مسیحا لٹے ۔ ۔ ۔

پچھلے ایک ہفتہ کے اندر کا واقعہ ہے کہ نارتھ ناظم آباد کراچی میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی بس کو چار پانچ مسلح افراد نے یرغمال بنا کر اس میں بیٹھے مستقبل کے سو سے زاید مسیحاؤں کو ان کے موبائیل فونز‘ لیپ ٹاپس اور نقدی سے محروم کر دیا ۔۔۔۔ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی ڈاؤ کی بس کو لوٹا جا چکا ہے۔

جس طرح پنجاب بھر میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میڈیکل کے طالبعلموں کے لئے اولین ترجیح ہے اور وہاں پنجاب بھر کا اعلٰی ترین دماغ تعلیم حاصل کرتا ہے وہی مقام سندھ میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو حاصل ہے۔ ہمارے ساستدانوں اور ریاستی اداروں کے لئے یہ ایک معمول کی واردات تھی اور اس کا انجام بھی نامعلوم افراد کے ذمہ ڈال کر واقعہ کو نظر انداز کرنا ہی ہوا ہوگا۔ لیکن جو طالبِ علم اس صورتِ حال سے گزرے اور اپنے آپ کو آتشی اسلحہ کے رحم کو کرم پہ پایا وہ خود کو اس معاشرہ میں کتنا بے بس اور غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں اور ہر روز وہ اسی کیفیت سے گزرتے ہیں تو اس کے کیا اثرات ہو سکتے ہیں اس کے بارے میں کسی کو سوچنے کی نہ فرصت ہے اور نہ اس سے دلچسپی۔ یہ طالبِ حصول تعلیم کے بعد ایک اعلٰی دماغ کے حامل ڈاکٹر کی حیثیت سے اس ملک کو عدم تحفظ کی وجہ سے چھوڑنے کا فیصلہ کریں تو اس سے ہمارے کرتا دھرتاؤں کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

غیروں سے بھیک مانگ کر اور ملک کے قیمتی اثاثے غیروں کے ہاتھوں کوڑیوں کے مول بیچ کر ملکی ترقی کے نعرے لگانے والے حکمران کیا اتنی سے بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ملک ترقی سرمائے سے نہیں بلکہ باصلاحیت لوگوں کو ملک کے اندر ترقی کے مواقع اور انہیں اور ان کے کاروبار کو تحفظ فراہم کئے جانے سے کرتا ہے۔ اس ملک کے دوست نما دشمن ملکوں کی ہر ممکن کوشش ہے کہ اسے نہ صرف اس کے اثاثوں اور سرمائے بلکہ ہنر مند افراد سے بھی کنگال کردیا جائے اور اس کے لئے انہوں نے ہر شعبہ میں اعلٰی ترین ذہنی صلاحیت کے حامل افراد کے لئے اپنے اپنے ممالک میں اسامیاں اور مزید تعلیم کے لئے وظائف کا اعلان کر رکھا ہے۔ یہی نہیں اس طرح کے لوٹ مار کے واقعات ان طالبعلموں کو بھی اپنی سوچ پر نظرِ ثانی کرنے پر مجبور کر رہے ہیں جو اپنے ملک سے باہر جانا نہیں چاہتے اور یہیں رہ کر اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔

ڈاؤ کی بس لٹی
سماج میں کہیں کوئی
آواز نہ اٹھی
Dr. Riaz Ahmed
About the Author: Dr. Riaz Ahmed Read More Articles by Dr. Riaz Ahmed: 53 Articles with 44397 views https://www.facebook.com/pages/BazmeRiaz/661579963854895
انسان کی تحریر اس کی پہچان ہوتی ہےاس لِنک کو وزٹ کرکے بھی آپ مجھ کو جان سکتے ہیں۔ویسےکراچی
.. View More