بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے رب کو اسکی صفات سے پہچاننے کے بعد اگلا مرحلہ عبادت کا ہے.
اللہ نے اتنے بہت سے انسانوں اور جنوں کو کیوں پیدا کیا؟
اللہ نے سب انسانوں اور جنوں کو صرف اپنی عبادت کرنے کے لیے پیدا کیا.
کیا مسلمان عبادت کرتے ہیں؟
جی ہاں، مسلمان ایک اللہ کی عبادت کرتے ہیں.
مسلمان کس طرح عبادت کرتے ہیں؟
مسلمان اللہ کی ہر عبادت اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بتاۓ ہوۓ
طریقہ اور اصول پر کرتے ہیں، اور بے اصولی نہیں کرتے.
عبادت میں اصول سے کیا مراد ہے؟
عبادت میں اصول سے مراد ہے کہ جو طریقہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ
وسلم نے بتایا اسکو معلوم کیا جاۓ اور وہ خاص عبادت اسی طرح انجام دی جاۓ.
مثلا ایک صحت مند مسلمان بندہ نماز کو اصول الصلوۃ کے مطابق ادا کرے گا
یعنی نماز اس وقت تک نہیں پڑھی جاسکتی جبتک کہ ایک بندہ مسلمان نہ ہو، وضو
کر کے قبلہ رخ نہ ہو اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق اسکے وقت پر
نہ ادا کرے وغیرہ اسی طرح اور عبادات کو بھی اپنے اصول پر کرنا ہوگا مثلا
زکوۃ کو اصول الزکوۃ پر جہاد کو اصول الجہاد پر وغیرہ.
چند عبادات یہ ہیں:
اللہ کی توحید کا اقرار کرنا، یعنی نہیں ہے کوئ سچا معبود ما سواۓ اللہ کے،
اس کلمہ کو صحیح طور پر سمجھنا، سیکھنا عمل کرنا اور پھیلانا، اور اس کلمہ
کے منافی امور سے بچنا، سنت نبوی کے مطابق نماز پڑھنا، رمضان کے مہینہ کے
روزے رکھنا، زکوۃ ادا کرنا، حج و عمرہ کرنا، صدقات دینا، انفاق فی سبیل
اللہ کرنا، اصول الجہاد کے مطابق حکام کے ساتھ مل کر کفار کے خلاف جہاد
کرنا، تقوی اختیار کرنا، ڈر، خوف، نذر نیاز یہ سب عبادات ہیں اور صرف اللہ
کے لیے ہیں.
پیارے بچو، اہم بات یہ ہے کہ یہ تمام عبادات صرف اللہ کے لیے اکیلے ہیں،
جیسے پہلے بتایا گیا. تو ان تمام عبادات میں اگر کوئ جان بوجھ کر اور معلوم
ہوتے ہوۓ اللہ کے ساتھ کسی اور کو شریک کرے گا تو وہ مشرک ہو جاۓ گا. مشرک
کا مطلب ہے اللہ کے ساتھ شرک کرنا. اور شرک وہ گناہ ہے کہ اگر کوئ شخص شرک
سے توبہ کۓ بغیر مر گیا تو اسکے سارے اچھے اعمال باطل ہوجائیگے اور اللہ
اسکو آخرت کے دن ہمیشہ کے لیے جہنم میں ڈال دے گا اسلیے یہ معلوم ہونا
چاہیے کہ یہ تمام عبادات خالص اللہ کے لیے ہیں. |