آپ کے مسائل اوران کا شرعی حل

’’زکوٰۃ کی مد میں ٹکٹ خرید کر دینا‘‘
٭ایک غریب مسافر سے کسی نے رقم چوری کر لی اب اگر کوئی مالدار شخص اس مسافر کو نقد رقم دینے کے بجائے اس کے لئے ریل،جہاز یا گاڑ ی کا ٹکٹ خرید کر دے اور اس کو زکوٰۃ میں شمار کرے تو اس کی زکوٰۃ ادا ہو جائی گی یا نہیں ۔؟(محمدگل ، باجوڑ)
جواب:۔ اگر کوئی شخص کسی مستحق زکوٰۃ کو رقم کی بجائے گاڑی ،جہاز یا ریل وغیرہ کا ٹکٹ خرید کر دیتا ہے تو مستحق آدمی کے قبضے میں آنے کے بعد زکوٰۃ ادا ہو جائے گی ، زکوٰۃ میں کرنسی کا دینا ضروری نہیں ہے ۔ (شامی ، جلد۲،صفحہ ۲۵۷)

’’جنبی کی امامت‘‘
٭اگر کوئی شخص ناپاکی کی حالت میں امامت کرے تو اس کے لئے کیا حکم ہے۔؟ (عامر ، نتھیا گلی)
جواب:۔ وہ شخص گناہ کبیرہ کا مرتکب ہے اور سب نمازیوں کی نمازکوبھی غارت کرتا ہے اگر اس طرح نماز پڑھنے سے نماز کا استخفاف مقصود ہو تو یہ کفر ہے۔(فتاویٰ محمودیہ، جلد ۲، صفحہ ۷۶)

’’مزار پر پیسے دینا‘‘
٭میں جس روڈ پر گاڑی چلاتا ہوں تو راستے میں ایک مزار آتا ہے لوگ مجھے کہتے ہیں کہ مزار پر پیسے دو، تو مزار پر پیسے دینا کیسا ہے۔؟(یاسین ،پشاور)
جواب:۔ اگر مزار کا نذرانہ مقصود ہے تو یہ ناجائز اور حرام ہے اور آج کل لوگوں کا مشاہدہ بھی یہ بتاتا ہے تو اس لئے اسے ناجائز کہا جائے گا۔(آپ کے مسائل ، جلد ۱ ، صفحہ ۲۱۵)

’’قبر پر آذان ایک نئی بدعت‘‘
٭تدفین کے بعد قبر پر آذان دیتے ہیں کہ آذان سن کر شیطان بھاگتا ہے اور مردہ اس کی شرارت سے محفوظ رہتا ہے تو اس کا کیا حکم ہے۔؟(محمد خان ،نوشہرہ)
جواب:۔ قبر پر آذان دینا بے اصل اور بے بنیاد ہے اور سنت کے موافق نہیں ہے بلکہ یہ گھڑی ہوئی بدعت ہے اس کو چھوڑنا واجب ہے۔(شامی ،جلد ۱ ، صفحہ ۸۳۷)

’’مسجد کے ٹینکی کا پانی گھر لے جانا‘‘
٭مسجد کی ٹینکی کا پانی اپنی ضروریات کے لئے گھر لے جانا کیسا ہے۔؟(معاذ،مردان)
جواب:۔یہ پانی کنوئیں کے پانی کی طرح نہیں ہے کہ ہر شخص کو لینے کا اختیارہوبلکہ یہ گھڑے میں رکھے ہوئے پانی کی طرح ہے کہ مالک نے اپنی ضروریات کے لئے گھڑے میں بھر کے رکھاہے وہ اس پانی کا مالک ہو گیا اب کسی کو بغیر اس کی اجازت کے لینے کا حق نہیں ہے۔(فتاویٰ محمودیہ،جلد۱۸،صفحہ۱۲۷)

’’مسجد سے نکلنے کے لئے تیممّ کرنا‘‘
٭مسجد میں سونے والے کو احتلام ہو جائے تو نکلتے وقت اس کو تیممّ کرنا ضروری ہے یا نہیں۔؟(عابد،ایبٹ آباد)
جواب؛۔مسجد سے نکلنے کے لئے تیممّ ضروری نہیں ہے،البتہ اگر کسی عارضہ کی وجہ سے اس وقت نکلنا دشوار ہوتوتیممّ ضروری ہے۔(کفایت المفتی،جلد۳،صفحہ۱۰۶)

’’مسائل آداب وملاقات‘‘
٭اگر ہم کسی بڑے کے ہاں ملاقات کے لئے جاتے ہیں تو ملاقات کے آداب کی رعایت نہیں رکھ سکتے برائے کرم ہمیں موٹے موٹے آداب ملاقات بیان کریں۔؟(علی الرحمٰن،پشاور)
جواب:۔
۱:۔پہلے ان سے رابطہ کر کہ فارغ وقت لیا جائے
۲؛۔ملنے پر ان کو مجبور نہیں کرنا چاہئے
۳؛۔اندر جھانکنا معیوب ہے حضورﷺنے اس کی سختی سے ممانعت فرمائی ہے
۴؛۔اگر اندر سے پوچھاجائے کون ہے؟تو اپنا پورا نام بتائیں۔میں،میں نہ کہیں
۵؛۔جب کسی سے ملنے جائیں اورتم کو کھانامنظورنہ ہوتوفوراًجاتے ہی میزبان کو مطلع کردیجئے۔(مسائل رفعت قاسمی،جلد۶،صفحہ۶۲،۶۳)
Rizwan Ullah Peshawari
About the Author: Rizwan Ullah Peshawari Read More Articles by Rizwan Ullah Peshawari: 162 Articles with 211956 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.