ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دنیا کے 177 ممالک میں بدعنوانی
کے تصور سے منسلک اس سال کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان 28
پوائنٹس کے ساتھ 127 ویں مقام پر ہے جب کہ پڑوسی ملک بھارت 36 پوائنٹس کے
ساتھ 94 ویں نمبر پر ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں کہا گیا ہے کہ اقتدار کا غلط
استعمال، خفیہ سودے اور رشوت خوری عالمی سطح پر معاشروں کو برباد کر رہے
ہیں۔
|
|
جنوبی ایشیا میں افغانستان کی حالت سب سے خراب بتائی گئی ہے جسے
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی فہرست میں آٹھ پوائنٹس ملے ہیں اور وہ فہرست میں
175 ویں مقام پر ہے۔ گزشتہ سال بھی افغانستان کی یہی صورت حال تھی۔
بھارت کو مسلسل دوسرے سال یہی سکور ملا ہے جب کہ پاکستان میں گزشتہ سال کے
مقابلے بدعنوانی میں ایک پوائنٹ کی کمی واقع ہوئی ہے۔
فہرست کے مطابق 100 پوائنٹس والے ملک کو تقریباً بدعنوانی سے پاک سمجھا
جاتا ہے اور زیرو کا مطلب حالات ناگفتہ بہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فہرست میں شامل 177 ممالک میں سے دو تہائی اب بھی 50
پوائنٹس سے نیچے ہیں۔
اس فہرست میں سری لنکا بھارت سے بہتر پوزیشن میں ہے جسے فہرست میں 37
پوائنٹس کے ساتھ 91 واں مقام حاصل ہے۔
|
|
جنوبی ایشیا کے دوسرے ممالک میں نیپال 31 پوائنٹس کے ساتھ 116 ویں مقام پر
ہے جبکہ بھوٹان کو 63 اسکور ملا ہے۔
بھارت پاکستان سے ملحق اہم ترین ملک چین نے اس سال اپنے یہاں بدعنوانی کو
روکنے کے سخت اقدامات کیے ہیں اور اسے 40 کا سکور دیا گیا ہے۔ جبکہ گزشتہ
سال چین کو 39 پوائنٹس ملے تھے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے چیئرمین ہوگیٹ لابیل نے کہا: ’بدعنوانی کے تصور
کی فہرست 2013 یہ باتیں سامنے آتی ہیں کہ تمام ممالک میں ابھی بھی حکومت کی
تمام سطحوں پر مقامی اجازت نامے جاری کرنے سے لے کر قوانین اور ضوابط کی
پابندی کرنے اور بنانے تک بدعنوانی کا خطرہ موجود ہے۔‘
بدعنوانی کی فہرست میں جن ممالک کی حالت بہتر ہوئی ہے ان میں برما یعنی
میانمار، برونائی، لاؤس، سینیگال، نیپال، ایسٹونیا، یونان، لیسوتھو اور
لیٹویا شامل ہیں۔
دوسری جناب جن ممالک میں کرپشن زیادہ ہوئی ہے ان میں شام، گیمبيا، گنی،
لبنان، مالی، سپین، اریٹیریا، موریشس، یمن، آسٹریلیا اور آئس لینڈ جیسے
ممالک شامل ہیں۔
بدعنوانی کی فہرست2013 میں ڈنمارک اور نیوزی لینڈ 91 پوائنٹس کے ساتھ سب سے
کم کرپشن والے ممالک ہیں۔ افغانستان، شمالی کوریا اور صومالیہ اس سال سب سے
کم آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سب سے زیادہ بدعنوانی والے ملک کے طور پر سامنے آئے
ہیں۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے خبردار کیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی، اقتصادی
بحران اور شدید غربت سے نمٹنے کے لیے مستقبل میں اٹھائے جانے والے اقدامات
کو بدعنوانی کے بڑھتے رجحان کا سامنا ہوگا۔ |