عظیم انسان کا ایک عظیم قدم ، کرپشن کے خاتمہ کا عزم

پاکستان کو قائم ہوئے ستر سال ہونے کو ہیں اور بدقسمتی سے اس کے حقیقی اور مخلص حکمران کی تعداد اتنی بھی نہیں ہے کہ انہیں انگلیوں پر گنا جا سکے۔ ابتدائی سالوں سے ہی قائد اعظم کی وفات کے بعد ملک کے سیاسی میدان میں ایسے افراد آنا شروع ہو گئے جو ملک و قوم کے حقیقی مفادات کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو زیادہ ترجیح دیتے تھے اور دور اندیشی کی بجائے ظاہری اور وقتی فوائد کو مدنظر رکھ کر پالیسیاں بنائی جس کی وجہ سے پاکستان کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لیکن اللہ پاک کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہر مشکل گھڑی سے پاکستان کو نکالا اور ہر امتحان میں قوم سرخرو ہوئی لیکن ہر امتحان کی کامیابی کے پیچھے کسی نہ کسی کا ہاتھ بھی ضرور ہوتا تھا۔ پاکستان کی ابتدائی مشکلات سے قائداعظم کی جرات اور ہمت اور مسلسل محنت کی بدولت اللہ تعالی نے نجات دلائی ، پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے سلسلے میں افواج پاکستان کی بہادری ، جذبہ اور ان کی مہارت کی مثال دنیا دیتی ہے جس نے وسائل کے نہ ہونے کے باوجود ملک کی سلامتی پر آنچ نہ آنے دی اور دفائی میدان کو ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر کی بے مثال قربانی، خلوص اور جذبہ حب الوطنی کے علاوہ ان کے تمام ساتھیوں کا کردار بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ملک کو ایٹمی طاقت بنانے میں پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جرات ، بے باکی اور ہمت قابلِ داد ہے جنھوں نے پوری دنیا کی مخالفت کے باوجود پاکستان کواس وقت ایٹمی طاقت بنایا جب دشمن پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے در پے تھا۔ پاکستان کو کمزور کرنے اور اس کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمن مختلف سازشیں کرتا رہتا ہے اور اس کے لئے وہ بہت سے اقدامات اور بہانے کرتا ہے وہ جانتا ہے کہ پاکستان کی فوج، عوام اور مخلص رہنما اور اکابرین ان کی کوششوں کو آسانی سے کامیاب نہیں ہونے دیں گے اس لئے وہ اس کو اندر سے ایسے افراد تلاش کرتے ہیں جو ان کے لئے کام کریں اس سلسلے میں وہ بہت سے طریقے بروئے کار لاتا ہے۔ پاکستان میں کرپشن کا مسئلہ سب سے زیادہ سنگین اور بنیادی ہے جو ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہا ہے اور اس کے بعد دہشت گردی کا مسئلہ ہے ان دونوں مسا ئل پر سب سے اہم اور قابل تعریف اقدامات ہمارے سب سے زیادہ محبوب اور پسندیدہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے ہیں جنھوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہت زیادہ اور سنجیدہ اقدامات کئے اور اب ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے ان کے اقدامات پوری دنیا میں ایک مثال بن گئے ہیں اور ملک سے کرپشن کے خاتمے کا جو عمل انھوں نے اپنے ہی گھر سے شروع کیا ہے اس کی مثال دنیا میں کم ہی ملے گی۔ اس کے علاوہ ان کے اس قدم سے عوام اور سیاستدانوں میں ایک منفی سوچ کا بھی خاتمہ ہو جائے گا کہ سیکورٹی اداروں اور افواج پاکستان کا کوئی مواخذہ نہیں کر سکتا اور ان کا احتساب نہیں کیا جا سکتا۔ اب انھوں نے اپنے ہی محکمہ سے یہ کام شروع کیا ہے تو پوری قوم ان کی انتہائی شکر گزار ہے اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اس سلسلے میں سیاستدانوں کو بھی ان کا ساتھ دینا چاہیے اور ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے لیکن اس کے لئے سب سے زیادہ کام عوام کو ہی کرنا ہوگا اور ہر شہری کو پہلے خود کرپشن سے بچنا ہوگا اور کرپشن کی مد میں آنے والے کسی بھی عمل یا کام سے دور رہنا ہوگا بعد میں کرپشن کرنے والوں کے خلاف صف آراء ہوکر ان کو بے نقاب کرکے پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کی تحریک کو کامیاب بنانا ہوگا۔ اللہ پاک سے دعاہے کہ عظیم انسان نے جو عظیم قدم اٹھایا ہے وہ اس میں سرخرو ہو اور پوری قوم جس میں عوام، افواج ، سیاستدان ، بیو رو کریسی اور حکومت سب اس کا ساتھ پوری ایمانداری اور دیانتداری سے دیں تاکہ ملک کرپشن سے مکمل پاک ہوسکے اور اگر ملک میں کرپشن کا مکمل خاتمہ ہوگا تو دہشت گردی کی لعنت بھی خود بخود ختم ہو سکتی ہے اور ملک میں امن و امان اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ انشاء اللہ

kashif imran
About the Author: kashif imran Read More Articles by kashif imran: 122 Articles with 169145 views I live in Piplan District Miawnali... View More