جدید دنیا کے بارے میں ایک کہاوت ہے کہ، ’دنیا اسی کی ہے
جو اسے بدلنا جانتا ہو‘۔ اسی خیال کے پیش ِنظر امریکی میگزین فوربز نے دنیا
کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 30 سال کی عمر سے کم 30 ایسے باصلاحیت
لوگوں کی ایک فہرست جاری کی ہے جو دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان تو
رکھتے ہی ہیں، ساتھ ہی یہ اپنے عمل سے دنیا پر گہرا اثر و رسوخ بھی رکھتے
ہیں۔ سب سے اہم بات یہ کہ ان میں تین پاکستانی لڑکیاں بھی شامل ہیں۔
|
|
وائس آف امریکہ کی رپورٹ کے مطابق بااثر پاکستانی نوجوانوں میں سرفہرست ہیں
ملالہ یوسف زئی، جن کی عمر تو صرف 16 برس ہے لیکن ملالہ دنیا بھر میں
خواتین کی تعلیم کے لئے انتہائی سرگرم ہیں۔
ملالہ کے بعد اس فہرست میں ذکر ہے 24سالہ شیزا شاہد کا جو ملالہ یوسف زئی
کی جانب سے تعلیم ِنسواں کے فروغ کے لئے تشکیل دیئے جانے والے ’ملالہ فنڈ‘
کی ایک اہم عہدیدار ہیں۔ فوربز کا کہنا ہے کہ شیزا شاہد نے ملالہ کی آواز
دنیا کے کونے کونے تک پہچانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔
تیسری پاکستانی شخصیت ہیں 25سالہ خالدہ بروہی۔ خالدہ ’سگھڑ‘ کے نام سے ایک
غیر سرکاری تنظیم چلارہی ہیں۔ یہ تنظیم بے سہارا خواتین کو اپنے پیروں پر
کھڑا کرنے اور معاشرے کا ایک ذمے دار فرد بنانے کے لئے مختلف کورسز میں
تربیت دیتا ہے۔
|
|
میگزین نے مجموعی طور پر 15 کیٹیگریز تشکیل دی تھیں۔ ان کیٹیگریز سے 450
افراد کو لیا گیا اور بعد میں ان میں سے 30 افراد کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔
پاکستانی لڑکیوں کے علاوہ جن افراد کے نام شامل ہیں ان میں 21 سالہ امریکی
گلوکارہ مائلی سائرس بھی شامل ہیں۔ان کی ایک میوزک البم کی ایک ہفتے کے
دوران 2 لاکھ 70 ہزار ریکارڈکاپیاں فروخت ہوئیں۔
سائرس کے بعد19 سالہ کینیڈین گلوکارجسٹن بیبر کا نام بھی اس لسٹ میں شامل
ہے جنہوں نے گزشتہ 2 سالوں میں 113 ملین ڈالرز کمائے۔ اسی کیٹیگری سے اس
فہرست کے لئے لیڈی گاگا، ون ڈائریکشن ، کیٹی پیری، برونو مارس، ڈریک اور
لورڈے کا نام شامل کیا گیا ہے جبکہ جنیفر لارنس کو ہالی ووڈ کی سب سے زیادہ
کمانے والی شخصیت کے طور پر چنا گیا ۔ انہوں نے ’دی ہنگر گیمز: کیچنگ فائر‘
سے 10ملین ڈالر کمائے۔ |