جب سے کمپیوٹر گیمز تیار ہوئیں تب سے ماہرین اور کمپیوٹر
گیمز کھیلنے والوں کا ایک خواب رہا ہے کہ کسی طرح لوگ مکمل طور پر ڈیجیٹل
یا خیالی دنیا کے کردار بن جائیں۔
یہ ابھی تک تو ایک خواب ہی ہے تاہم ورچوئل ریئیلیٹی گلاسز کی ایک نئی
جنریشن بہت جلد مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔ لیکن کیا یہ اس خواب کی تعبیر بن
سکیں گے؟ ڈوئچے ویلے کی شائع کردہ ایک رپورٹ اس حوالے سے کیا کہتی ہے؟ آپ
بھی پڑھیے-
|
|
ماہرین کے مطابق اس خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے کی منزل ابھی بہت دور ہے۔ اب
تک جو ورچل ریئیلیٹی گلاسز دستیاب ہیں، ان کی کارکردگی کافی غیر متاثر کن
ہے۔ تاہم اگر ان کی ٹیکنالوجی بہت بہتر بھی ہو جائے تو بھی گیمز کھیلنے
والے کو مکمل طور پر ایک خیالی دنیا کا حصہ بنا دینا آسان نہیں ہو گا۔
پہلی بات جس کی وضاحت ضروری ہے، وہ یہ ہے کہ ورچوئل ریئیلیٹی یا VR گلاسز
گوگل گلاس کی طرح ڈیٹا ایکسیس گلاسز سے مختلف چیز ہیں۔ گوگل گلاس دراصل
آگومینٹڈ ریئیلیٹی یا AR ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں۔ اس میں اُن حقیقی اشیاء کے
ساتھ ساتھ، جنہیں آپ اپنی عینک کے ذریعے دیکھ رہے ہوتے ہیں، گلاسز کے اندر
ایک لیئر میں مختلف ڈیٹا، معلومات یا تصاویر دکھائی دیتی ہیں۔
اس کے برعکس VR گلاسز آپ کی نگاہوں کے سامنے مکمل طور پر ایک مصنوعی دنیا
تشکیل دے دیتی ہیں۔ حقیقت میں دیکھا جائے تو یہ حقیقی دنیا سے ایک طرح کا
فرار ہے۔ VR گلاسز دراصل کوئی نئی چیز نہیں ہیں بلکہ ایسا ایک پروٹوٹائٹ
1960ء کی دہائی میں بھی تیار کیا گیا تھا۔ 1980ء کی دہائی سے انہیں ملٹری
سیمولیشن کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس میں آنکھوں کے سامنے حسب منشاء
ایک غیر حقیقی صورتحال پیدا کر دی جاتی ہے۔
تاہم ایک چیز یقینی ہے کہ VR گلاسز اگر کبھی بہت معروف ہو گئے تو پھر یہ
صرف گیمنگ کی دنیا تک محدود نہیں رہیں گے۔ ایک جرمن کمپیوٹر میگزین c't سے
منسلک ہارٹمُٹ گیزلمن کہتے ہیں، ’’ورچوئل گلاسز ہر اُس جگہ استعمال ہو سکیں
گے، جہاں استعمال کرنے والے خیالی یا غیر حقیقی دنیا میں جانا چاہتے ہوں۔‘‘
گیزلمن مزید کہتے ہیں، ’’تعمیراتی شعبے، کاروں کی ڈیزائننگ یا پھر دفاعی
شعبے میں یہ گلاسز بہت پہلے سے استعمال ہو رہے ہیں۔‘‘
|
|
ورچوئل گلاسز کو انٹرٹیمنٹ کی دنیا میں یقینی طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔
مثال کے طور پر بعض ماہرین کے مطابق ان گلاسز کو ڈسٹریکشن فری ہائی
ڈیفینیشن یا تھری ڈی فلموں سے لطف اندوز ہونے کے لیے استعمال میں لایا جا
سکے گا۔
ورچوئیل گلاسز تیار کرنے کی دوڑ میں شریک اہم کمپنیوں میں امریکی Oculus VR
کے علاوہ جاپانی کمپنی سونی بھی شامل ہے۔ تاہم ان کی طرف سے بہتر بنائے
جانے والے ورچوئل گلاسز کب تک مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے، یہ بات ابھی تک
واضح نہیں ہے۔ |