جنت کی تلاش۔۔۔۔۔!

اگر آپ روح کی طمانیت اور دل کا اطمینان چاہتے ہیں تو مذہب اختیار کیجئے
اور اگر سچ کے پیروکار ہیں تو تحقیق کیجئے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔(نٹاشے)
قارئین کہنے کو یہ صرف دو جملے ہیں لیکن اِن دو جملوں نے میرے اندرایک تلاطم برپاکردیا میں اُس رات سو نہیں سکا جس دن یہ دو جملے میں نے تحریرً ایک کتاب میں پڑھے۔ رات بھر اسی کے بارے میں سوچتا رہا، بنیادی طور پر اِن دو جملوں نے مجھے اندر سے ہلا کررکھ دیا تھا میں بار باراِن جملوں کی تشریح کررہا تھا ساری رات اپنے مقصد اور مطلب کی تشریحات نکالنے کے باوجود کسی طرح بھی ان لفظوں کی حقیقت سے انکار نہیں کرپارہا تھا۔ شاید میں سمجھ چکاتھا اِن جملوں میں کیاطوفان چھپاہے کیونکہ ایک طالب علم کی حیثیت سے میں انسان کی تاریخ پڑھ چکاتھا ، میں مذاہب کی تاریخ بھی جانتا تھا ۔اس لئے میں سمجھنے لگا تھا اِ ن جملوں سے کیا نکلنے والا ہے لیکن ڈر رہا تھا۔ اُس رات میں نے اپنی33 سالہ زندگی کی سب سے بے چین رات گزاری ۔ قارئین میں ہمیشہ سچ کا متلاشی رہا ہوں ،غیر جانب دارانہ حقیقت پسندی کی اِس جستجو میں بہت کچھ کھویا اور پایا ہے ۔سچ کی تلاش میں مسلکِ بریلوی سے زندگی کاسفر شروع کرنے والا حنفی، دیوبندی ، اہلحدیث ، فکرِسرسید،فکرِ اقبال اور پھر فکرِ پرویز تک جاپہنچااور آگے مزید کتنا سفر طے کرنا باقی ہے کچھ کہا نہیں جاسکتا کیونکہ بحیثیت انسان ہونے کے ناطے میرے لئے سچ جاننا بہت ضروری ہے۔ اپنے رب کی حقانیت اور اُسکی وحدانیت کو پہنچاننا بہت ضروی ہے ۔ میں خواہ مخواہ کی زندگی گزارنا نہیں چاہتا میں اپنے اور اپنے رب کے مقصد تک پہنچنا چاہتا ہوں ۔ میرے آنے کا اور اُس کے بھیجنے کا راز جاننا چاہتا ہوں ، اِس لئے میں نے مذہب پرستوں کی اندھی تقلید کرنے کے بجائے حق پرستی کا راستہ چنا سچ کا راستہ چنا ۔قارئین یہ دنیا رب تعالیٰ کی جانب سے نوع انسان کو ایک عظیم انمول تحفہ ہے جسے ایسے ہی بے مقصد گزار دینا یا ویٹنگ روم سمجھ لینا جہالت کی انتہا کو چھو لینے کے مترادف ہے۔اکثر و بیشتر ہرجگہ آپ کونوع انسان کی مختلف اقسام اسی جہالت گردی میں مبتلا نظر آئینگی۔چاہے وہ دنیاوی و مذہبی تعلیم سے کس قدر ہی آراستہ کیوں نہ ہوں لیکن اپنی لا محدود سوچ کو مخصوص اور محدود حدوں میں ڈھال کرعقل پرتالے لگالیتے ہیں۔ اِس طرح ایک با مقصد زندگی کا مقصد فوت ہوجاتاہے بالکل اسی طرح جیسے کوئی خود کو ایک کمرے میں بند کرلے اور اپنی عرصہ حیات کو اُسی کمرے تک محدود رکھے ایسے انسان کا دنیا میں ہونا نہ ہونا ایک برابر سمجھا جاتا ہے،بِنا اس کی پرواہ کئے کہ یہ دنیا کیوں بنی ،کس کے لیے بنی، کس طرح بنی، اﷲ رب العزت کا انسان کو دنیا میں بھیجنے کا مقصد کیاہے، انسان کے آنے کا مقصد کیا ہے، پیغمبران کے آنے کا مقصد کیا تھا، انھوں نے کیا کہا ، اورہم نے کیا کِیا ،انھوں نے کیاسمجھایااورہم نے کیا سمجھا،دنیا میں کیا کرنا ہے، کیوں کرنا ہے، کس کے لئے کرنا ہے، کس طرح کرنا ہے، یہ سب باتیں اُس کی سمجھ سے بالاتر ہوتی ہیں کیوں کہ اِن سب کی سوجھ بو جھ کے لئے اُسے عقل کے گھوڑے دوڑانے کی ضرورت ہے اوریہ اُس کے لئے ناممکنات میں سے ہے کیوں کہ اُس کی عقل پر توقُفل لگے ہیں جسے کھولنا وہ کفر سمجھتا ہے ۔تسخیرِ کائنات کے حوالے سے قرآن مجید میں 700 سے زائد آیات موجود ہیں جن میں اﷲ رب العزت اپنے بندوں سے فرما رہا ہے تحقیق کرو اور باغور دیکھو اِس کائنات کو جو ہم نے تخلیق کی۔لیکن ہمیں ڈاڑھی کے سائز ، برقعوں کی افادیت اور مسواک کے فائدے بتانے یاآپس کے اختلافی مسائل پر فتوےٰ گیری سے فرصت ملے تو ہم تسخیرِ کائنات کی آیات پر غور کریں ۔ اسی حوالے سے بحیثیت مسلمان دیکھا جائے تو ڈیڑھ کروڑ اسرائیلی ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر بھاری ہیں کیونکہ پچھلے کئی برسوں سے مسلمانوں کی ساری توانائی آپس میں ایک دوسرے کو کفر کے فتو ے بانٹنے میں صَرف ہوگئی ۔ جبکہ اُسی دوران منتشر اسرائیلی متحد ہوئے اور علوم و فنون کی ایسی تاریخ رقم کی کہ دنیاکو تسخیر کر بیٹھے ۔ شاید اسی بات کو محسوس کرتے ہوئے سر سید نے علوم و فنون کے حوالے سے نوجوانوں کے دلوں میں ایک نئی جہد ِمسلسل کو جنم دیا تھا۔مولاناابو کلام آزاد اپنی کتاب غبارِ خاطر میں لکھتے ہیں کہ اٹھارویں صدی کے آخر میں فرانس کا نپولین بوناپارٹ جب مصر پر حملہ آور ہوا تو اُس وقت کے مصری حاکم مراد بیگ نے ایک مشاورتی اجلاس طلب کیا جس میں مصر میں قائم اسلام کی سب سے بڑی درس گاہ جامعہ الاظہر کے علماء دین نے بھی شرکت کی اور مشورہ دیا کیوں نہ اِس مشکل وقت میں ختمِ بخاری شریف کرالی جائے ایسے مشکل حالات کے لئے تیر با ہدف نسخہ ہے ،چنانچہ ایسا ہی کیاگیا ۔ لیکن ابھی ختمِ بخاری شریف کا ختم مکمل بھی نہ ہوپا یا تھا کہ تب تک فرانس کی فوجیں باآسانی مصر میں داخل ہوچکی تھیں ۔ یہ حال رہا ہمارے علماؤں کا جن کے پیچھے ہم جنت کو تلاش رہے ہیں اوراُن کے فتوؤں کو آسمانی صحیفہ سمجھ کر اپنے دل دماغ کو ماؤف کرے بیٹھے ہیں۔ اﷲ رب العزت نے اپنے محبوب بندوں کو آزاد خودمختاراور باشعور بنا یا اور ہم نے اُس کی ان نعمتوں کو ناقص جان کر قدیم اور لا شعور انسان کی فطرت کو اپنا تے ہوئے خود کوکسی نہ کسی صورت میں غلامی کی زنجیروں میں جکڑ لیا ۔یہی غلام زدہ ذہن اپنے دل میں حصولِ جنت کی خواہش لئے دنیا کوبے توقیر سمجھ کر جنت کی تلاش میں نکل پڑتا ہے جنت کامتلاشی یہ انسان جس کا اصل ہدف صرف وصرف جنت ہے اور سمجھتاہے خود سے جنت تو کیا دوزخ بھی نہ ملے گی اِس لئے سب سے پہلے وہ دنیا ہی میں کسی جنتی کوڈھونڈتا ہے پھراُسکے قدموں کے دھندلائے ہوئے نقوش پر قدم بہ قدم چل پڑتا ہے اور دنیا میں آنے کا اپنااصل ہدف اورمقصد کھوبیٹھتا ہے۔ دنیا کو صرف سرائے خانہ سمجھنے والا یہی انسان بعدمیں ساری زندگی اپنی اور دنیا کی ناکامی کا رونا روتا ہے ایسے انسان سے دنیا کوسماجی طورپر کبھی کوئی فائدہ پہنچتا ہے اور نہ ہی اس میں بسنے والے لوگوں کو،بلکہ اس کے برعکس یہ دنیا میں بسنے والے کھلے ذہین کے مالک اور دنیا میں اپنی نسلی بقا و تحفظ کے لئے اپنی عقلی صلاحیتوں کابھرپور استعمال کرنے والوں سے حریص و جلیسی میں مبتلاہوکر اُن کا کھلا دشمن بن جاتا ہے اجتماعی طورپر دیکھا جائے تو ایسے تمام لوگ اپنی ساری توانائی خود کو جنتی اور باقی سب کو دوزخی ثابت کرنے میں گزار دیتے ہیں جو پورے معاشرے میں تباہی کا سبب بنتے ہیں جس سے دنیا میں فساد و انارکی جنم لیتی ہے۔ قارئین اس طرح کی سوچ آپکو دنیامیں مروجہ رائج تمام مذاہب میں ملیں گی جو جنت کی تلاش میں دنیا کو جہنم بنادیتیں ہے ۔ اِن جنت کے متلاشیوں سے میراصرف اتنا کہنا ہے کہ اگر آپ واقعی جنت کے متلاشی ہیں تو پہلے اس دنیا کو جنت بنائیں جو رب تعالیٰ کی جانب سے نوع انسان کو ایک عظیم انمول تحفہ ہے اور ثابت کریں کہ آپ واقعی کسی جنت کہ اہل ہیں۔ قارئین میں بھی جنت کا خواں ہوں لیکن میں اکیلا جنتی بننا نہیں چاہتا، میں اِس دنیا کو جنت اور اِس میں بسنے والے تمام لوگوں کو جنتی بناناچاہتا ہوں اورجہاں تک میں سمجھ پایا ہوں بحیثیت انسان میرے آنے کا اور اُس کے بھیجنے کا مقصد بھی یہی ہے ۔

( صرف روشن خیال لوگوں کے لئے)
علی راج
About the Author: علی راج Read More Articles by علی راج: 128 Articles with 107661 views کالم نگار/بلاگر.. View More