ہماری ویب دنیا بھر میں تخلیق کی جانے والی نت نئی
ایجادات اور پیش آنے والے حیرت انگیز واقعات سے اکثر اپنے قارئین کو آگاہ
کرتی رہتی ہے- آج کا آرٹیکل بھی دلچسپ معلومات پر مبنی ہے جس میں آپ کو
حالیہ ہونے والی دلچسپ ایجادات٬ تحقیقات٬ دریافت اور واقعات کے بارے میں
بتایا جائے گا-
|
پاکستان میں پہلی “ کارڈ
لیس اے ٹی ایم “ سروس
بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ نے ملکی تاریخ کی پہلی “کارڈ لیس اے ٹی ایم“
سروس متعارف کروا دی ہے جس سے مالیاتی شعبہ کی ترقی میں نمایاں مدد ملے گی
اور بائیو میٹرک اے ٹی ایم کی سہولت سے ان پڑھ افراد بھی با آسانی وصول
کرسکیں گے۔ بینک اسلامی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کے سربراہ اسد عالم
نے کہا ہے کہ بائیو میٹرک اے ٹی ایم کی سروسز انتہائی با اعتماد ہیں اور یہ
شہروں اور دیہی علاقوں میں برابر فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ
انگوٹھے کے نشان کی مدد سے چلنے والی اے ٹی ایم فراڈ یا دھوکہ سے آپریٹ
نہیں کی جاسکے گی اور اس سے صارفین کی سہولیات میں اضافہ ہوگا ۔ بینک
اسلامی ملک بھر کے 77 شہروں میں اپنی تمام 201 برانچوں میں کارڈ لیس اے ٹی
ایم کی سہولیات فراہم کرے گا۔ |
|
وائی فائی٬ ٹی وی اور ٹیبلٹ کی سہولیات
رکشے میں
کیا کبھی آپ نے ایسا رکشہ دیکھا ہے جس میں ٹیلیویژن بھی ہو٬ کمپیوٹر بھی
اور وائی فائی بھی- مگر بھارتی شہر چنئی میں ایک ایسا حیرت انگیز رکشہ
مسافروں کی سہولت کے لیے دستیاب ہے- انا دوری نامی شخص چنئی میں ایسا
انوکھا رکشہ چلا رہا ہے جس میں موبائل چارجر٬ ٹیبلٹ اور یہاں تک کہ اخبار و
جرائد بھی دستیاب ہیں- یہ رکشہ ڈرائیور اساتذہ اور طبی عملے کو مفت ان کی
منزل تک پہنچاتا ہے جب کہ اپنی آمدنی کا کچھ حصہ آوارہ بچوں کو تعلیم فراہم
کرنے کے لیے خرچ کرتا ہے- ٹی وی اور وائی فائی جیسی جدید سہولیات سے آراستہ
اس رکشے کا ڈرائیور مسافروں کے لیے انعامی قرعہ اندازی بھی کرتا ہے-
|
|
چینی بولنے اور کتے کی طرح بھونکنے والا
کوا
دیکھنے میں چاہے یہ کتنا بھی بھیانک ہو مگر یہ کوا کتے کی طرح بھونک سکتا
ہے٬ بلی کی طرح چوہے پکڑ سکتا ہے اور طوطے کی بولنے کی نقالی کرسکتا ہے۔ دی
نیوز ٹرائب نے اس کوے کے حوالے سے شائع کی جانے والی اپنی ایک دلچسپ رپورٹ
میں لکھا ہے کہ کوے کے مالک ما باؤچینگ کے بقول یہ کوا چینی زبان کے آسان
فقرے جیسے ہیلو وغیرہ بول لیتا ہے اور کتے کے بھونکنے کی زبردست نقالی کا
ماہر ہے- ماباؤچینک نے یہ کوا ایک سال قبل پالنا شروع کیا تھا اور اس کی
چینی سیکھنے اور بھونکنے کی آواز کی صلاحیت سے بہت زیادہ متاثر ہوا٬ مگر اس
کا سب سے زبردست کمال چوہوں کو پکڑنا ہے-
|
|
’شکاریوں کا بادشاہ‘ ڈائنوسارس دریافت
یورپی ملک پرتگال میں ڈائنوسارس کی ایک نئی قسم کی باقیات دریافت ہوئی ہیں۔
ڈوئچے ویلے کے مطابق ٹِرانوسارس ریکس نسل کا یہ ڈائنو سارس 150 ملین برس
قبل سطح زمین پر موجود تھا۔ محققین کے مطابق ڈائنوسار کی یہ قسم یورپ میں
دریافت ہونے والے شکاری ڈائنوسارز میں سے سب سے بڑی ہے۔ پرتگال کی NOVA
یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے محققین کرسٹوف ہینڈرکس اور اوکٹاویو ماٹیئُس
کے مطابق یہ قسم دراصل ڈائنوسارس کے زمانے کی سب سے بڑی اقسام میں سے ایک
ہے۔ اس ڈائنوسار کو ٹورووسارس گُرنیی Torvosaurus gurneyi کا نام دیا گیا
ہے جو ٹِرانوسارس ریکس یا ٹی ریکس کی طرح دو قدموں پر چلتا تھا اور گوشت
خور تھا۔ اس کے بلیڈ کی شکل کے دانتوں کی لمبائی 10 سینٹی میٹر یا چار انچ
تک تھی۔سائنسدانوں کا اندازہ ہے کہ ٹورووسارس گُرنیی 10میٹر یعنی 33 فٹ تک
لمبے اور چار سے پانچ ٹن تک وزن کے حامل ہوتے ہوں گے۔ اس جانور کے سر کی
ہڈی قریب چار فٹ ( یا 115 سینٹی میٹر) لمبی ہوتی ہے جو ٹی ریکس کے مقابلے
میں نسبتاﹰ چھوٹی ہے مگر یہ فرق بہت زیادہ نہیں ہے۔
|
|
ہائی پروٹین غذائیں سگریٹ نوشی جتنی خطرناک
وائس آف امریکہ ایک رپورٹ کے مطابق ایک سائنسی مطالعے میں، طبی ماہرین نے
خبردار کیا ہے کہ ہائی پروٹین غذائیں مثلاً گوشت، انڈے، دودھ، دہی اور پنیر
کا کثرت سے استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا
ہے کہ درمیانی عمر کے لوگوں کی صحت کے لیے لحمیات کی زیادہ مقدار لینا
سگریٹ نوشی جتنا خطرناک ہے۔ نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جن لوگوں کی
خوراک ہائی پروٹین ڈائیٹ پر مشتمل تھی ان میں کینسر یا ذیابیطس کے باعث
اموات کا خطرہ چار گنا زیادہ پایا گیا، جبکہ دوران تحقیق شرکاء میں کسی بھی
وجہ سے مرنے کے امکان کا خطرہ بھی دوگنا ہوگیا تھا۔ جرنل ’سیل میٹا بولزم'
میں شائع ہونے والے مطالعاتی جائزے میں ماہرین نے بتایا ہے کہ ہائی پروٹین
کی زیادہ بڑی مقدار کھانے سے کینسر کا خطرہ تقریبا 20 سگریٹیں روزانہ پینے
کے برابر ہوتا ہے-
|
|
سونے سے سجی مہنگی ترین مرسڈیز فروخت کیلئے
پیش
مرسڈیز کا شمار دنیا کی مہنگی ترین گاڑیوں میں ہوتا ہے جسے خریدنا ہر کسی
کے بس کی بات نہیں لیکن سونے پر سہاگہ تو تب ہو جب یہ کار سونے سے بنی
ہو۔جی ہاں یہ کمال دکھایا ہے جرمنی کی ایک کمپنی نے جس نے مرسڈیز کو ایک
بالکل ہی نیا روپ دیتے ہوئے سونے سے سجا دیا ہے۔اس شاندار کار کی باڈی میں
خالص سونے کی ایک ہزار پرتیں استعمال کی گئی ہیں اور اندرونی سجاوٹ پر بھی
سولہ ہزار ڈالر کا خرچہ کیا گیا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا اس طرح کی 25
کاریں تیار کرنے کا اردہ ہے جن میں سے 10 تو فروخت بھی ہو چکی ہیں اور
انہیں مزید کاروں کے آرڈرز بھی موصول ہو رہے ہیں۔اس کار کی قیمت 3 لاکھ 70
ہزار ڈالر سے لے کر5 لاکھ 45 ہزار ڈالر کے درمیان سونے کی سجاوٹ کے لحاظ سے
رکھی گئی ہے یعنی کہ جتنا گڑ ڈالیں گے اتنا ہی میٹھا ہوگا۔
|
|
دنیا کا سب سے چیلنجنگ گولف کورس
اب پیش ہے دنیا کا سب سے مشکل گولف ہول جہاں گیند ڈالنا کسی بھی کھلاڑی
کیلئے آسان کام نہیں۔ جنوبی افریقہ کے ہینگلپ مائونٹین پر قائم 400 میٹر
لمبا دنیا کا سب سے اونچا گولف ہول جہاں پہاڑی سے کھلاڑی گیند نیچے گیند
پھینک کر دوبارہ شاٹ کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
جنگ نیوز کے مطابق یہ انوکھا گولف کورس دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کیلئے
ڈیزائن کیا گیا ہے اور یہاں کوئی کیمرہ یا جی پی ایس نہیں جو گیند کی پرواز
کو ٹریک کرسکے بلکہ یہ سبھی کام کھلاڑی کو ہی کرنے ہوں گے۔
|
|
صبح کے وقت لوگ زیادہ سچے ہوتے ہیں ، دلچسپ
تحقیق
صبح کا وقت ایسا ہوتا ہے جب انسان ایمانداری اور سچائی کی بلندیوں پر جبکہ
رات کو پستیوں پر کھڑا ہوتا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق یہ بات امریکہ میں سامنے
آنے والی ایک تحقیق کا دلچسپ نتیجہ ہے۔ہاورڈ یونیورسٹی اور اوٹاوہ
یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق کے بقول ناشتے سے لیکر دوپہر کے کھانے تک کا
دورانیہ وہ وقت ہوتا ہے جب ہم میں سے بیشتر زیادہ ایماندار اور اعلیٰ
اخلاقی روایات کے حامل بنے ہوتے ہیں۔مگر جی جیسے جیسے دن ڈھلنا اور توانائی
کا لیول کم ہونا شروع ہوتا ہے ہمارے اندر کی اچھائیاں دم توڑنے لگتی
ہیں۔تحقیق کے دوران کئے جانے والے مطالعے میں یہ بات سامنے آئی کہ صبح کے
مقابلے میں دوپہر کے بعد لوگوں کے منہ سے زیادہ جھوٹ نکلنے لگتا ہے اور اس
کی اوسط شرح 50 فیصد تک ہوتی ہے، یعنی آدھی باتیں سچ اور آدھی جھوٹ پر مبنی
ہوسکتی ہیں۔
|
|