دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد، ناقابل تسخیر پاکستان کی ضمانت

پاکستان کی طرف سے حتف نصر کا جو کامیاب تجربہ اور عزم نو چہارم مشقیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہماری افواج اور دفاع سے وابستہ دیگر ادارے اپنے گھوڑے تیار رکھے ہوئے ہیں اور اپنا خون گرم رکھنے کے لئے جھپٹنے پلٹنے اور پلٹ کر جھپٹنے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔ عزم نوچہارم مشقوں میں تینوں مسلح افواج نے حصہ لیا۔ان مشقوں میں اینٹی ایئر کرافٹ گنوں ، ٹینکوں ، توپخانے ، ایئر ڈیفنس کے ساتھ ساتھ جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 طیاروں نے بھی اپنی کارکردگی کا بھرپور مظاہرہ کیا جبکہ ملٹی بیرل راکٹ لانچرز سے ہدف کو نشانہ بنانے کا براہ راست مظاہرہ بھی کیا گیا۔

یہ بھی قوم کے لیے خوشی اور فخر کی بات ہے کہ مشقوں میں زیادہ تر استعمال ہونے والے ہتھیار اندرون ملک تیار کئے گئے اور آج دنیا بھر میں اپنی جدت اور کارکردگی کے لحاظ سے اپنا منفرد مقام رکھتے ہیں۔ ان میں الخالد، الضرار ٹینک اور جدید لڑاکا طیارہ جے ایف 17تھنڈر خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر ڈرون گرانے کا مظاہرہ بھی کامیابی سے کیا گیا۔ موجودہ حالات میں کہ جب امریکہ کی طرف سے ڈرون حملوں کے ذریعے مسلسل پاکستان کی سالمیت کو کچلا جارہا ہے، یہ مظاہرہ انتہائی اہم تھا اور امریکہ اور دوسری طاقتوں کے لئے ایک پیغام کی حیثیت رکھتا ہے کہ پاکستان کے صبر اور لچک کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ پاکستان کی مسلح افواج اس تربیت اور ٹیکنالوجی سے لیس ہیں اور کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ دوسرا یہ کہ افواج پاکستان منتخب حکومت کی مکمل تائید و حمایت کرتی ہیں اورڈرون گرانے کے سلسلے میں حکومت کے فیصلے کی منتظر ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف بھی موجو دتھے، اور انہوں نے اپنے بیان میں افواج پاکستان کی مکمل تیاری اور صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی طور پر بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔ ایک طرف دہشت گردی کے عفریت نے ہمیں جکڑ رکھا ہے تو دوسری طرف غیرملکی ریشہ دوانیاں عروج پر ہیں۔ ایک طرف بنیا ہماری سلامتی کو نگل لینا چاہتا ہے تو دوسری طرف امریکہ افغانستان میں ہمارے لئے خطرات کی گھنٹی بجاتا جارہا ہے اور ڈرون حملوں کے ذریعے ہماری سالمیت کو روندھ رہا ہے۔ ان حالات میں افواج پاکستان کی یہ تیاریاں قوم کی امید اور آس ہیں اور وہ اس حوالے سے کافی مطمئن ہیں۔ ہماری افواج کی بہادری اور جدت پسندی دشمن کی آنکھ کا کانٹا ہے۔ یہ پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری اور عزم ہی تھا کہ بھارت نے بہت سے بہانے تراشنے کے بعد بڑی تعداد میں سرحدوں پر فوجیں جمع کیں مگر پھر اسے نامراد و ناکام ہی لوٹنا پڑا۔ اسے جرات نہ ہوئی کہ وہ ایک انچ بھی آگے بڑھ سکے۔

اسی طرح ہمارا یٹمی پروگرام اور میزائل سسٹم دشمنوں کی نیندیں حرام کئے ہوئے ہے مگر اسی کی بدولت ہمارے عوام چین کی نیند سوتے ہیں۔ پاکستان کی امریکی اور بھارتی عزائم کے پیش نظر یہ تیاریاں اور طاقت کا توازن قائم رکھنے کی پالیسی میں ہی ہماری سلامتی اور آزادی کا راز پوشیدہ ہے۔ میں آپ کے اخبار کی وساطت سے قوم، افواج پاکستان، سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور یہ درخواست کرتا ہوں کہ اگر ہم مختلف فرقہ بندی، لسانی، مذہبی، سیاسی اور نسلی امتیازات کو ختم کرکے وطن عزیز کے لئے متحد ہوجائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ اندرونی و بیرونی سازشیں فوری طورپر تہہ خاک ہوجائیں۔ آئیے ہم ٹکڑوں میں بٹ کر دشمن کو خوش کرنے کی بجائے، مل جل کر ان کی عزائم ناکام بنا دیں۔ (محمد امجد چوہدری، اسلام آباد)

Muhammad Amjad Ch
About the Author: Muhammad Amjad Ch Read More Articles by Muhammad Amjad Ch: 94 Articles with 63087 views Columnist/Journalist.. View More