سر پھرا

ارے تم بہت شریف آدمی ہو،یہاں شرافت کی کوئی قدر نہیں ہے۔ یوں مت اتنی لچک اپنے اندر پیدا کرو؟یہاں تو لوگ جہاں کسی کو کمزور دیکھتے ہیں اُسی کو ذیادہ دبانے کی کوشش کرتے ہیں۔جہاں کوئی کمزور اپنے حق کے لئے آواز بلند کرتا ہے اُس کو جان لیوا دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ یہ اس لئے ہوتا ہے کہ کمزور کو اپنی طاقت کا اندازہ نہیں ہوتا ہے وہ سمجھتا ہے کہ وہ تنہا ہے تو وہ کچھ بھی کر لے وہ کبھی بھی ہاتھی جیسے بپھرے شخص کو نہیں زیر کر سکتا ہے۔ دیکھو! ہماری یہی منفی سوچ ہی اکثر ہمیں لے ڈوبتی ہے اور ہم جو اﷲ کی دی ہوئی صلاحیتوں سے فائدہ نہ اُٹھاسکیں تو پھر اس میں ہمیں قسمت کو دوش دینے کی کیا ضرورت ہے؟دیکھو!اﷲ نے ہر انسان میں حالات سے مقابلے کی طاقت رکھی ہوئی ہے اور اکثر تم نے سنا بھی ہوا ہوگا یا دیکھا بھی ہوگا کہ چیونٹی کیسے کئی گنا بڑے ہاتھی کو مار گراتی ہے۔ یوں ہی انسان بھی اگر ہمت سے کام لیں تو وقت کے فرعون کے سامنے کھڑے ہو کر اسکی فرعونیت کو ختم کر نے کے قابل ہو سکتے ہیں مگر اس راہ میں ثابت قدم رہنا ہی بنیادی شرط ہے۔

آج پھر مجھے میرے جگری دوست مظہر فرید نے بھرپور قائل کرنے کی کوشش کرلی تھی۔میں کافی دنوں سے اپنے چچا نصراﷲ سے زمین کے معاملات پر ذہنی طور پر الجھا ہوا تھا اور میری شکل پرمتواتر بارہ بجے ہوئے تھے اورکافی دنوں سے میں جان بوجھ کرمظہر فرید کا سامنا کرنا نہیں چاہ رہا تھا ۔مجھے پتا تھا کہ وہ اپنے دلائل سے مجھے مطمٰن کر لے گا اور پھر میرا دل خود ہی حق کی جنگ کی طرف لڑنے کا مائل ہو جائے گا۔میں خود بھی اپنی تحریروں سے قارئین کو متاثر کرنے کی جستجو میں لگا رہتا ہوں مگر آج مجھے معلوم ہوا کہ دنیا میں ایسے سرپھروں کی کمی نہیں ہے جو ذہنوں کو مسخر کر سکتے ہوں۔

میں جو یوں ہی ایک رسالے کو سرسری سا دیکھ رہا تھا اچانک قرآن کی ایک آیت پر نظر ٹھہر سی گئی’’ اور انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کی وہ کوشش کرتا ہے‘‘۔

اس کے ساتھ ہی دیوار کے’’ ڈھے ‘‘ جانے میں جو کسر باقی تھی وہ پوری ہوئی اور میں نے سوچ لیا کہ وہی ہوگا جواب تک مظہر فرید مجھ سے کہتا چلاآرہا تھا ،میں بھی فرعون کی فرعونیت ختم کرنے کے لئے سرپھرا بننے کو تیار ہو گیا تھا کہ کوئی تو ہو جو برائی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار سرانجام دے۔
Zulfiqar Ali Bukhari
About the Author: Zulfiqar Ali Bukhari Read More Articles by Zulfiqar Ali Bukhari: 394 Articles with 526461 views I'm an original, creative Thinker, Teacher, Writer, Motivator and Human Rights Activist.

I’m only a student of knowledge, NOT a scholar. And I do N
.. View More