آپ نے اکثر ایسے افراد کے بارے میں تو سنا ہوگا جنہیں سزا
کے طور منہ کالا کر کے اور گدھے پر بیٹھا کر پورے گاؤں کا چکر لگوایا گیا٬
یقیناً یہ ایک انتہائی شرمناک سزا ہے لیکن بھارت میں ایک گاؤں ایسا ہے جہاں
کے مرد یہ سزا نہ صرف خوشی خوشی قبول کرتے ہیں بلکہ اس سزا کو پانے کا
انتظار بھی کرتے ہیں-
جی ہاں دنیا بھر میں بیٹے کی پیدائش کے خواہشمند افراد عجیب و غریب منت
مانتے دکھائی دیتے ہیں اور یہ شرمناک سزا بھی درحقیقت بھارت میں اس خواہش
کو پورا کرنے کے لیے ادا کی جانے والی ایک منت ہی ہے-
|
|
بھارت کی ریاست گجرات کے ایک گاؤں براوا میں ایک قدیم روایت رائج ہے کہ
وہاں اولادِ نرینہ کی خواہش رکھنے والے مرد یہ منت مانتے ہیں کہ اگر ان کے
ہاں بیٹا پیدا ہو تو وہ اپنا منہ کالا کر کے گدھے پر بیٹھ کر پورے گاؤں کا
چکر لگائیں گے-
آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اس کام کے لیے گدھے کو سجایا جاتا ہے جبکہ
سوار کا منہ کالا کرنے کے علاوہ اسے گنجا بھی کیا جاتا ہے- یہ منت مخصوص
تہوار پر پوری کی جاتی ہے اور اسی وجہ سے اکثر مرد اس دن کا بےصبری سے
انتظار کرتے ہیں اور یہ ان کے لیے انتہائی خوشی کا موقع ہوتا ہے-
اس موقع پر گاؤں کے بچے گدھے کے پیچھے چیختے چلاتے چلتے ہیں جس سے گدھا
دولتیا جھاڑتا ہوا گاؤں میں دوڑتا پھرتا ہے-
اس منت کو پورا کرنے کے لیے گاؤں کی جانب سے باقاعدہ طور پر دو گدھے وقف
بھی کیے گئے ہیں جنہیں عمدہ خوراک مہیا کی جاتی ہے اور ساتھ کچھ لوگ نقد
رقم کا نذرانہ بھی پیش کرتے ہیں-
|