خواتین میں جلد کے مسائل اور ان کا حل٬ ڈاکٹر بلقیس شیخ

خواتین اپنی جلد کے حوالے سے انتہائی حساس ہوتی ہیں جبکہ انہیں اکثر کیل مہاسوں٬ گرمی دانوں اور جلد کے دیگر مسائل کا سامنا بھی رہتا ہے- ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے اکثر خواتین اپنے طور پر ہی مختلف قسم کے ٹوٹکے آزماتی رہتی ہیں جو کم ہی کامیاب ہوتے ہیں- لیکن ان مسائل سے چھٹکارے کا بہترین حل کیا ہے؟ یا ان سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟ یہ سب جاننے کے لیے ہماری ویب کی ٹیم نے معروف ہربلسٹ ڈاکٹر بلقیس شیخ سے جلد کے مسائل سے بچاؤ کے متعلق شعور اور آگہی کے لیے اہم معلومات حاصل کیں- ڈاکٹر بلقیس شیخ سے حاصل کردہ مفید معلومات یہاں قارئین کی خدمت میں پیش کی جارہی ہے تاکہ آپ اس سے استفادہ حاصل کرسکیں-

ڈاکٹر بلقیس کا کہنا ہے کہ “ گرمیوں میں اکثر لوگوں کے چہرے پر تیل آجاتا ہے جس کی وجہ سے انہیں خارش ہونے لگتی ہے٬ ان کا رنگ کالا ہوجاتا ہے جبکہ اور لوگ دھوپ سے بچنے کی کوشش کرنے لگتے ہیں“-
 

image


“ اس سے بچاؤ کا گھریلو اور آسان نسخہ یہ ہے کہ ورس٬ گیندے کے پھول اور گلاب کی پتیاں تینوں اشیا ایک ایک چمچ لے کر ایک کپ گرم عرقِ گلاب میں ڈال دیں اور اسے ٹھنڈا ہونے دیں- اس کے بعد اگر چاہیں تو اس عرق کو چھان کر اس میں چند قطرے قدرتی سرکہ شامل کرلیں- اس کے بعد اس پانی کو ایک اسپرے بوتل میں ڈال کر فریج میں رکھ دیں- دن میں متعدد بار اس پانی کا چھڑکاؤ اپنے چہرے پر کریں- لیکن یاد رہےکہ یہ آنکھوں میں نہ جائے- چھڑکاؤ کے بعد چہرے پر موجود پانی کو ہلکے ہاتھ سے خشک کرلیں-

“ ایسی لڑکیاں جو دفاتر میں کام کرتی ہیں وہ چھڑکاؤ کے بعد چاہیں تو میک اپ بھی کرسکتی ہیں“-

ڈاکٹر بلقیس یہ بھی کہتی ہیں کہ “ دوسری چیز جو گرمیوں سے زیادہ ہوتی ہے وہ کیل مہاسے یا بڑے بڑے دانوں کا نکلنا ہے- اس صورت میں آپ جائفل کو کچے دودھ کے ساتھ ملا کر جہاں دانے ہوں وہاں لگائیں“-

“ اس کے علاوہ ایک پتھر جسے مردار سنگ کہا جاتا ہے اور صندل کا برادہ دونوں ہم وزن لے کر اس میں ملتانی مٹی ملائیں اور جہاں دانے ہوں وہاں لگا کر چھوڑ دیں- اس طرح کرنے سے دانوں کے بعد پڑنے والے گڑھوں سے بھی آپ محفوظ رہیں گے- نسخے میں استعمال کیا جانے والا صندل کا برادہ اگر خالص ملے تو زیادہ اچھا ہے“-

“ آپ کو یہ عمل مسلسل کرنا ہے اور احتیاط کے طور پر بڑا گوشت نہ کھائیں٬ لال مرچ کم استعمال کریں اور تیز مرچ مصالحے والی اشیا بھی کم کھائیں گے تو انشاﺀ اﷲ بہت فرق پڑے گا“-

ڈاکٹر بلقیس کا کہنا تھا کہ “ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کبھی اچانک کیل مہاسے نکل آتے ہیں جبکہ گھر میں شادی کا دور ہوتا ہے یا پھر لڑکے یا لڑکی کو لوگ دیکھنے کے لیے آرہے ہوتے ہیں- اگر ایسی صورتحال ہو تو سفیدہ کاجوری جو سفید رنگ کا پاؤڈر ہوتا ہے اور پنساری سے مل جاتا ہے لے کر عرقِ گلاب میں گھول کر صرف کیل یا مہاسے پر لگا کر چھوڑ دیں وہ مکمل طور پر خشک ہوجائے گا“-
 

image

“ لیکن یاد رکھیں کہ یہ عمل بار بار یا زیادہ نہ کریں کیونکہ اس سے آپ کا رنگ سیاہ بھی ہوسکتا ہے“-

“ اس کے علاوہ کچھ لوگوں کو پسینہ بہت آتا ہے٬ کسی کو ہاتھوں میں آتا ہے تو کسی کو چہرے پر- اس کا ایک حل تو یہ ہے کہ ناریل کا تیل ٹھنڈا کریں اس سے بہت فرق پڑتا ہے“-

“ اگر آپ کا پسینہ اس سے بھی کنٹرول نہیں ہوتا تو ناکیسر کے نام سے ایک بوٹی آتی ہے وہ ایک چمچ پیس کر عرقِ گلاب میں ملا کر ہاتھوں٬ پاؤں یا اگر چہرے پر پسینہ آتا ہے تو اس میں ملتانی مٹی ملا کر لگائیں- یہ آپ کے لیے بہترین ثابت ہوگا“-

ڈاکٹر بلقیس بتاتی ہیں کہ “ گرمیں کی آمد سے قبل بہار میں مختلف علاقوں میں خون صاف کرنے کے لیے مختلف طریقے اپنائے جاتے ہیں تاکہ گرمیوں میں کھانا کھانے سے اور خون کی حدت بڑھنے سے چہرے پر دانے نہ نکلیں“-

“ خون کی صفالی کے لیے آپ یہ کرسکتے ہیں کہ 8 سے 10 عدد نیم کے تازہ پتے٬ 2 سے 3 چمچ گُڑ اور 8 سے 10 عدد کالی مرچیں لے کر اس حد تک پیس لیں کہ یہ تمام چیزیں یکجان ہوجائیں- اب اس میں گوند کیکر ڈال کر کو پانی بھگو لیں- اس کے بعد اس مکسچر کی چنے کی دال کے برابر گولیاں بنالیں اور یہ گولیاں گرمیوں سے قبل نہار منہ دودھ کے ساتھ کھائیں- بچوں کو آدھی گولی دیں جبکہ بڑے پوری گولی کھائیں- آپ دیکھیں گے کہ پوری گرمیاں گزر جائیں گی لیکن آپ کو گرمیوں کی بیماریاں نہیں ہوں گی جس میں گرمی دانے بھی شامل ہیں“-

“ بعض لوگوں کو گرمی دانے بہت زیادہ نکلتے ہیں اور انہیں خارش بھی بہت زیادہ ہوتی ہے جبکہ ان کے دانوں میں تھوڑی تھوڑی پیپ بھی پڑ جاتی ہے“-

“ اس کے لیے میرا اپنا آزمایا ہوا ایک ٹوٹکا یہ ہے کہ نیم کے پتے٬ پودینے کے پتے اور سونف ہم وزن لے کر گرم پانی میں ڈال دیں جب وہ ٹھنڈا ہوجائے تو اس میں سفیدے کے پتے شامل کریں- نہانے کے بعد ململ کا کپڑا اس مکسچر میں بھگو کر گرمی دانوں پر لگانے سے آرام آجائے گا“-

“ گرم دانوں سے بچنے کے لیے ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ عام مٹی چھان لیں لیکن یاد رہے کہ مٹی پاک ہونی چاہیے- اس کے لیے ایک سے ڈیڑھ انچ زمین کھود کر مٹی نکالیں- چھانی ہوئی مٹی میں عرقِ گلاب ملک کر لگانے سے آپ کے دانے فوراً ختم ہوجائیں گے“-
 

image

ڈاکٹر بلقیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ “ کافور گرمیوں کے لیے ایک بہترین چیز ہے- ایک پیالی پانی میں کافور کی چوکور ٹکیاں ڈال لیں اور اس پانی میں ململ کا کپڑا بھگو کر بچوں کے گرمی دانوں پر رکھیں- اس طرح کرنے سے بچوں کو پسینہ کم آئے گا“-

ڈاکٹر بلقیس کے مطابق “ گرمیوں میں بالوں کے ساتھ بھی کئی مسائل ہوتے ہیں٬ کسی کے بال گرمیوں میں بہت گرتے ہیں تو کسی کے سردیوں میں- اگر آپ بالوں کو بچانا چاہتے ہیں یا ان میں سے آنے والی پسینے کی بو اور خشکی سے بچنا جاتے ہیں تو انگور یا سیب کا سرکہ لے کر اس میں سنا کے چند پتے لے کر سرکہ گرم کر کے اس میں ڈال دیں- جب یہ ٹھنڈا ہو جائے تو اسے کسی بوتل میں بھریں اور اس کے ساتھ ایک چمچ شہد شامل کرلیں اور بوتل کو اچھی طرح ہلائیں- نہانے سے 15 منٹ قبل اسے سر کی جڑوں میں لگائیں اور سر دھو لیں“-

“ یہ عمل کرنے سے نہ تو آپ کے سر میں گرمیوں کی خشکی ہوگی اور نہ آپ کے سر میں پسینہ آئے گا“-
 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

Women are quiet sensitive about their skin and they are troubled due to acne, heat grain and other related problems. In order to get rid of these problems, mostly women use various home remedies out of which fewer are successful. What is the solution of these skin problems? How we can prevent from them? In order to answer these questions, HamariWeb team visited renowned Herbalist Dr. Bilqees Shaikh and gained some valuable information.