جنوبی کوریا کے سمارٹ فونز، الیکٹرانکس اور کمپیوٹر ساز
ادارے سام سنگ نے ہیلتھ کیئر سے متعلق ایک نئی ڈیجیٹل تکنیک متعارف کروائی
ہے۔
نئی ٹیکنالوجی تکنیک کے بارے میں ادارے کا خیال ہے کہ ہیلتھ ٹیکنالوجی پلیٹ
فارم سے ہیلتھ کیئر کا ایک نیا مؤثر اور فعال پہلو پیدا ہوگا اور اِس کے
استعمال سے عام انسانوں کو صحت سے متعلق کئی معلومات دستیاب ہو سکیں گی۔
|
|
اس کو استعمال کرنے والا فوری طور پر اپنے دل کے دھڑکنے کی رفتار اور بلڈ
پریشر کے بارے میں آگہی حاصل کر سکے گا۔ سام سنگ کی جانب سے اِس نئی
ٹیکنالوجی کو ’سِم بینڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔
امریکی شہر سان فرانسسکو میں سام سنگ نے اپنی نئی ہیلتھ کیئر ٹیکنالوجی کو
متعارف کروانے کی تقریب میں واضح کیا کہ سِم بینڈ کی تیاری میں کسی کمرشل
پراڈکٹ کو استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ تقریب کے دوران سِم بینڈ کے استعمال کا
مظاہرہ بھی کیا گیا، جسے حاضرین نے دلچسپی اور پسندیدگی سے دیکھا۔
سِم بینڈ کے ذریعے ہارٹ ریٹ، نظام تنفس کی آمد و رفت اور بلڈ پریشر کے ساتھ
ساتھ صحت سے متعلق کئی طرح کے معلوماتی ڈیٹا کو ایک جگہ جمع کرنا بھی ممکن
ہوگا۔
سام سنگ کا کہنا ہے کہ سِم بینڈ کے استعمال سے صارفین کو اپنی صحت کے بارے
میں ہر وقت معلومات دستیاب ہوں گی اور وہ اپنے معمولات میں بھی تبدیلی لا
سکیں گے۔
سِم بینڈ کلاؤڈ ٹیکنالوجی سے مل کر صارف کی صحت کی معلومات اکھٹی کرنے کے
ساتھ ساتھ اُس کو محفوظ بھی کرتا رہے گا۔ کلاؤڈ ٹیکنالوجی میں جو سافٹ ویئر
سِم بینڈ کے ساتھ باہمی ربط سے کام کرے گا، اُسے سامی (SAMI) کا نام دیا
گیا ہے۔
|
|
سم بینڈ میں نصب سینسرز انسانی بدن میں وقوع پذیر ہونے والی مادی تبدیلی کی
شناخت بوقت ضرورت فوری طور پر کر سکیں گے اور جسم کے مخصوص اعضاء میں رونما
ہونے والی ان تبدیلیوں کو سامی سافٹ ویئر حتمی شناخت دے گا اور یہ شناخت
معلومات کی صورت میں ہو گی۔ |