دل٬ قدرت کا عظیم معجزہ اور حیران کن حقائق

یہ تو ہم سب کو معلوم ہے کہ دل ایک انتہائی اہم عضو ہے جس کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا۔ لیکن آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ دل کا معاملہ سادہ نہیں ہے اور ماہرین اسے قدرت کا ایک عظیم معجزہ قرار دیتے ہیں- آج ہم اس عظیم معجزے سے جڑے چند ایسے حیران کن حقائق پر نظر ڈالیں گے جو ڈوئچے ویلے کی رپورٹ سے لیے گئے ہیں-
 

حیران کُن سکشن اور پریشر پمپ
ایک بند مُٹھی کی شکل اور حجم رکھنے والا قدرت کا یہ حیران کن معجزہ روزانہ قریب 10 ہزار لیٹر خون ہمارے جسم میں پمپ کرتا ہے۔ اور یہ عمل زندگی کے آخری لمحے تک بغیر رُکے جاری رہتا ہے۔ جاگنگ وغیرہ کے دوران خون کی پمپ کی جانے والی مقدار پانچ گنا تک بڑھ جاتی ہے۔

image


مکمل طور پر عضلات کا کام
دل محض مسلز یا عضلات سے مل کر بنا ہے تاہم یہ بہت ہی خاص ہے۔ یہ ٹانگوں اور بازوؤں کے عضلات سے ملتا جلتا ہے کیونکہ یہ بہت طاقت کے ساتھ سکڑتا اور پھیلتا ہے۔ مگر خاص بات یہ ہے کہ یہ دیگر عضلات کی طرح کبھی تھکتا نہیں۔

image


اوپن ہارٹ سرجری
دل کے آپریشن کے لیے ڈاکٹروں کو دل کی دھڑکن کچھ وقت کے لیے روکنا پڑتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈاکٹروں نے 50 کی دہائی میں ایک ہارٹ-لنگ مشین یعنی مصنوعی دل اور پھیپھڑوں جیسی مشین تیار کی تھی۔ جس دوران دل کا آپریشن مکمل کیا جاتا ہے یہ مشین مریض کو زندہ رکھتی ہے۔

image


رگوں کے ذریعے دل تک
دل کے آپریشن کے لیے اب ڈٓاکٹروں کو مریض کا سینہ کاٹنے کی ضرورت نہیں رہی بلکہ اب یہ عمل ایک خاص مشین کے ذریعے تکمیل پاتا ہے۔ اس میں ایک ڈاکٹر ایک خصوصی لچکدار آلے کو مریض کے بازو میں موجود رگ کے ذریعے دل تک پہنچاتا ہے اور دل میں موجود مسئلے کو دور کرتا ہے۔ اس دوران مریض کو محض لوکل انستھییزیا دیا جاتا ہے۔

image


تہہ ہونے والا دل کا والو
اگر دل کا کوئی ایک والو خراب ہو جائے تو اسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے یا تو کسی مخصوص جانور یا دھاتی والوو کا استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم اب ایسے بھی مصنوعی والوو تیار کر لیے گئے ہیں جو تہہ ہو سکتے ہیں۔ اس طرح ایک باریک سوراخ کے ذریعے سرجن اسے دل میں نصب کر دیتا ہے اور اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت نہیں پڑتی۔

image


رگوں میں رکاوٹ
کورونری آرٹریز یا شریانیں ہمارے جسم کے خلیوں تک خون کے ذریعے خوراک اور آکسیجن پہنچاتی ہیں۔ ایسی کسی شریان میں رکاوٹ نہ صرف ہمارے جسم کے عضلات کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے بلکہ ہارٹ اٹیک کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ ایسی صورت میں سرجن بائی پاس آپریشن کے ذریعے متاثرہ رگ کے رکاوٹ والے حصے کو نکال دیتا ہے۔

image


زندگی بچانے والی دھات
اگر شریانوں کا اندورنی حصہ سکڑ جائے تو ڈاکٹر ایک نالی کے ذریعے شریان میں ایک ٹیوب سی داخل کر دیتے ہیں۔ اس طرح یہ شریان دوبارہ نہیں سکڑتی۔ یہ دھات کی بنی ٹیوبس ہوتی ہیں جو شریان کو اندر سے سپورٹ فراہم کرتی ہیں۔

image

ہارٹ ٹرانسپلانٹ
دنیا میں دل کا پہلا ٹرانسپلانٹ 1967ء میں کیا گیا۔ یہ اس وقت کی ایک بڑی خبر تھی۔ اب ہر سال دنیا بھر میں چند ہزار مریضوں میں ایسے ڈونرز کا دِل لگایا جاتا ہے جو انتقال کر چکے ہوتے ہیں۔ تاہم دل کا عطیہ حاصل کرنے والے مریض کو پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ادویات کے سہارے زندگی بسر کرنا پڑتی ہے۔

image

مصنوعی دِل
دل کا عطیہ کرنے والے افراد بہت ہی کم ہوتے ہیں۔ اسی باعث طبی ماہرین نے مصنوعی دل بھی تیار کیا ہے۔ مریض کا اپنا دل بھی جسم کے اندر رہتا ہے تاہم اسے لگائے گئے دل کے ذریعے مدد فراہم کی جاتی ہے۔ اس مصنوعی دل کے پمپ کو درکار بجلی جسم کے باہر سے فراہم کی جاتی ہے۔

image

پلاسٹک کا بنا دل
محققین اب ایک ایسے مصنوعی دل کی تیاری پر تحقیق کر رہے ہیں جو مکمل طور پر مریض کے اپنے دل کی جگہ لے سکے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ نہ تو اسے باہر سے کرنٹ فراہم کرنے کی ضرورت ہو اور نہ ہی بہت جلد کوئی نقص پیدا ہونے کا اندیشہ۔

image
YOU MAY ALSO LIKE:

The heart is a muscular organ in both humans and other animals, which pumps blood through the blood vessels of the circulatory system. Blood provides the body with oxygen and nutrients, and also assists in the removal of metabolic wastes.