سورہ البقرہ - ٢ -
-------------- آیات # ١٤٢ تا ١٤٥
اب کہیں گے بیوقوف لوگ کس نے پھیر دیا مسلمانوں کو ان کے اس قبلہ سے جس پر
تھے تم فرما دو کہ پورب اور پچھم سب الله ہی کا ہے جسے چاہے سیدھی راہ
چلاتا ہے - اور بات یوں ہے کہ ہم نے تمہیں کیا سب امتوں میں افضل کہ تم
لوگوں پر گواہ ہو اور یہ رسول تمھارے نگہبان و گواہ اور اے محبوب تم پہلے
جس قبلہ پر تھے ہم نے وہ اسی لئیے مقرر کیا تھا کہ دیکھیں کون رسول کی
پیروی کرتا ہے اور کون الٹے پاؤں پھر جاتا ہے اور بیشک یہ بھاری تھی مگر ان
پر جنھیں الله نے ہدایت کی اور الله کی شان نہیں کہ تمہارا ایمان اکارت کرے
بیشک الله آدمیوں پر بہت مہربان مہر والا ہے -
ہم دیکھہ رہے ہیں بار بار تمہارا آسمان کی طرف مونہہ کرنا تو ضرور ہم تمہیں
پھیر دینگے اس قبلہ کی طرف جس میں تمہاری خوشی ہے اب اپنا مونہہ پھیر دو
مسجد حرام کی طرف اور اے مسلمانوں تم جہاں کہیں ہو اپنا مونہہ اسی کی طرف
کرو اور وہ جنھیں کتاب ملی ہے ضرور جانتے ہیں کہ یہ ان کے رب کی طرف سے حق
ہے اور الله ان کے کرتوتوں سے بے خبر نہیں -
اور اگر تم ان کتابیوں کے پاس ہر نشانی لے کر آؤ وہ تمھارے قبلہ کی پیروی
نہ کرینگے اور نہ تم انکے قبلہ کی پیروی کرو اور وہ آپس میں بھی ایک دوسرے
کے قبلہ کے تابع نہیں اور اے سننے والے ( کسے باشد ) اگر تو ان کی خواہشوں
پر چلا بعد اسکے کہ تجھے علم آ چکا تو اس وقت تو ضرور ستمگار ہوگا |