ایک گیلن میں تین سو میل چلنے والی کار

امریکہ کی ایک کمپنی ایک ایسی کار بنا رہی ہے جو کم تیل میں زیادہ فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تین پہیوں والی یہ کار136 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے اور اس کے تیل کا خرچ ناقابل یقین حد تک کم ہے یعنی 300 میل فی گیلن۔

پہلی نظر میں یہ کار نہیں لگتی بلکہ خلاء سے آئی ہوئی کوئی چیزدکھائی دیتی ہے۔ کار ساز کمپنی ایپٹرا کے ڈائریکٹر کرس انتھونی کاکہنا ہے کہ ان کی کمپنی کی یہ نئی کار تیل کی بجائے بجلی پر چلتی ہے۔

 

11 سو افراد کمپنی کے پاس کار کی قیمت ایڈوانس جمع کروا چکے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں انہیں کار کی فراہمی شروع کردے گی۔ یہ کمپنی کار کا ایک اور ماڈل تیار کررہی ہے جس میں بجلی اور تیل پر چلنے والا جدید ہائی برڈ انجن لگایا گیا ہے۔ کمپنی کے مالک کا کہنا ہے کہ یہ کار ایک لٹر میں 131 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔

دیکھنے میں یہ کار بہت نازک لگتی ہے مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے ایک ایسے خاص میٹریل سے بنایا گیا ہے جو وزن میں فولاد سے آدھا اور اس سے دس گنا زیادہ مضبوط ہے۔

کار کے اندر کا ڈیزائن خلائی دور کے مطابق بنایا گیا ہے۔ اسے جدید کمپیوٹرز کی طرح ٹچ سکرین سے چلایا جاتا ہے۔ کار کے اندر درجہ حرارت کنٹرول کرنے کا خود کار نظام نصب ہے جس کے لیے شمسی توانائی مہیا کی گئی ہے۔ اندورنی حصہ زیادہ تر پلاسٹک کا بنا ہوا ہے ۔اور کار کے اطراف اور پیچھے دیکھنے کے لیے شیشوں کی بجائے کیمرے لگائے گئے ہیں۔

اس کار کی قمیت 30 ہزار ڈالر ہے۔ اگر یہ کار کمپنی کے دعوے کے مطابق کام کرتی ہے تو پھر یہ اس کے مقابلے میں یہ قیمت کچھ بھی نہیں ہے۔
 

YOU MAY ALSO LIKE: