‘کشمیر اور بلوچستان کے تقابلی جائزے’ پر ایک رائے

گزشتہ دنوں محترم رعایت اللہ فاروقی کا ایک کالم ”کشمیر اور بلوچستان، ایک تقابلی جائزہ“ کے عنوان سے نظر سے گزرا۔ مذکورہ کالم میں جس طرح فاروقی صاحب کے زوردار اور قدرے کانٹے دار قلم سے توقع کی جاتی ہے، بہت ہی جاندار تعابیر، استعارات اور متضادات سے کام لیا گیا ہے۔

لیکن جاندار مضامین کی خوبصورتی کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہوسکتا کہ ان کے بعض حصوں سے اختلاف نہ کیا جائے۔

سینئر صحافی و لکهاری رعایت اللہ فاروقی کے نقطہ نظر سے کشمیر اور بلوچستان کے تقابلی جائزہ کو پڑھ کر یوں محسوس ہوا کہ صوبہ بلوچستان کے بلوچ اکثریتی علاقوں کا واحد مسئلہ ’بھتہ خور سردار’ ہیں۔ نیز آزادی کا نعرہ لگانے والوں کو بلوچ عوام میں کوئی پذیرائی نہیں ملی ہے۔

چونکہ عسکری ادارے بلوچستان میں صرف ‘بھتہ خور سرداروں’ کو ٹھکانے لگارہے ہیں، ان کی مبینہ جارحیت، اغوانما گرفتاریاں اور ماورائے عدالت قتل کے جرائم سے بھی دانستہ طور پر چشم پوشی کی گئی ہے بلکہ یکسر اس کا انکار ہوا ہے؛ موصوف سوال اٹھاتے ہیں کہ ”آپ مجھے بتائیں کہ پاک فوج نے کتنے بلوچ نہتے شہری مارے ہیں؟ اور آپ مجھے بتائیں کہ بلوچستان کے کس شہر یا قصبے میں عام شہریوں نے نکل کر پاکستان سے آزادی کی بات کی ہے؟“ فاروقی صاحب سے استدعا ہے کسی ریاست کی محبت میں اتنے آگے نہ جائیں کہ مظلوم کو چھوڑکر کسی ظالم کے ساتھ کھڑے نظر آئیں۔ اگر بلوچ اداروں کی اعداد وشمار میں کوئی شک ہو تو پنجاب میں بیٹھی انسانی حقوق کی تنظیموں بشمول "پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق" سے پوچھ لیں۔ ان پر بھی بھروسہ نہیں تو ’مسٹر گوگل‘ ہی کی چھان بین کی زحمت کریں، ان شاءاللہ تشفی بخش معلومات دستاویزات کے ساتھ ملیں گی۔

جہاں تک ’تین حرام خور نوابوں کو بھتہ نہ دینے‘ کا مسئلہ ہے، سوال یہ ہے کیا بلوچستان کے تمام اضلاع میں قدرتی ذخائر نکالنے پر کام ہو رہاہے اور وہاں کے سردار بھتہ لیتے رہے ہیں؟ کیا چاغی کے سیندک اور ریکوڈک کے پروجیکٹس کی راہ میں کوئی مقامی با اثر شخصیت کھڑی ہوکر رکاوٹ بنی؟ رکاوٹ تو کجا کہ ان کے اکثر مزدور مقامی لوگ ہیں اور غیرملکی انجینئرز خوشی سے اپنے کام کرتے چلے آرہے ہیں۔ البتہ جن قبائل کی زمینوں میں یہ پروجیکٹس موجود ہیں وہاں کے عمائدین کو کچھ نہ کچھ ٹیکس مل رہاہے جو یقینا ‘کروڑوں‘ روپے سے کم ہوگا۔

ایسے سرداروں اور وڈیروں سے کوئی شکوہ نہیں، ان کے بعض رویوں کو صحیح سمجھنا بھی غلطی ہے۔ شکوہ تو ارباب اختیار سے ہے جو دانستہ طورپر ایک بڑی برادری کی پسماندگی کا باعث بنتے چلے آرہے ہیں. کیا معدودے چند سرداروں کی ’بھتہ خوری‘ کی وجہ سے ایک بڑے صوبے کو پسماندگی کی دلدل میں رکھنا چاہیے؟ ظاہر سی بات ہے محترم فاروقی صاحب بھی اس پر رضامند نہیں ہوں گے اور اپنے بلوچ بھائیوں کو خوشحال دیکھ کر انهیں دکھ نہیں ہوگا۔

اگر بلوچستان میں علیحدگی پسندی ایک دھوکہ ہے، پھر اس صوبے کے طول و عرض میں اتنے بڑے پیمانے پر سکیورٹی و عسکری اہلکار کیوں تعینات ہیں؟ پنجگور، آواران اور ان جیسے شہروں میں جہاں سرداری سسٹم کا سکہ نہیں چلتا، پاکستانی جھنڈا کیوں ناپید ہے؟ چودہ اگست کو کیوں صرف فوجی بیرکوں میں یوم آزادی کا جشن منایا جاتا ہے؟ سکولوں میں ”آزاد بلوچستان“ کا جھنڈا لگانے والے آسمان سے آنے والے فرشتہ تو نہیں!؟ فاروقی صاحب آپ مانیں یا نہ مانیں، پاکستانی ریاست سے نفرت بلوچستان کے متعدد اضلاع میں نوشتہ دیوار ہے۔ اس کا انکار صرف بے خبر شخص کرسکتاہے یا پھر تعصب سے بھرا کوئی ’اعتدال پسند لکھاری‘۔

رعایت اللہ فاروقی صاحب اگر چاہیں کسی وقت بلوچستان کے بلوچ علاقوں کا دورہ کریں، پھر انہیں معلوم ہوگا ’آزادی‘ کا نعرہ اٹھانے والوں کی اکثریت سرداروں کے بھی باغی ہے۔

محترم فاروقی صاحب اگر نواب اکبرخان بگٹی کے قتل پر اتنے خوش ہیں، سابق فوجی صدر (پرویز مشرف) کی جان چھڑانے کے لیے کیوں محنت نہیں کرتے! کیا پاکستانی عدلیہ نے بگٹی قتل کیس میں مشرف کے ساتھ ناروا سلوک کیا ہے؟!

جہاں تک صوبائی و وفاقی پارلیمانوں میں بلوچ ارکان کی موجودگی کا تعلق ہے، یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ضروری طور پر یہ حضرات و خواتین بلوچستان کی صورتحال کے حوالے سے اسلام آباد و لاہور میں بیٹھے حکام کی پالیسیوں سے پورری طرح متفق نہیں ہیں۔ بلکہ الٹا شدید شکوے کا اظہار بھی کرتے چلے آرہے ہیں۔ دیکھنا یہ چاہیے کہ بلوچ عوام کی کتنی فیصد آبادی نے اپنی حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے کچھ لیڈروں کو مراعات حاصل کرنے کا موقع دیا ہے۔

ظاہر سے بات ہے ووٹ ڈالنے والے بھی اپنی خستہ حالی و کسمپرسی کے ذمہ دار وفاقی حکام اور فوجی آووں کو سمجھتے ہیں۔

ابھی سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ نواب براہمداغ بگٹی پاکستانی آئین کو ماننے کے لیے تیار تھے لیکن۔۔۔ کس قدر افسوسناک بات ہے کہ ماضی کی طرح اب بھی مصالحت اور قیام امن کے ایسے بہت سارے مواقع گنوا دیے جارہے ہیں۔

کاش بلوچستان سے باہر بیٹھے حضرات و خواتین کو معلوم ہو کہ یہ زرخیز علاقہ کسی کا دشمن نہیں؛ یہ صرف اپنا جائز حق مانگتا ہے۔۔۔ ان سے بندوق کی نوک پر بات نہ کی جائے۔۔۔ کاش میرے ہم زبان بھائی بھی سمجھ لیتے کہ پراکسی وارز میں اس اقلیم کو مزید تباہیوں سے دوچار کرنا کوئی عقلمندی نہیں ہے۔۔۔ آزادی باہر سے درآمد نہیں کی جاتی؛ ایسی آزادی ’غلامی‘ کی دوسری شکل ہے۔

حرفِ آخر
عام لکھاری جب قلم اٹھاتے ہیں اتنی ’بہادری‘ سے حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہیں کرتے۔ ایک عالم دین لکھاری جو مولانا محمدیوسف لدھیانوی شہید جیسی انصاف پسند اور معتدل مزاج شخصیت کی شاگردی پر نازاں و فاخر ہے، ان سے بجا توقع کی جاسکتی ہے کہ کسی ریاست کے تقدس میں اتنا آگے نہ چلیں کہ مظلوم کو ظالم بنا کر پیش کریں اور مقہور شہریوں کے ساتھ ہونے والے ناانصافیوں سے آنکھیں بند رکھیں۔
پاکستان کی سالمیت کا احترام کرتے ہیں لیکن ہر صورت میں علامہ اقبال کا اس شعر ذہن میں رکھنا چاہیے:
اگر ملک ہاتھوں سے جاتا ہے، جائے
تو احکام حق سے نہ کر بے وفائی
Abdulhakeem Ismaeel (Shahbakhsh)
About the Author: Abdulhakeem Ismaeel (Shahbakhsh) Read More Articles by Abdulhakeem Ismaeel (Shahbakhsh): 8 Articles with 6120 views I am a Graduate of Darululoom Karachi holding diploma in journalism and English language from Majlis-i-Ilmi Society Karachi.
Right now serving in Da
.. View More