بسم اﷲ الرحمن الرحیم
ترجیحات ہماری دنیاوی اور اخروی دونوں زندگیوں کی کامیابی اور ناکامی میں
اہم ترین کردار ادا کر تی ہیں،اس لیے درست ترجیحات کا تعین ہماری اہم ترین
ذمہ داری ہے۔میرے خیال میں ہر شخص اپنی اور اپنے متعلقین کی ترجیحات کے
تعین کا ذمہ دار ہے جس کی دلیل ہمیں سونپی گئی یہ ذمہ داری ہے کہ
" کُلُّکُم رَاعٍ وَ کُلُّکُم مسؤل"
تم میں سے ہر ایک چرواہا ہے جس سے اس کے ریوڑ کے بارے میں پرسش کی جائے گی
گویا ترجیحات کا تعین دراصل تربیت کا دوسرا نام ہے اور یہ تو طے ہے کہ
تعلیم و تربیت لازم و ملزوم ہیں،تربیت کے بغیر تعلیم اس طرح ہے جیسے خوشبو
کے بغیر پھول۔ بطور استاد میں طالب علموں سے اکثر ان کی ترجیحات کے بارے
میں پوچھتی رہتی ہوں تاکہ ان کے جوابات کی روشنی میں باتوں باتوں میں ان کی
ترتیب درست کروا سکوں۔مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ اکثر والدین اور
اساتذہ کرام اپنی اس اہم ترین ذمہ داری سے غافل ہیں۔
میں ہر سال نئی نے والی طالبات سے کہتی ہوں کہ وہ اپنی ترجیحات کو ترتیب سے
بتائیں کہ وہ محبت کے اعتبار سے پہلے تین نمبروں پر کسے رکھتی ہیں؟تو ان کی
ترتیب میں عموماً تین رشتے ہوتے ہیں(۱)ماں،باپ،بہن بھائی (۲)باپ،ماں،بہن
بھائی(۳)ماں باپ،بہن بھائی، استاد،دوست وغیرہ وغیرہ۔یعنی محبت میں ان کی
ترجیحات کی ترتیب میں ماں،باپ،بہن،بھائی یا زیادہ سے زیادہ استاد اور دوست
شامل ہوتے ہیں تو میں انہیں پیار سے سمجھاتی ہوں کہ محبت میں ہماری ترتیب
یوں ہونی چاہئیے ۔
٭آپ نے جن رشتوں کا ذکر کیا ہے ،یہ سب رشتے تخلیق کرنے والی ،ہمارے دلوں
میں ان رشتوں سے محبت پیدا کرنے والی پاک ذات خالق کائنات ،رب کائنات کی ہے
اس لئے محبت کی فہرست میں ہماری پہلی ترجیح انعامات کی بارش کرنے والے خالق
وباری تعالیٰ کی ذات ھونی چاہیئے ۔
٭اﷲ تعالیٰ کے بھیجے ہوئے پیغمبر،رسول،انبیائے کرام سے محبت کا ہماری
ترجیحات میں دوسرا نمبر ہونا اس لئے ضروری ہے کہ انہی ہستیوں نے ہمیں اﷲ
تعالیٰ کی پہچان سکھائی،ان کی تعلیمات نے ہی ہمیں جینا سکھایا۔انہوں نے ہی
ہمیں بتایا کہ محبت کیا ہے اور کس سے کتنی محبت کرنی ہے؟سارے انبیائے کرام
علیہم السلام پر بالعموم اور خاتم الانبیاء حضرت محمد ﷺ جیسے مشفق ومہربان
نبی جو امّت کی خاطر راتوں کو آہ وزاری فرماتے تھے ،سے بالخصوص محبت کرنا
ہمارا فرض ہے ۔
٭صحابہ کرام رضوان اﷲ علیہم اجمعین وسلف صالحین سے محبت کریں جن کی
قربانیوں اور محنتوں کی وجہ سے دینِ اسلام ہم تک پہنچا۔
٭اپنے والدین سے محبت کریں،جنہوں نے تکالیف برداشت کرکے آپ کی پرورش کی۔
٭ماں،باپ،بہن،بھائی،بیوی،شوہر،اولاد یعنی اپنے محرم رشتہ داروں سے محبت
کریں جو ہر مشکل وقت میں آپ کے کام آتے ہیں۔اپنے والدین،دیگر بزرگوں کی
خدمت ودیکھ بھال،اپنے بیوی،بچوں،شوہراور دیگر محرم رشتہ داروں سے حسنِ
سلوک،ان کے نان ونفقہ،دیگر ضروریاتِ زندگی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح
ہونی چاہئے۔
بعض لوگ گھر سے باہر حسنِ اخلاق کے مجسمے اور سخاوت کے پیکر کے طور پر
پہچانے جاتے ہیں لیکن گھر میں داخل ہوتے ہی ــ"ہٹلر" بن جاتے ہیں۔حالانکہ
اس کے اپنے اہل وعیال اوررشتہ دار ان کے حسنِ سلوک اور سخاوت کے زیادہ
مستحق ہوتے ہیں۔جیسا کہ حدیث مبارک ہے کہ:
"جو شخص اﷲ اور آخرت پر یقین رکھتا ہے اسے اپنے رشتہ داروں سے حسن ِ سلوک
کرنا چاہئے "(بخاری ومسلم)
٭ہر رشتے سے اہمیت کے اعتبار سے محبت کرنا ہمارا فرض ہے۔ہمارے دین اسلام نے
ہمیں سکھایا ہے کہ جب آپ زکوٰۃ اورصدقات دینے لگیں یامال اﷲ کی راہ میں خرچ
کرنے لگیں تو آپ کی پہلی ترجیح ضرورت مند رشتہ دار ہونے چاہیئیں۔اگر رشتہ
داروں میں کوئی آپ کی مدد کا محتاج نہ ہوتو پھر اپنے پڑوسیوں کو ترجیح دی
جائے گی ۔اگر پڑوسی بھی خوشحال ہوں تو اپنے علاقہ اور شہر کے ایسے ضرورت
مندوں کو ترجیح دی جائے گی جو ضرورت مند تو ہیں مگر کسی کے سامنے دستِ سوال
دراز نہیں کرتے۔ہمیں یہ بھی سکھادیا گیا کہ صدقات وزکوٰۃ دیتے وقت مسلمانوں
کو ترجیح دی جائے گی۔
٭ایثاروقربانی کا درس دیتے ہوئے ہمیں یہ بھی سکھایا گیا ہے کہ جب ایک ہی
جگہ یا موقع پر ایک سے زیادہ ضرورت مندہوں توآپ اپنی ضرورت کوبالائے طاق
رکھتے ہوئے اپنے مسلمان بھائی یا بہن کی ضرورت کو اپنی ضرورت پر ترجیح
دیں۔جیسا کہ ایک غزوہ میں ایک سے زیادہ مسلمان مجاہدین زخمی حالت میں پڑے
تھے۔ایک زخمی نے پکارا"پانی"۔پانی پلانے والا پانی لے کر اس زخمی کے پاس
پہنچاتو دوسرے زخمی کی آواز آگئی"پانی"۔پہلے زخمی نے پانی پلانے والے سے
کہا ،پہلے میرے اس بھائی کو پانی پلادو۔وہ دوسرے زخمی کے پاس پہنچا تو ایک
تیسرے زخمی نے کہا"پانی"۔دوسرے زخمی نے کہا پہلے اس بھائی کو پانی دے دو۔وہ
پانی لے کر تیسرے زخمی کے پاس چلا گیا۔اس نے کہا جس نے مجھ سے پہلے پانی
مانگا تھا ،اسے پہلے پانی پلاؤ۔پانی پلانے والا پہلے زخمی کے پاس پہنچا تو
وہ اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملا تھا۔وہ دوسرے زخمی کے پاس پہنچا تو وہ بھی
جامِ شہادت نوش کرچکا تھا۔وہ تیسرے زخمی کے پاس پہنچا تو وہ بھی اپنی
جان،جان آفریں کے سپرد کرتے ہوئے ایثاروقربانی کی ایک لازوال داستاں رقم
کرچکا تھا۔
٭ہمیں یہ بھی سکھایا گیا ہے کہ دوست بناتے وقت،رشتہ داری قائم کرتے ہوئے
ہمیں"دین داری" اور سیرت واخلاق کو ترجیح دینی چاہئے۔قرآن مجید میں
سورۃالعصر میں اﷲ سبحانہ وتعالیٰ نے کس قدر خوبصورتی سے ہمیں "انتخاب"کا
معیار بتایا ہے۔
والعصرOان الانسان لفی خسرO
سب سے پہلے قسم کھائی،پھر اپنے پیدا کردہ انسان کی مجموعی حقیقت اور قلعی
کھولتے ہوئے بیان فرمایاکہ"بے شک انسان خسارے میں ہے۔"
اپنا نقصان خود کررہا ہے۔پھر وضاحت کردی کہ گھاٹے کا سودا کرنے والے
انسانوں میں ایسے بھی ہیں جو اﷲ کی توفیق سے گھاٹے کا سودا کرنے والوں میں
شامل نہیں ہیں کیونکہ ان کی اولین ترجیح رضائے الٰہی کا حصول ہے۔یہ وہی لوگ
ہیں ہیں جو" دائمی نفع"کمارہے ہیں۔وہ یہ لوگ ہیں: الاالذین
اٰمنواوعملواالصلحٰت یعنی جو اﷲ پر ایمان لائے اور نیک اعمال کئے۔ان کی
پہچان یہ ہے کہ انہوں نے کفروشرک کے راستے کی بجائے توحید اور ایمان باﷲ کے
راستے کو ترجیح دی ۔انہوں نے اقرارباللسان صرف زبانی اقرار نہیں کیا بلکہ
تصدیق بالقلب یعنی دل سے تصدیق بھی کی۔انہوں نے صرف اﷲ ہو،اﷲ ہو یا مجھے اﷲ
سے "محبت"ہے"محبت"ہے کی گردان نہیں کی بلکہ اپنے اعمال وکردار کو اﷲ کی
پسند کے "سانچے"میں ڈھالتے ہوئے سرتاپا"مسلمان"اور"مٔومن"بن گئے۔گویا ایسے
لوگوں سے دوستی اور رشتہ داری قائم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے
کیونکہ مشہور آزمودہ مقولہ ہے کہ:"انسان اپنی صحبت سے پہچانا جاتا ہے"۔یہ
بھی کہا جاتا ہے کہ:
"قابلِ رشک ہے وہ محبت جس میں تم کسی ایسے کو پالو جو تمہارے ایمان کو
مضبوطی بخشے اور تمہیں صالح بنادے"
ہمیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ"ادخلوافی السلم کافۃ"یعنی دین میں پورے کے
پورے داخل ہوجاؤ"
لہٰذا ہمیں شکل وصورت کی بجائے سیرت وکردار کو ترجیح دینی چاہئے۔بقول شاعر
سیرت نہ ہوتو عارض ورخسار سب غلط
خوشبو اڑی تو پھول فقط رنگ رہ گیا
ایک پنجابی شاعر کے الفاظ میں
سوہنی صورت تے عاشق ہونا ایہہ کیہڑی وڈیائی
عاشق بن توں اس سوہنے دا جس ایہہ شکل بنائی
٭آج کل فیس بُک اور سوشل میڈیا پر "دوستی" کا بڑا چرچا ہے۔دوستی کی آڑ میں
بڑا گھناؤنا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔"دین" اور "محبت"کے نام پر مقدس رشتوں کا
مذاق اڑایا جا رہا ہے۔اس لئے پیاری بیٹیو،بہنو!آپ سے گزارش ہے کہ ایسے شخص
سے ہوشیار رہیں جو آپ سے محبت کے نام پر گفتگو کرتا ہے،آپ کی آواز کی تعریف
کرتا ہے،آپ کو ایک "آئیڈیل شخصیت" قرار دیتا ہے۔آپ سے شادی کا وعدہ کر رہا
ہے لیکن شادی سے پہلیـ اپنی " مستقبل کی بیوی " کو جاننا چاہتا ہے۔آپ کی
تصویر دیکھنا چاہتا ہے ،تو محطاط رہیں۔اسلام نے شادی کا پیغام بھیجنے کے
بعد لڑکا،لڑکی کو ولی کی اجازت سے محرم کی موجودگی میں صرف ایک نظر دیکھنے
کی اجازت دی ہے۔
میری عزیز بیٹیو!زندگی کے اس اہم ترین معاملہ میں بھی اپنی ترجیحات کا تعین
کرلیں۔"عزت"آپ کی سب سے بڑی ترجیح (Demand)ہونی چاہیئے کیونکہ جو آپ کی عزت
کرے گا وہ آپ سے محبت اور پیار بھی کرے گا۔اپنے جیون ساتھی کے طور پر ایسے
شخص کا انتخاب کریں جو "دین دار" ہو،غیرت مند ہو۔کیونکہ محبت ہوجانا یا مل
جانا اہم نہیں ہوتا،محبت کو زندہ رکھنا اور عزت دینا اہم ہوتا ہے،تبھی رشتے
بنتے اور مضبوط ہوتے ہیں۔غیرت مند شخص اپنی محبت کو دوام بخشنے کے لئے
باقاعدہ "نکاح"کا پیغام بھیجے گا۔آپ کو اپنے گھر کی "عزت "بنا کر لے جائے
گا ۔
٭عزیز بھائیو،بیٹو! نکاح "آدھا دین "ہے۔اسلام محبت کے خلاف نہیں،اگر کسی
لڑکی سے محبت کرتے ہیں اسے اپنی عزت بنائیں نہ کہ غلط راستے پر چلیں۔
اچھی طرح ذہن نشین کرلیجئے کہ: "اسلام نکاح کے لئے کسی کو پسند کرنے کی
اجازت تو دیتا ہے لیکن نکاح
سے پہلے محبت کی نہیں،اصل محبت نکاح کے بعد ہوتی ہے۔"
لہٰذا اظہار محبت کرنے والے سے مطالبہ کریں کہ وہ فوراً شرعی طریقہ سے آپ
کے والدین کے پاس رشتہ بھیجے۔اگر وہ آئیں،بائیں،شائیں کرے تو اسے ہمیشہ کے
لئے دوستوں کی فہرست سے نکا ل دیں Unfriendکر دیں کیونکہ اسلامی اور مشرقی
معاشرہ میںBoy friend
اورGirl freind کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ "بیوی"اور"شوہر" کارشتہ "Best
friend"کا رشتہ ہوتا ہے۔سو اپنے آپ کو،اپنی خوبصورتی کواپنے "شریکِ حیات"
کے لئے "مخصوص" رکھیں کیونکہ باحیا اور با کردار لڑکیوں کا یہی وطیرہ ہوتا
ہے۔
میں عورت ذات ہوں
مجھے بے باکی نہیں جچتی
تمہارے سنگ چلنا ہے
مگر شریعت کے اصولوں پر |