بدن میں وٹامن سی
کولاجن پیدا کرتا ہے، لہٰذا روز مرہ کھانے میں ایسی غذائیں مثلاً ہری مرچ،
کِنو یا مالٹا، امرود، شکر قندی، لیموں، لیچی وغیرہ شامل رکھیے جن میں
وٹامن سی کثیر تعداد میں ملتا ہے۔
|
|
نظر کی خرابی
انسان کی عمر جیسے جیسے بڑھتی ہے، وہ بینائی کے ایک اہم مرض، ماکولر ڈی
جینریشن (Macular degeneration)کا نشانہ بن جاتا ہے۔ اس مرض میں نظر دھندلا
جاتی ہے۔ تاہم انسان گوبھی اور سبز پتوں والی دیگر سبزیاں کھاتا رہے، تو اس
مرض سے بچ سکتا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ مذکورہ سبزیوں میں زانتھوفل (Xanthophyll)مادہ
ملتا ہے۔ یہی مادہ نہ صرف سبزیوں کو سبز رنگ عطا کرتا ہے بلکہ انسان کو
ماکولر ڈی جینریشن سے نجات بھی دلاتا ہے۔
|
|
کمزور اعصاب
اس حالت میں روزانہ ایک سیب کھانا مفید ہے اور یاد رکھیے، اس کا چھلکا مت
اتارئیے۔ سیب میں یرسولک (Ursolic) نامی تیزاب بکثرت پایا جاتا ہے۔ یہ
تیزاب ہمارے بدن میں دو ہارمون انسولین اور انسولین نما گروتھ فیکٹر1-پیدا
کرتا ہے۔ یہ دونوں ہارمون اعصاب کی نشو و نما میں اہم حصہ لیتے ہیں۔
|
|
دردِ شقیقہ
سر درد کی اس قسم میں کبھی کبھی اتنی شدید تکلیف ہوتی ہے کہ لگتا ہے، دماغ
ابھی پھٹ جائے گا۔ المیہ یہ ہے کہ ڈاکٹر اب تک نہیں جان پائے کہ یہ خلل
کیوں جنم لیتا ہے۔ تاہم تجربات و تحقیق سے حال ہی میں یہ ضرور انکشاف ہوا
کہ جن مردو زن میں میگنیشم معدن کم ہو، وہ اس بیماری میں زیادہ مبتلا ہوتے
ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ انسانی بدن میں میگنیشم کی کمی سے دماغ کے
اِردگرد موجود خون کی نالیوں میں اینٹھن اور انقباض جنم لیتا ہے۔ یہ عمل
پھر اعصاب شکن درد پیدا کرتا ہے۔ لہٰذا اس سے بچنے کے لیے ایسی غذائیں
کھائیے جن میں میگنیشم وافر مقدار میں موجود ہو۔ ان میں السی کے بیج، پستہ،
خشک خوبانی اور ثابت گندم نمایاں ہیں۔
|
|
پھولی ہوئی آنکھیں
کئی مرد و زن کی آنکھوں کے نیچے جلد پھول جاتی ہے۔ تب سیاہ حلقے بھی جنم
لیتے ہیں۔ ایسا دراصل جلد میں مائع بھرنے سے ہوتا ہے۔ اس حالت سے چھٹکارا
پانے کا آسان حل یہ ہے کہ چند ماہ سبز چائے پیجئے۔ یہ چائے دراصل پیشاب
آور ادویہ جیسے اثرات رکھتی ہے۔ اسی لیے سبز چائے پینے سے پورے جسم میں
غیر ضروری پھلاہٹ جاتی رہتی ہے۔ |
|
قوت ارتکاز کی کمی
انسان میں کولین (Choline) کی کمی کے باعث قوت ارتکاز کم ہوتی ہے۔ یہ غذائی
عنصر دماغ کی اس صلاحیت کو تقویت دیتا ہے کہ وہ اپنے احکامات پورے جسم میں
بخوبی بھجوا سکے۔ اسی صلاحیت کے کمزور ہونے سے انسان ارتکاز کی قوت کھو
بیٹھتا ہے۔ نیز کولین ہمارے خلیوں کو بھی صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ غذائی عنصر وٹا من بی گروہ کا حصہ ہے۔ کولین انڈے، مرغ اور گائے کے گوشت
میں پایا جاتا ہے۔ لہٰذا آپ قوت ارتکاز میں کمی محسوس کریں، تو چند دن
روزانہ ایک انڈا کھائیے یا گوشت استعمال کیجیے۔ افاقہ ہوگا۔
|
|