محدود لفظی فن و مہارت( 20لفظوں کی 20کہانیاں21تا40)
(Prof Talib Ali Awan, SIalkot)
٭ فرق:
اکثر اوقات دیکھنے میں آیا ہے کہ بہت فرق ہوتا ہے:․
تعلیم یافتہ لوگوں میں اور ڈگری یافتہ لوگوں میں ۔۔۔
٭ اسلام تنہا :
جب سے ہم اہلحدیث، سنّی ،بریلوی ،دیوبندی اور اہل تشیع ہوئے ہیں ،
اسلام تنہا سا ہو کر رہ گیا ہے۔
٭ حافظ اور آوظ:
حافظ : جسے قرآن یاد ہو،باعمل ،متقی و پرہیز گار ۔
آوظ: جس کا قرآن حلق سے اوپر ہی رہے یعنی بے عمل۔
٭ آسانی:
کچھ اسطرح سے میں نے اپنی زندگی کو آسان کرلیا:
کسی سے معافی مانگی ،کسی کو معاف کر دیا۔
٭ کامیاب قومیں :
کامیاب قومیں کسی بڑے مقصد کے حصول کے لئے ،
اپنے باہمی اختلافات کو نظر انداز کر کے جدوجہد کرتی ہیں ۔
٭ حکمران :
آئیں سب اﷲ تعالیٰ سے دعا کریں کہ
رب کریم بھارت اور اسرائیل کو بھی ہمارے جیسے حکمران عطا فرمائے ۔
٭ گھنٹی:
ایک دروازے کیساتھ لکھا تھا:
’’ گھنٹی بجانے کے بعد انتظار کریں ۔ہم چل کر آرہے ہیں ،اُڑ کر نہیں۔‘‘
٭ فساد:
باقی پوری دنیا میں ملک کو لوٹنا فساد گنا جاتا ہے ،
پاکستان میں کرپشن کا حساب مانگنا فساد کہلاتا ہے۔
٭ نصیب :
میری ماں نے ایک بات سکھائی ہے :
’’بیٹا! کو ئی ہاتھ سے چھین کر لے جاسکتا ہے ،نصیب سے نہیں۔‘‘
٭ بے نسلے :
بے نسلے لوگوں کی سب سے بڑی نشانی :
تم انہیں جتنی عزت دو گے ،وہ تمہیں اتنی ہی تکلیف دیں گے۔
٭ ٹاپ :
ابو:’’تمہارے جتنی سہولتیں مجھے ملی ہوتیں تو میں ٹاپ کرتا ۔‘‘
یہ سنتے ہی پاس بیٹھے داداابومسکرادئیے۔
٭ ویلے :
پاکستان کی 30% آبادی سے پوچھا جائے :
’’ آپ کیا کرتے ہیں؟‘‘
انکا جواب ہوگا:’’بڑے بھائی باہر ہوتے ہیں ۔‘‘
٭ زبان:
ایک بزرگ سے کسی نے پوچھا :
’’آپ ہمیشہ نیچے کیوں بیٹھتے ہیں؟‘‘
بزرگ نے جواب دیا:’’ تمہیں کیا تکلیف ہے؟‘‘
٭ اسلام:
بھلا وہ دین کسی کو کیا نقصان پہنچائے گا ،
جس میں راستے سے پتھر ہٹانے پر بھی ثواب ملتا ہو۔
٭ ذمہ دار :
میں صرف اس بات کا ذمہ دار ہوں ،جومیں نے کہی۔
ہاں !میں اس کا ذمہ دار نہیں جو آپ سمجھیں۔
٭ ایک ساتھ :
میں سوچتاہوں :
جو لوگ ایک دوسرے کی مسجد میں جانا پسند نہیں کرتے ،
وہ جنت میں اکٹھے کیسے رہینگے ۔
٭ چھوٹا:
گھر میں سب سے چھوٹے کی آدھی زندگی دروازہ کھولنے ،بند کرنے
اور آدھی پانی پلانے میں گزر جاتی ہے ۔
٭ مفت :
رشتے مفت نہیں ملتے ،مفت تو ہوابھی نہیں ملتی ،
سانس بھی تب آتا ہے ،جب ایک چھوڑا جاتا ہے ۔
٭ پیر :
سب سے زیادہ طاقتور دعا والدین کی ہے ،
ہم ساری زندگی کسی ’’پیر ‘‘کی تلاش میں غارت کردیتے ہیں۔
٭ چکر:
یہ بات ذہن نشین کر لیں :
کعبے کے چکر لگانے سے ،لوگوں کو دئیے ہوئے چکر معاف نہیں ہو سکتے ۔
|
|