ہر قوم کو اپنی پہچان اور شناخت کے لئے چند علامتوں کی
ضرورت ہوتی ہے۔زبان بھی کسی قوم کی بہت بڑی پہچان ہوتی ہے۔پاکستان چار
صوبوں پر مشتمل ایک مضبوط اور مستحکم وفاق کا نام ہے اور اس کی قومی زبان
اردو ہے۔بحیثیت قومی زبان اس کی اہمیت مندرجہ ذیل ہے۔
(۱) رابطے کا ذریعہ
یہ پاکستان کے عوام کے درمیان تعلقات بڑھانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔یہ
پاکستان کے چاروں صوبوں میں بولی اور سمجھی جاتی ہے۔اسی لئے یہ قومی اتحاد
و یکجہتی اور استحکام کا ذریعہ ہے۔
(۲) تحریکِ پاکستان میں کردار
جب تحریکِ پاکستان اپنی ابتدائی منزلوں میں تھی تو اُس وقت اُردو سب سے
زیادہ پسندیدہ زبان تھی۔یہ زبان جنوبی ایشیاء(برصغیرپاک و ہند) پر مسلمانوں
کے دورِ حکومت میں پروان چڑھی ۔اُردو زبان اب اور منفرد اور نمایاں ہوگئی
تھی کیونکہ اس نے عربی، فارسی، ترکی اور انگریزی کے ذخیرہ الفاظ کو خوب جذب
کرلیا تھا۔اسلامی ثقافت نے اسے ایک علیحدہ پہچان دی اور اس کو مسلمانوں میں
مقبول بنادیا۔اس اعتبار سے اکثر مسلم قائدین اور رہنماوں مثلاً سر سید احمد
خان، شیخ عبدالمجید سندھی، علامہ اقبال، حسرت موہانی، علامہ شبلی نعمانی،
قائدِاعظم اور دیگر اکابرین نے ہندی کے مقابلے میں اُردو زبان کی حمایت
کرکے یہ ثابت کردیا تھا کہ اُردو برصغیر کی واحد زبان ہے جس میں اسلامی ادب
کثرت سے پایا جاتا ہے۔اُردو نے عوام کے مابین اتحاد و اتفاق پیدا کیا۔
(۳) مشترکہ رشتہ
بحیثیت قومی زبان اُردو اور صوبائی زبانوں میں بہت قریبی اور بے تکلفی کا
رشتہ پایا جاتا ہے۔یہ تمام زبانیں عربی، فارسی اور انگریزی سے متاثر ہیں
اور اسی لئے ان زبانوں میں بے شمار مشترکہ الفاظ ہیں۔تمام زبانوں میں یکساں
موضوعات پر کتابیں اور لٹریچر دستیاب ہے۔
(۴) ذرائع ابلاغ (ذرائع رسل و رسائل)
ریڈیو، ٹیلی ویژن اور پریس ابلاغ کے خاص ذرائع ہیں۔ یہ قومی اتحاد و اتفاق
کے فروغ کے لئے قومی اور صوبائی زبانوں کی مدد سے اہم کردار ادا کررہے
ہیں۔ان زبانوں کے مشترکہ سرمائے سے لوگوں کو آگاہ کیا جاتا ہے۔اس سے زبان
کو تقویت ملتیہے اور پاکستان کے مختلف علاقوں کے لوگوں میں ہم آہنگی پیدا
ہوتی ہے۔
(۵) فائدے کا ذریعہ
صوبائی زبانوں کی تحریریں مثلاً لوک کہانیاں، مضامین و مقالات، شاعری اور
گیت اُردو میں ترجمہ کیے جاتے ہیں تاکہ انکو سمجھ کر لوگ زیادہ سے زیادہ
فائدے حاصل کرسکیں اور لوگوں کے درمیان خیرخواہی اور نیک خواہشات کے جذبات
فروغ پاسکیں اور ملک میں باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ ہوسکے۔
(۶) رابطہ
پاکستان چار صوبوں کا ایک وفاق ہے۔ پاکستان کے مختلف صوبوں کے مابین اردو
رابطے کی زبان کا فریضہ سرانجام دیتی ہے۔ اس طرح اُردو قومی زبان اتحاد و
اتفاق کے لئے ایک اہم کردار ادا کررہی ہے۔
(۷) بین الاقوامی زبان
اُردو ادب صرف سارے ملک میں چھایا ہوا ہے بلکہ بیرونِ ملک بھی پھیلا ہوا
ہے۔اُردو کا شمار بین الاقوامی زبانوں میں ہوتا ہے۔
(۸) مشترک ذریعہ
ہر قوم کی ایک زبان ہوتی ہے۔جو اس کے عوام کے مابین اتحاد و روابط کے ذریعے
کے طور پر کام آتی ہے۔مسلمانوں کو باہم یکجا کرنے والی قوت اسلام ہے۔اسلام
کے پیغام کی تبلیغ کے لئے اُردو ایک مشترک ذریعہ بنی ہے اور اسی وجہ سے یہ
پاکستان کی قومی زبان ہے۔ |