اسلام اور موسیقی-حصہ اول

وَاسْتَفْزِزْ مَنِ اسْـتَـطَعْتَ مِنْهُمْ بِصَوْتِكَ وَاَجْلِبْ عَلَيْهِمْ بِخَيْلِكَ وَرَجِلِكَ وَشَارِكْهُمْ فِي الْاَمْوَالِ وَالْاَوْلَادِ وَعِدْهُمْ ۭ وَمَا يَعِدُهُمُ الشَّيْطٰنُ اِلَّا غُرُوْرًا سورہ الاسرا آیہ ٦٤

ان میں سے تو جسے بھی اپنی آواز سے بہکا سکے گا بہکا (١) لے اور ان پر اپنے سوار اور پیادے چڑھالا (٢) اور ان کے مال اور اولاد میں سے اپنا بھی حصہ لگا (٣) اور انہیں (جھوٹے) وعدے دے لے (٤) ان سے جتنے بھی وعدے شیطان کے ہوتے ہیں سب کے سب سراسر فریب ہیں ۔
(ترجمہ مکہ)

اور پھسلا لے تو ان میں سے جس کو بھی پھسلا سکتا ہے، اپنی آواز (اور چیخ و پکار) سے، ف۲ اور دوڑالے ان پر اپنے سوار اور پیادہ (لشکر)، اور ساجھا کر لے تو ان کے ساتھ ان کے مالوں میں بھی، ف۳ اور ان کی اولادوں میں، اور پھانستا جا ان کو اپنے (جھوٹے) وعدوں کے جال میں، اور شیطان کے وعدے کچھ نہیں ہوتے سوائے دھوکے کے سامان کے، ف٤
(ترجمہ مدنی)

اور گھبرا لے ان میں جس کو تو گھبرا سکے اپنی آواز سے ف۱۱ اور لے آ ان پر اپنے سوار اور پیادے ف۱۲ اور ساجھا کر ان سے مال اور اولاد میں ف۱۳ اور وعدے دے ان کو اور کچھ نہیں وعدہ دیتا ان کو شیطان مگر دغا بازی ف۱٤
(ترجمہ عثمانی)

اور ان میں سے جس کو بہکا سکے اپنی آواز سے بہکاتا رہ اور ان پر اپنے سواروں اور پیادوں کو چڑھا کر لاتا رہ اور ان کے مال اور اولاد میں شریک ہوتا رہ اور ان سے وعدہ کرتا رہ اور شیطان جو وعدہ ان سے کرتا ہے سب دھوکہ ہے۔
(ترجمہ فتح محمد)

ان میں سے جسے تو اپنی آواز سنا کر بہکا سکتا ہے بہکا لے اور ان پر اپنے سوار اور پیادے بھی چڑھا دے اور ان کے مال اور اولاد میں بھی شریک ہو جا اور ان سے وعدے کر اور شیطان کے وعدے بھی محض فریب ہی تو ہیں (ترجمہ احمد علی لاہوری)

اور ڈگا دے (بہکادے) ان میں سے جس پر قدرت پائے اپنی آواز سے (ف۱٤۰) اور ان پر لام باندھ (فوج چڑھا) لا اپنے سواروں اور اپنے پیادوں کا (ف۱٤۱) اور ان کا ساجھی ہو مالوں اور بچوں میں (ف۱٤۲) اور انہیں وعدہ دے (ف۱٤۳) اور شیطان انہیں وعدہ نہیں دیتا مگر فریب سے،ٰ(ترجمہ کنز العرفان)

اور جس پر بھی تیرا بس چل سکتا ہے تو (اسے) اپنی آواز سے ڈگمگا لے اور ان پر اپنی (فوج کے) سوار اور پیادہ دستوں کو چڑھا دے اور ان کے مال و اولاد میں ان کا شریک بن جا اور ان سے (جھوٹے) وعدے کر، اور ان سے شیطان دھوکہ و فریب کے سوا (کوئی) وعدہ نہیں کرتا(ترجمہ عرفان القرآن)

اور انہیں گھبراہٹ میں ڈال جنہیں تو اپنی آواز [٨٠] سے گھبراہٹ میں ڈال سکے، اپنے سوار اور پیادے [٨١] ان پر چڑھا لا، مال اور اولاد [٨٢] میں ان کا شریک بن اور ان سے وعدہ کر۔ اور شیطان جو بھی وعدہ کرتا ہے [٨٣] وہ بس دھوکا ہی ہوتا ہے۔(ترجمہ تیسیرالقرآن)

٦٤۔١ آواز سے مراد پر فریب دعوت یا گانے، موسیقی اور لہو و لعب کے دیگر آلات ہیں، جن کے ذریعے سے شیطان بکثرت لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے۔(تفسیر مکی)

یعنی اپنی ابلیسی آوازوں اور شیطانی شور وغوغا سے، اپنے نت نئے نعروں اور طرح طرح کی ہنگامہ آرائیوں سے، اپنے جلسوں جلوسوں اور گانوں بجانوں سے، اپنے ٹی وی ریڈیوں اور سینماؤں وغیرہ کے ذریعے اپنی لچھے دار تقریروں، اور بھڑکیلے اعلانات سے، اپنے فحش اخبارات اور گمراہ کن رسائل و جرائد اور شرکیہ اور کفریہ اشتہارات وغیرہ سے، سو تو اپنے ان شیطانی وسائل سے جو فائدہ تو اٹھا سکتا ہے اٹھا لے۔ اور ان مختلف وسائل سے ان میں سے جن کے بھی قدم اکھاڑ سکتا ہے اکھاڑ لے، تجھے اس سب کی چھٹی اور آزادی ہے۔ اور اس کا بھگتان تجھے اور تیرے پیروکاروں کو بہرحال جہنم کے اس ہولناک عذاب کی صورت میں بھگتنا ہوگا۔
(تفسیر مدنی)

یعنی وہ آواز جو خدا کے عصیان کی طرف بلاتی ہو، مراد اس سے وسوسہ ڈالنا ہے اور مزامیر (باجا گاجا) تھی اس میں داخل ہو سکتا ہے۔(تفسیر عثمانی)

وسوسے ڈال کر اور معصیت کی طرف بلا کر ۔ بعض علماء نے فرمایا کہ مراد اس سے گانے باجے لہو و لعب کی آوازیں ہیں ۔ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے منقول ہے کہ جو آواز اللہ تعالیٰ کی مرضی کے خلاف منہ سے نکلے وہ شیطانی آواز ہے ۔
(تفسیر کنزالعرفان)

شیطان کی آواز کیا ہے۔ اس کے متعلق عبداللہ بن عباس نے فرمایا کہ گانے اور مزامیر اور لہو ولعب کی آوازیں یہی شیطان کی آواز ہے جس سے وہ لوگوں کو اللہ کی یاد سے روکتا ہے۔(تفسیرالکتاب)

شیطان کی آواز سے مراد:۔ شیطان کی آواز سے مراد ہر وہ پکار ہے جو اسے اللہ کی نافرمانی پر اکساتی ہو اور یہ آواز عموماً شیطانوں کے چیلوں چانٹوں ہی سے آتی ہے پھر اس شیطانی آواز میں ہر قسم کا گالی گلوچ، لڑائی جھگڑا، گانا بجانا، موسیقی، راگ رنگ اور مزامیر طرب و نشاط کی محفلیں سب کچھ آتا ہے جو اللہ کی یاد سے انسان کو غافل بنائے رکھتی ہیں اور اس کی اصل فطرت پر پردہ ڈالے رکھتی ہیں۔ (تفسیر تیسیر القرآن)
Irfan Ali
About the Author: Irfan Ali Read More Articles by Irfan Ali: 20 Articles with 29899 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.

Islam Aur Moseeqi - Find latest Urdu articles & Columns at Hamariweb.com. Read Islam Aur Moseeqi and other miscellaneous Articles and Columns in Urdu & English. You can search this page as Islam Aur Moseeqi.