اس سورہ کے چند نام بیان ہوئے
ہیں ان میں مشہور ترین نام سورہ بقرہ ہے ،بقرہ کے معنی گائے ہیں چونکہ اس
سورے میں گائے کو ذبح کرنے کا قصہ بیان ہوا ہے،اس لئے اس کو سورہ بقرہ کہا
جاتا ہے۔اس سورہ کو سید القرآن(قرآن کا سردار سورہ)بھی کہا جاتا ہے۔قرآن
مجید کا سب سے بڑا سورہ ہے اور مدینے میں نازل ہونے والا پہلا سورہ ہے،پورے
قرآن میں سب سے زیادہ احکام اسی سورے میں بیان ہوئے ہیں اس سورے کی سب سے
زیادہ آیات ہیں،کسی نے رسول ؐ سے پوچھا :’’قرآن مجید کا کونسا سورہ افضل
ہے؟رسول ؐ نے فرمایا سورہ بقرہ۔
فضائیل سورہ اور علاج:
رسول ؐ نے ارشاد فرمایا:جو بھی اس سورے کی تلاوت کرے گا وہ اﷲ کے درود و
سلام اور رحمتوں کا مستحق ہو گا اور ایک سال تک اﷲ کی راہ میں جہاد کرنے
والے کا ثواب عطا ہو گا اور کفار کا اس پرکوئی خوف و دبدبہ نہ ہو گا۔ امام
جعفر صادق ؑ نے فرمایا:’’جو بھی سورہ بقرہ اور آل عمران کی تلاوت کرے گا تو
یہ دونوں سورتیں قیامت والے دن سائباں کی طرح اس پر سایہ رکھیں گے۔
رسول ؐ نے فرمایا:’’جو شخص سورہ بقرہ کی سب سے بڑی آیت آیہ الکرسی کی تلاوت
کرے گا انشاء اﷲ اسے فالج ہونے کا خوف نہیں ہو گا اور جو اسے ہر نماز کے
بعد پڑھے گا ذہر اسے کوئی آسیب نہیں پہنچا سکے گا۔
رسول ؐنے فرمایا:’’جس گھر میں سورہ بقرہ کی تلاوت ہو وہاں سے شیطان فرار ہو
جاتا ہے‘‘
امام زین العابدین ؑ نے فرمایا:سورہ بقرہ کی آخری دو آیات بہشت کے خزانوں
میں ایک خزانہ ہے ،خدا نے تمام مخلوقات کی پیدائش سے دو ہزار سال پہلے
انہیں اپنے دست قدرت سے لکھا ہے ،اﷲ تعالی ان دو آیتوں کی تلاوت کرنے والے
کی دنیاوی اور اُخروی حاجات پوری کرتا ہے اور شیطان بھی اس کے نزدیک نہیں
پھٹک سکتا۔
رسول ؐ نے فرمایا: ’’سورہ بقرہ کی آخری دو آیات قرآن بھی ہیں ،دعا بھی اور
خوشنودی خدا بھی ہیں ۔جو نماز عشاء کے بعد ان کی تلاوت کرے گا تو یہ اسکی
رات بھی کی عبادت کے لئے کافی ہیں۔
خدا ہمیں قرآن پاک کی تلاوت کرنے کا شرف عطا کرے۔قرآن پاک کا ہر سورہ اپنی
اپنی جگہ پر اہمیت کا حامل ہے اگرہم مسلمان قرآن پاک کی آیات کو صحیح طرح
سے سمجھنے لگیں تو نہ جانے ہمارے کتنے مسائل حل ہو جائیں گے۔اور نہ جانے ہم
پر کتنی حقیقتیں ظاہر ہو جائیں گی جو آج تک شاید ہم سے پوشیدہ تھیں۔ |