سیکولرزم اور فسطائیت کا دام فریب

۰۸۹۱میں بی جے پی کے قیام سے لے کر ابھی تک مسلمانوںکی تمام تنظیمیں ،ادارے اوردانشورہر انتخاب کے موقع پر یہ اعلان کرتے رہے ہیں کہ اس سیکولر امید وار کو ووٹ دے کر کامیاب بنائےں جو بی جے پی کو ہرانے کی صلاحیت رکھتاہو،گزشتہ ۶۳سال سے مسلمانوں کی اس روش میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔بی جے پی کو ہرانے کے اس جنون میں نہ تو مسلمانوں نے کبھی یہ دیکھاکہ وہ کس پارٹی کو جتارہے ہیں نہ یہ دیکھاکہ جیتنے والے شخص کا کردار کیاہے اوراس سے مسلمانوں کے تعلقات کی نوعیت کیاہے؟نہ ہی کبھی یہ تجزیہ کرنے کی زحمت کی کہ اس سے مسلمانوں کو فائدہ کیاہوگا؟۔ابتداءمیں تو یہ طریقہ کار بہت کارآمد ثابت ہوااوربی جے پی کو پے درپے شکست کا سامناہوالیکن آہستہ آہست بی جے پی نے بھی یہ سمجھ لیاکہ مسلم ووٹوںکو درکنارکرکے اس مخالفت کے باوجود انتخاب کیسے جیتے جاسکتے ہیں۔آج اس کا نتیجہ صاف ظاہر ہے ۔بی جے پی کو ہراتے ہراتے آخر کار مسلمان خود ہار چکے ہیں۔ہر انتخاب کے موقع پر مسلمانوں کی جانب سے یہ شور اٹھتاہے کہ فسطائی قوتوں کو ہرانے کے لیے سیکولر امیدواروںکو ووٹ دیجیے ،اب یہ سیکولر امیدوار کس نقطہ نظر سے سیکولر ہے ،اس کی وضاحت کبھی نہیں کی جاتی۔سیکولر ہونے کے لیے بس اتناکافی ہوتاہے کہ امیدوار بی جے پی یاشیوسیناجیسی پارٹی کا نہ ہو۔یعنی اگر سنجے نروپم شیوسیناچھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوجائے تو وہ سیکولر ہوجاتے ہیں،اسی طرح ساکشی مہاراج جو بابری مسجد کے ملبے سے اینٹیں اٹھاکر لگائے اوراپنے بیت الخلاءمیں نصب کردی،وہ جیسے ہی سماج وادی پارٹی میں شریک ہوئے ،اچانک سیکولر ہوگئے اورراجیہ سبھاتک پہنچ گئے ۔پارلیمنٹ کی رکنیت ختم ہوتے ہی وہ پھر بی جے پی میں چلے گئے اورلوک سبھاکا ٹکٹ لے کر منتخب بھی ہوگئے ۔ایک زمانے میں سیکولر بنے یہی مہاراج مسلمانوںکی شان میں آج کل کس طرح رطب اللسان ہیں،یہ سب جانتے ہیں۔بابری مسجد کو شہید کرانے والے کلیان سنگھ جب بی جے پی سے علیحدہ ہوئے اورراشٹریہ کرانتی پارٹی بنائی تو مسلمانوںنے انھیں بھی معاف کردیااب ایک بار پھر وہ بی جے پی میں ہیں ۔یہ واقعات صرف انفرادی سطح پر پیش نہیں آئے بلکہ پارٹیوںکی سطح پر بھی یہ کھیل بار بار کھیلاگیا۔ایسے میں بڑاسوال یہ پیداہوتاہے کہ فسطائیت اورسیکولرزم کیامعنی رکھتے ہیں؟اورہمارے ملک کی سیاست میں ان لفظوںکی عملی حیثیت کیاہے؟۔

سیکولرزم یونانی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں مذہب کو ریاستی امور سے علیحدہ رکھنا،اس اصطلاح کا استعمال سیاست میں سب سے پہلے ۱۵۸۱میں ایک برطانوی مفکر جارج جیکپ نے کیاتھا۔اس وقت اس لفظ سے جارج جیکپ کی مراد آزادانہ فکر تھی جس کے تحت وہ سماجی وسیاسی معاملات کو مذہب سے الگ رکھناچاہتے تھے ،ان کا کہناتھاکہ سیکولرزم کا مطلب مذہب کا انکار نہیں ہے لیکن حکومت کانظریاتی طور پر مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوناچاہیے ۔گویامذہب اورسیاست کو علیحدہ علیحدہ رکھناچاہیے۔اس کے دوسرے معنی یہ بھی ہے کہ مذہب کو ایک شخص کا انفرادی معاملہ سمجھاجائے اورسماجی واجتماعی امور میں اس کی کوئی مداخلت نہ ہو۔ہمارے ملک میں آزادی کے بعد حکمرانی کے لیے اسی نظریے کو دستوری طور پر ماناگیا،حالانکہ آزادی کے وقت دستور میں اس لفظ کا ذکر نہیں تھا لیکن دستور کے ابتدائیہ میں جو بیان درج تھا وہ اسی جانب اشارہ کرتاتھاجس میں کہاگیاتھاکہ ہم انڈیاکے لوگ آزادی ،انصاف،برابری اوربھائی چارے کی بنیادپر ایک خود مختار جمہوری ریاست کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے اس دستور کو اپناتے ہیں۔اس ابتدائیہ میں خود مختاری اورجمہوریت کو ملک کی اساس قراردیاگیاتھا۔سیکولرز م کا لفظ موجود نہیں تھا۔لیکن ۶۷۹۱میں اندراگاندھی نے۲۴ویں دستوری ترمیم کے تحت لفظ سیکولرزم کا اضافہ کیا۔ہمارے ملک میں بھی سیکولرجمہوریہ ہونے کے ناطے یہ سمجھاجاتاہے کہ ریاست کا اپناکوئی مذہب نہیںہوگالیکن ریاست تمام مذاہب کا احترام کرتے ہوئے ان مذاہب کی ترویج اورتبلیغ کی اجازت دے گی۔حالانکہ دستور ہند میں اس کی وضاحت کہیں نہیں ہے کہ حکومت کا اپناکوئی مذہب نہیں ہوگا،ایساصرف سمجھاجاتاہے۔اسی طرح دستور ہند میں لفظ سیکولرزم کی کوئی صراحت نہیں کی گئی ہے ۔البتہ دستور میں مختلف مقامات پر اس قسم کی صراحتیںموجود ہیں جو ہندومذہب کو فوقیت دیتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔مثلاریزرویشن کے معاملے دستور کی دفعہ ۱۴۳صاف طور پر اسے ہندوو ¿ں کے لیے مخصوص کردیتی ہے ۔اس طرح ہماراملک سیکولر کہلائے جانے کے باوجود سرکار میں ہندومذہب کو برداشت کرلینے کی گنجائش رکھتاہے۔سیکولرزم کے برعکس فسطائیت ایک دوسری اصطلاح ہے۔فسطائیت یافاشزم کا مطلب ہے کہ کسی سرکاری یاسماجی ادارے کا اپنے نظریات کو جابرانہ طریقے سے سماج پر تھوپنا۔بالفاظ دیگرایسی سیاسی فلاسفی،تحریک یاحکومت جو بزعم خود اپنے آپ کو قوم سمجھتے ہوئے آمرانہ رویہ اختیارکرے اورمخالف آوازوںکو کچل ڈالے۔یہ ایک اطالوی لفظ ہے جو ۹۱۹۱میں اٹلی کے ڈکٹیٹرمسولینی اختیار کیا تھا۔ان کی پارٹی کا نام ہی (فاسی)تھا،اسی لفظ سے فاشزم نکلا ہے۔ہندی میں اسے فاسی واداوراردومیں فسطائیت کہتے ہیں۔ہندوستان میں عام طورپر آرایس ایس کو ایک فسطائی قوت ماناجاتارہاہے۔اس کی وجہ محض یہ ہے کہ آرایس ایس نے ہندوتوکو ہی قومی نظریہ ماناہے اورملک میں اس کو رائج کرنے کے لیے ہر قسم کے حربے اختیار کرنے کو روارکھاہے۔ہر چند کہ وہ خود کو ایک سماجی اورثقافتی تنظیم کہتے ہیں لیکن اکثر فسطائی تنظیمیں بھی خود کوسماجی تنظیم ہی کہتی ہیں۔

ان دونوں اصطلاحوں اوران کی ابتداءکو سمجھ لینے کے بعد یہ تجزیہ کرناضروری ہے کہ جن پارٹیوںکو ہم سیکولرپارٹی کہتے ہیں ان کا آرایس ایس کی فسطائیت سے کس حد تک اختلاف ہے اورکس حد تک اتفاق ہے۔کانگریس ملک کی سب سے بڑی پارٹی رہی ہے اورتقریبا۰۶سال حکمراں بھی رہی ہے ۔ملک میں سیکولرزم اورسماج واد کی سب سے بڑی دعویدار بھی رہی ہے۔اس نے ہمیشہ اپنے آپ کو آرایس ایس کا مخالف قراردیاہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ اتنے لمبے عرصے حکمرانی کے باوجود یہ پارٹی آرایس ایس کو کوئی نقصان نہیں پہنچاپائی بلکہ اس کے زیرحکومت آرایس ایس روزانہ ترقی کرتارہا،اس کی شاخوں کی تعداد بھی بڑھتی رہی،اس کے ممبران کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتارہا،اس کے اثاثے بھی بڑھتے رہے اوراس کے نظریات کی ترویج واشاعت بھی متا ¿ثر کن حد تک جاری رہی۔حتیٰ کہ ملک کی انتظامیہ ،مقننہ اورفوج تک پر اس کے اثرات حاوی ہوگئے ۔لیکن کانگریس نے نہ صرف اس سب کو گواراکیابلکہ خود اس جماعت آرایس ایس سے تعلق رکھنے والے لوگوںکی بڑی تعداد کانگریس میںموجود رہی جو پارٹی کی بنیادی پالیسی پر بھی اثر انداز ہوتی رہی۔جن سنگھ اوربی جے پی سے تربیت حاصل کرنے والے سینکڑوں ذہن کانگریس کے منصب قیادت پر آزادی سے پہلے بھی متمکن تھے،آزادی کے بعد بھی رہے اورآج بھی ہیں۔یہ بھی واضح ہے کہ اس پورے عرصے میں کانگریس پارٹی نے ہی غیر اعلان شدہ طور پر آرایس ایس کی ہر خواہش کی تکمیل کی ہے اورملک کی اقلیتوںکے مذہبی امور میں مداخلت کی بار بار کوشش ان اقلیتوںکے خلاف ہزاروں فسادات ،ان کی معاشی ناطقہ بندی ،ان کے کاروباروںکو اجاڑنا،ان کی بڑی بستیوںکو تہس نہس کرنا،ان کی زبان،تہذیب،تمدن ،روایات اورمذہب ہر ایک کو قابل نفرت اورقابل تنقید بناکر عوام کے سامنے پیش کرنا،یہ سب ہمیشہ آرایس ایس کی خواہش رہی جس کی تکمیل اپنے دور حکومت میں کانگریس کرتی رہی،لیکن اپنے ان تمام کارناموںکے باوجود یہ پارٹی خود کو سیکولرہی کہتی رہی۔لیکن تجزیہ کرنے والوںکی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ کوئی فسطائی قوت اگر بزعم خود سیکولرزم کا دعویٰ کرے اوراس کا عمل فسطائی ہو تو کیاہم اسے سیکولرقراردے سکتے ہیں۔چند سال قبل دلی میں چند اہم سیاسی لوگوںکے بیچ جب اس سوال پر گھنٹوں ایک بحث ہوئی کہ کانگریس فسطائی ہے یانہیں،تب بھی مسلمانوںکے اس دانشور طبقے نے کانگریس کو فسطائی ماننے سے انکار کردیاتھالیکن بہت شدومد اوردلائل کے بعدآخر کار اس نشست میں یہ اعتراف ضرور کیاگیاکہ کانگریس ایک موقع پرست فرقہ وارانہ پارٹی ہے ۔یہی بات سب سے زیادہ مضحکہ خیز ہے۔موقع پرستی اورفرقہ پرستی کو اگر ایک ساتھ جمع کردیں تو اس کا حاصل شدہ فسطائیت ہی کہلاتاہے ۔گویا۰۶ سال کانگریس کے ہاتھوںزخم کھانے کے بعد بھی ملک کی سب سے بڑی اقلیت کانگریس کو فسطائی ماننے پر تیار نہیں ہے ،البتہ فرقہ پرست مانناشروع کرچکی ہے۔یہ بھی غنیمت ہے۔اب رہادیگر پارٹیوںکا سوال،تو کمیونسٹ پارٹیوںکے سواکوئی بھی پارٹی نظریاتی سیاسی جماعت نہیں ہے بلکہ تقریباتمام ہی سیاسی پارٹیاںموقع پرست ہیں جن کا نصب العین کسی بھی صورت میں حصول اقتدار ہے ۔ایسے میں ان جماعتوںکو کوئی فرق نہیں پڑتاکہ کس نظریے سے الحاق کرکے وہ حکومت تک جاسکتی ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ ہم دیکھتے ہیں کہ رام ولاس پاسوان جیسالیڈر جو خود کو سیکولرزم کا سب سے بڑادعویدار کہتاہے محض اپنی پارٹی کو اقتدار میں رکھنے کی خاطر کبھی بی جے پی کے ساتھ آرایس ایس کاحلیف بن جانے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتا۔آج بھی وہ نریندر مودی سرکار کے حلیف ہیں۔۲۰۰۲میں گجرات فسادات کے بعد بہار میں پٹنہ اوراس کے اطراف تک محدود ان کی پارٹی گجرات میں بھی الیکشن لڑ رہی تھی حالانکہ گجرات میں اس پارٹی کاذرہ برابر بھی کوئی اثر نہیں تھا لیکن سیکولرزم کے نام پر مسلمانوںکے ووٹ تقسیم کرکے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے ایک بڑی رقم کے عوض یہ حضرت بھی میدان انتخاب میں تھے ،مجھے یاد ہے گجرات کی ناپااسمبلی سیٹ پر وہاں کے ایک مشہور عالم دین کو جب پاسوان صاحب نے اپنی پارٹی کا ٹکٹ اورپانچ لاکھ روپیے کی پیشکش کی تو ان غیور مولانانے جواب دیاتھاکہ پانچ لاکھ روپیے میں اپنی ذاتی جیب سے آپ کو پیش کردوںگا بشرطیکہ آپ اس حلقے میں کسی مسلمان کو ٹکٹ نہ دیں۔اس قسم کے واقعات سے اندازہ ہوتاہے کہ سیکولرزم کا دم بھرنے والی ایسی تمام ہی جماعتیں کسی نہ کسی طور پر آرایس ایس کے فسطائی نظریے کو طاقت پہنچاتی رہی ہیں۔اس ضمن میں کوئی ایسی سیاسی پارٹی نہیں ہے جس کا شمار نہ کیاجاسکے،پھر وہ چاہے بی ایس پی،ایس پی،جے ڈی یو،آر جے ڈی،نیشلسٹ پارٹی،ترنمول کانگریس وغیرہم،یہ سب پارٹیاں کسی نہ کسی موقعے پر یاتو براہ راست بی جے پی کے ساتھ حکومت میں شریک رہی ہیں یا بالواسطہ طور پر مسلم علاقوںمیں اپنے امید وار کھڑے کرکے بی جے پی کو طاقت پہنچاتی رہی ہے،اور اس بات کی بھی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ مستقبل میں وہ آرایس ایس اوربی جے پی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رکھیںگی ۔نہ ہی مسلمانوں کے پاس ایساکوئی طریقہ کار یاطاقت ہے کہ وہ ان پارٹیوںسے وعدہ لے سکے کہ وہ مستقبل میں دوبارہ کبھی بی جے پی کے ساتھ معاونت نہیں کریںگی۔یہ کتنی حیرت کی بات ہے کہ ایک ہی حلقے میں سیکولر سیاسی پارٹیوںکے تو متعدد امیدوار کھڑے ہوتے ہیں اورفسطائی طاقت کا ایک ہی امیدوار ہوتاہے۔ایسے میں نتیجہ سب کے سامنے ہوتاہے لیکن فسطائیت کو ہرانے کی سفارش کرنے والے دانشوروںنے کبھی ان سیاسی پارٹیوںکو مجبور نہیں کیاکہ وہ ایک مشترکہ سیکولرامیدوار کھڑاکریں،یعنی اس ملک میں کسی کے اندر یہ طاقت نہیں ہے کہ وہ اترپردیش جیسی ریاست میں سماج وادی پارٹی اوربی ایس پی جیسی حکومت کی مضبوط دعویدار پارٹیوںکو مجبور کرسکیں کہ وہ آپس میں متحد ہوکر ایک امیدوار کھڑاکریں۔ظاہر ہے کہ دونوں پارٹیاں دومختلف ذاتوں کے رائے دہندگان کی بنیاد پر الیکشن لڑتی ہیں اورمسلم ووٹوں کی مدد سے اقتدار کے گلیارے تک پہنچناچاہتی ہیں لیکن مسلمانوںمیں بادشاہ گر ہونے کے باوجود یہ ہمت کبھی نہ ہوسکی کہ وہ ان پارٹیوںکو متحد کرسکے۔نہ ہی مسلمانوں میں یہ جرا ¿ت ہوسکی کہ وہ ملک کی سیکولر قیادت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر یہ کہہ سکیں کہ فسطائی قوتوں کو ہرانااورسیکولرزم کو جتاناتنہامسلمانوںکی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ملک کے دیگر طبقات اورخود سیاسی جماعتوںکی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔خصوصاوہ جماعتیں جو فسطائیت کا ڈراو ¿ناخواب بیچ کر اپنے لیے اقتدار حاصل کرناچاہتی ہیں ،یہ خود ان کے اپنے مفاد میں ہے کہ وہ خود فسطائیت کو ہرانے کی جی توڑ کوشش کریںلیکن بدقسمتی سے یہ ذمہ داری بلاشرکت غیر ے مسلمانوں کے کندھے پر ڈال دی گئی ہے اورمسلمانوںنے بھی اسے بلاسوچے سمجھے قبول کرلیاہے ۔اب حال یہ ہے کہ یہ ناتواں مسلمان فسطائیت کو ہرانے کا فرض منصبی بھی اداکرتاہے اوراپنے ووٹوںکو منتشر کردینے کا الزام بھی سہتاہے ۔سیکولرسٹ مزے سے اقتدار میں رہتے ہیں اورآرایس ایس کو ایک سماجی تنظیم کی حیثیت سے سرکاری خزانے سے بے تحاشہ گرانٹ دے کر مضبوط بھی کرتے رہتے ہیں اورمسلمان ووٹ دے کر اسی سیاسی جماعت کی بے اعتنائی بلکہ ظلم بھی سہتارہتاہے ۔ان حالات کا سیدھاتقاضایہ ہے کہ مسلمان فسطائیت اورسیکولرزم جیسی اصطلاحوں کے دام فریب سے باہر نکلیںاوراپنی توجہ محض ایک نکاتی ایجنڈہ پر مرکوز رکھیں کہ وہ خود اپنے لیے اقتدار کیسے حاصل کرسکتے ہیں۔ہمیں ایک ایسے سیاسی پریشر گروپ کی ضرورت ہے جو ملک کی تمام سیاسی جماعتوںسے مسلمانوں کی جانب سے گفت وشنید کرکے ان کے لیے نمائندگی بھی حاصل کرسکے اور ان کے حقوق کی بازیافت بھی کرسکے۔جب تک ہم اپنے ووٹ کو اپنے اقتدار کے لیے خود استعمال نہیں کریںگے تب تک ملک کی سیاسی جماعتیں بھی ہمارے لیے کبھی سنجیدہ نہیں ہوںگی۔گزشتہ ۶۳سالہ فسطائی طاقتوںکو ہرانے کی ہماری سیاسی حکمت عملی بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،نہ صرف یہ کہ فسطائی قوتیں نہیں ہاریں بلکہ سیکولر قوتیں بھی ہمیں یکہ وتنہاچھوڑ کر فسطائیت کی گود میں جابیٹھیں۔ایسے میں ہمیں اپناراستہ خود تلاش کرناہوگا۔
Dr Tasleem Ahmed Rehmani
About the Author: Dr Tasleem Ahmed Rehmani Read More Articles by Dr Tasleem Ahmed Rehmani: 41 Articles with 27674 views I m Chief Editor of Mission Urdu Weekly New Delhi, President Muslim Political Council of India lives in Delhi a political strategist and profound writ.. View More