تحفظ نسواں کو درپیش تحفظات

ہمارے معاشرے میں عورتوں کے ساتھ مار پیٹ اور گالی گلوچ کا رجحان عام طور پر نچلے پسماندہ اور ناخواندہ طبقے میں بکثرت پایا جاتا ہے ۔ شہری پڑھے لکھے طبقے سے تعلق رکھنے والے مردوں کا طریقہء واردات کچھ اور ہوتا ہے ۔ یہ کوئی ظاہری ثبوت نہیں چھوڑتے ہیں ۔ یعنی کرامات کرتے ہیں ۔ بہرحال عورت پر تشدد جسمانی ہو یا ذہنی دونوں ہی صورتوں میں عمومی طور پر اسے برداشت کرنا اور قسمت کا لکھا سمجھ کر صبر کرنا برصغیری متوسط طبقے کی گھریلو تعلیمات کا سب سے اہم ابتدائی سبق ہے ۔ ایسی بات نہیں ہے کہ ہمیشہ ہر جگہ سو فیصد سب کچھ ایسا ہی ہوتا ہے مگر جہاں جتنا جیسا ہوتا ہے صرف اسی حوالے سے بات کی جا رہی ہے ۔ تو یہ دبی پسی کچلی عورت ابھی شعوری انقلاب اور خود اعتمادی اور خود انحصاری کے اس مقام پر نہیں پہنچی ہے کہ جہاں حقوق و تحفظ نسواں جیسے احمقانہ اور نامعقول بل کی تنفیذ و ترویج کے ثمرات سے فیضیاب ہونے کا تصور بھی کر سکے ۔ وہ عورت جو طلاق کے خوف سے ساری زندگی سمجھوتے کے برزخ میں گذار دیتی ہے ۔
یہ بل کیا ہے حماقتوں کا پلندہ ہے تحفظ کے نام پر تحفظات کا پیش خیمہ ہے ۔ نہ تو اسکا تعلق دینی احکامات و تعلیمات سے ہے اور نہ ہی ہماری سماجی و اخلاقی اقدار سے ۔ ہمارے ہاں عام طور پر بچوں کو تعلیم تو دلائی جاتی ہے مگر انکی ذہنی و اخلاقی تربیت نہیں کی جاتی ۔ اور جہاں سرے سے تعلیم کا کوئی تصور اور وسائل ہی نہیں ہیں وہاں غربت اور جہالت کے امتزاج سے جو ماحول جنم لیتا ہے اس میں زوجین کے مابین عزت و احترام مفقود ہی نظر آتا ہے ۔ کچھ استثنیات سے قطع نظر عام طور پر عورت پر مرد جو ظلم کر رہا ہوتا ہے اسکے سرے کہیں نہ کہیں جا کر ایک عورت سے ہی مل رہے ہوتے ہیں ۔ تو ضرورت تعلیمات کی ابتداء میں ہی تربیت کی بھی ہے ۔ اور معاشرے سے جہالت کے ساتھ ساتھ غربت کا خاتمہ حکمرانوں اور پالیسی میکروں کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے ۔ غربت اور جہالت کا علاج تحفظ نسواں جیسے بل کے نفاذ سے کرنا آگ کو تیل سے بجھانے کی کوشش کرنے والی بات ہے ۔

اس بل کو مرتب اور منظور کرنے والے عالی دماغوں کی ذہنی صحت کو اکیس ج ۔ ت ۔ ں کی سلامی ۔
Rana Tabassum Pasha(Daur)
About the Author: Rana Tabassum Pasha(Daur) Read More Articles by Rana Tabassum Pasha(Daur): 228 Articles with 1854563 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.