درد شقیقہ، آدھے سر کا درد، یا میگرین ایک ہی بیماری کے
تین نام ہیں جو پاکستان میں عام پائی جاتی ہے- عام طور پر جب ہمیں سر کا
درد ہوتا ہے تو ہم اسے معمولی قسم کا درد سمجھتے ہیں جو دستیاب گولیوں کے
استعمال سے دور ہوجائے گا۔ لیکن میگرین یا دردِ شقیقہ کوئی عام درد نہیں ہے
بلکہ آپ اس کے مستقل مریض بھی ہوسکتے ہیں- دردِ شقیقہ کیوں ہوتا ہے؟ اس کی
علامتیں کیا ہیں؟ یا پھر اس سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟ یہ سب جاننے کے لیے
ہماری ویب کی ٹیم نے معروف نیورولوجسٹ ڈاکٹر محمد شاہد مصطفیٰ سے خصوصی بات
چیت کی- ڈاکٹر شاہد سے حاصل کردہ مفید معلومات قارئین کے پیشِ خدمت ہے-
|
|
ڈاکٹر شاہد کہتے ہیں کہ “ مجھے نہیں لگتا کہ کوئی ایسا انسان بھی گزرا ہو
جسے کبھی سر درد نہ ہوا ہو اور میگرین Headache سر درد کی ایک خاص قسم ہے
جسے اردو میں دردِ شقیقیہ کے نام سے جانا جاتا ہے“-
“ یہ سر درد انتہائی عام ہوتے ہیں اورہر عمر کے افراد میں پائے جاتے ہیں
چاہے وہ بچے ہوں یا بڑے- لیکن خواتین اور بڑی عمر کے افراد ان سر درد سے
زیادہ متاثر ہوتے ہیں“-
ڈاکٹر شاہد کے مطابق “ میگرین ایک ایسا درد ہے جو ہر وقت نہیں ہوتا بلکہ
کبھی کبھی ہوتا ہے“ -
“ عام طور پر لوگ سمجھے ہیں کہ سر ایک جانب درد ہوگا تو وہ میگرین ہوگا٬ یہ
درست بھی ہے لیکن یہ درد پورے سر میں بھی ہوسکتا ہے٬ سر کے پیچھے کی طرف
بھی ہوسکتا ہے اور سر کے سامنے کے حصے میں بھی ہوسکتا ہے“-
ڈاکٹر شاہد کہتے ہیں کہ “ یہ درد عام طور پر 4 گھنٹے تک رہتا ہے لیکن بعض
اوقات بڑھ کر 24 یا 36 گھنٹے تک بھی جا پہنچتا ہے- اس درد کی چند خاص
علامات ہوتی ہیں جو لوگوں کو ضرور معلوم ہونی چاہئیں“-
|
|
“ کچھ لوگوں کو یہ درد شروعات میں ہی محسوس ہوجاتا ہے کہ ان کا سر بھاری
ہونے لگتا ہے اور ہلکا سا درد شروع ہوجاتا ہے- ایسے لوگ جان لیتے ہیں کہ
انہیں اب سخت درد کا سامنا کرنا پڑے گا“- اور کبھی کبھی اس درد کے شکار
افراد کی نظر دھندلا بھی جاتی ہے-“
ڈاکٹر شاہد کا کہنا ہے کہ “ میگرین ایک تھکا دینے والا درد ہے اور اس میں
انسان چڑچڑا ہوجاتا ہے اور اس کا دل کرتا ہے کہ وہ کسی اندھیرے میں کمرے
میں جا کر لیٹ جائے- یہ درد جس فرد کو بھی ہوتا ہے وہ کوئی کام سرانجام
نہیں دے پاتا٬ نہ ہی ملازمت پر جاسکتا ہے اور نہ ہی خواتین گھر کا کام کاج
کرسکتی ہیں-“
ڈاکٹر شاہد کے مطابق “ میگرین کے علاج سے قبل اس کے ہونے کی وجوہات کے بارے
میں علم ضرور ہونا چاہیے- کچھ لوگوں کو یہ درد چند خاص کھانوں سے ہوتا ہے٬
کسی کو چاکلیٹ کھانے سے٬ کسی کو چائنیز کھانے سے٬ کسی کو ناشتہ چھوڑنے سے٬
کسی کو خاص خوشبو سے٬ رات کو نیند نہ آنے سے٬ زیادہ سونے سے٬ دھوئیں سے یا
پھر دھوپ سے ہوتا ہے“-
“ اب انسان خود دیکھ سکتا ہے کہ ان بیان کردہ وجوہات میں سے اسے کسی وجہ سے
یہ سر درد ہوتا ہے اور اس کی بعد ایسے شخص کو چاہیے کہ وہ ایسی وجہ سے خود
کو محفوظ رکھے جس سے اسے میگرین ہوتا ہے“-
|
|
ڈاکٹر شاہد کا کہنا ہے کہ “ ایک مرتبہ ڈاکٹر کو بھی ضرور چیک اپ کروائیں
تاکہ تصدیق کی جاسکے کہ واقعی آپ کو میگرین ہے بھی یا نہیں- یہ درد خطرناک
تو نہیں ہوتا البتہ تکلیف دہ ضرور ہوتا ہے- لیکن چیک اپ سے یہ ضرور معلوم
ہوجائے گا کہ جسے آپ میگرین سمجھ رہے ہیں وہ کوئی اور خطرناک بیماری تو
نہیں“-
“ کچھ لوگوں کو متلی سی محسوس ہوتی ہے٬ تیز روشنی اور شور برا لگتا ہے- اسی
طرح کچھ لوگوں کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کے سر کی ایک جانب موجود رگ یا
شریان تیزی سے پھڑپھڑا رہی ہے“-
ڈاکٹر شاہد کہتے ہیں کہ “ مریض جب ہمارے پاس آتا ہے تو ہم پہلے یہ دیکھتے
ہیں کہ اسے میگرین کتنی مرتبہ ہوتا ہے- اگر ہفتے میں ایک مرتبہ ہوتا ہے تو
اسے اسی دوا تجویز کی جاتی ہے جو درد شروع ہوتے ہیں کھا لینے سے 1 یا دو
گھنٹے میں درد ختم ہوجاتا ہے“-
“ لیکن اگر یہ درد ہفتے میں بار بار ہو یعنی 2 بار یا ایک مرتبہ ہو لیکن 2
سے 3 دن تک رہے تو ایسی دوا دی جاتی ہے جو اسے درد سے محفوظ رکھے اور اگر
درد ہو بھی تو تھوڑی دیر کے لیے اور اس کی شدت بھی کم ہو- اور یہ کورس 3 سے
6 ماہ تک ہوتا ہے-“
ڈاکٹر شاہد کے مطابق “ ہمارے ہاں سر درد کے بارے میں چند غلط فہمیاں بھی
عام ہیں جیسے کہ کسی کو نظر کی خرابی کی وجہ سے سر درد ہوتا ہے تو کسی کو
نزلے زکام کی وجہ سے یا پھر ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے بھی ہوتا ہے“-
ڈاکٹر شاہد کہتے ہیں کہ “ اپنا علاج خود نہ کریں٬ کبھی کبھی تو ٹھیک ہے
لیکن اگر اکثر سر درد کی وجہ سے آپ گولیاں کھاتے ہیں تو یہ غلط ہے کیونکہ
اس کے مضر اثرات بھی سامنے آسکتے ہیں- گردے فیل ہوسکتے ہیں یا السر بھی
ہوسکتا ہے- یہاں تک کہ بعض اوقات زیادہ دوائیاں کھانے سے سر درد ختم ہونے
کے بجائے بڑھ جاتا ہے- ڈاکٹر کی ہدایات کے بغیر کوئی دوائی نہ استعمال
کریں“-
“ سر درد کو کبھی نظر انداز بھی نہ کریں کیونکہ یہ منفی اثرات مرتب کرتے
ہیں اور انسان ڈپریشن کا شکار ہوجاتا ہے“-
ڈاکٹر شاہد کے مطابق “ صحت مند طرزِ زندگی آپ اس درد سے محفوظ رکھ سکتی ہے-
آپ کو چاہیے کہ چائے اور کولڈ ڈرنک کا استعمال کم سے کم کریں- اگر آپ کو
دھوپ سے یہ سر درد ہوتا ہے تو باہر نکلتے وقت آنکھوں پر کالا چشمہ لگائیں-
رات کو سوتے وقت تمام ڈیوائس یعنی ٹی وی٬ لیپ ٹاپ یا ٹیبلٹ وغیرہ بند کر کے
مکمل نیند کے ساتھ سوئیں“-
|
|
|