10 نومبر یوم پیدائش …… کیپٹن راجہ محمد سرور شہیدؒ

’’سنگوری‘‘ ضلع راولپنڈی کی مشہور تحصیل گوجر خان کا ایک مشہور علاقہ ہے ، جو بارشوں کی کمی باعث زیادہ تر بنجر اور غیر آباد رہا ہے ، اور لوگوں کو چونکہ ا س بنجر اور غیر آباد زمین میں کچھ اگانے کا موقع نہیں آتا ، اس لئے اس علاقہ کے اکثر و بیشتر لوگ فوج میں ملازمت کرتے ہیں ۔

چنانچہ سب سے پہلا نشانِ حیدر پانے والے مشہور کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا تعلق بھی اسی علاقہ سے ہے ۔ وہ 10 نومبر 1910 ء کو ایک مذہبی اور دین دار راجپوت گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والد جناب محمد حیات خان فوج میں حوالدار تھے ۔ اخلاص و ﷲیت، خدا ترسی و خدا شناسی اور سخاوت و فیاضی ان کی پہچان تھی ۔ پہلی جنگ عظیم 28 جولائی 1914 ء تا 11 نومبر1918 ء میں شجاعت و بہادری کے بے مثال و باکمال کارنامہائے نمایاں انجام دینے کے انعام میں انگریز حکومت نے انہیں ضلع لائل پور ( حالیہ ضلع فیصل آباد) کی مشہور تحصیل سمندری چیک نمبر 229 گ ، ب میں 3 مربع زمین الاٹ کی تھی ۔چنانچہ ایک سچے پکے اور انصاف پسند نمبر دار زمیندار ہونے کے حوالے سے محمد حیات خان کا نام آج بھی اس علاقہ میں بڑے فخر سے لیا جاتا ہے ۔

راجہ محمد سرور شہید کا تقریباً سارا گھرانہ ہی مذہبی اور دین دار تھا ، اس لئے جب وہ اپنے سن شعور کو پہنچے تو ان کے والد نے انہیں ابتدائی دینی تعلیم دلوانے گاؤں کی مسجد میں داخل کروا دیا جہاں رہ کرکچھ عرصہ میں انہوں نے قرآن مجید کی تعلیم حاصل کی ۔ پھر جب وہ 6 برس کے ہوئے تو ان کے والد نے انہیں ضلع لائل پور ( حالیہ ضلع فیصل آباد) کے جک نمبر 229 گ ، ب میں واقع ایک مقامی سکول میں داخل کروادیا، جہاں رہ کر انہوں نے پانچ جماعتیں پڑھیں اور پرائمری انتہائی امتیازی نمبروں میں پاس کی ۔اس کے بعد 1925 ء میں’’ تاندلیہ نوالہ‘‘ مڈل سکول سے مڈل ( آٹھویں جماعت) پاس کی اور 1927 ء میں دسویں جماعت میں اوّل پوزیشن حاصل کر کے میٹرک پاس کیا ۔ اس وقت ان کی عمر 17 برس تھی۔

کیپٹن سرور شہید جس زمانہ میں عنفوانِ شباب کو پہنچے تو بدقسمتی سے وہ زمانہ انگریزوں کی حکومت کا تھا ۔ مسلمان معاشی و معاشرتی دونوں حالتوں میں انگریز کی خون خوار چکی میں بری طرح سے پس جا رہے تھے ۔ انگریزوں اور ہندوؤں کی اس وقت کی سب سے بڑی خواہش یہ تھی کہ اوّل تو مسلمانوں میں تعلیم عام نہ ہونے دی جائے اور اگر کوئی مسلمان تعلیم حاصل کربھی لے تو اسے کسی اونچی پوسٹ پر براجمان کرنے کے بجائے کلرک یا چپڑاسی کی پوسٹ پر بٹھایا جائے۔ان گوناگوں نامساعد حالات میں کیپٹن سرور شہید نے اپنے دل میں اس بات کا عزم مصمم کرلیا کہ وہ اب کلرک یا چپڑاسی بننے کے بجائے ایک نڈر فوجی اور ایک بہادر سپاہی کی حیثیت سے ہی اپنی زندگی گزاریں گے ۔ چنانچہ بالآخر وہ دن بھی آن پہنچا جب ان کی یہ سچی خواہش برآئی اور وہ 1929 ء میں بلوچ رجمنٹ میں ایک سپاہی کی حیثیت سے فوج میں بھرتی ہوگئے اور اپنا پہلا فوجی کورس کرنے اولڈ بلوچ سنٹر کراچی روانہ ہوگئے ۔ جہاں رہ کر وہ آئندہ 2 سال تک مغربی سرحدی صوبے میں اپنی سپاہیانہ خدمات سر انجام دیتے رہے۔1941 ء میں وہ حوال دار بن چکے تھے اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ڈرائیونگ کا کورس کا بھی مکمل کرلیا تھا ۔

1941 ء میں کیپٹن سرور شہید ’’رائل انڈین آرمی‘‘ میں جونئیر کمشنر آفیسر منتخب ہوئے اور V.C.O سکول آف رائل انڈین سروس کور میں انسٹرکٹر کی خدمات سرانجام دینے لگے ۔ 1942ء میں ہنگامی کمشن کے لئے ان کا چناؤ کیا گیا ۔ ٹریننگ کورس کے بعد ’’انڈین ملٹری اکیڈمی ڈیرہ دون‘‘ سے مؤرخہ 19 مارچ 1944 ء کو سیکنڈ لیفٹننٹ ہوکر نکلے ۔ اور مؤرخہ 27 اپریل 1944 ء کو لیفٹننٹ بنادیئے گئے ۔ 1945ء میں جب دوسری جنگ عظیم کا خاتمہ ہوا تو 1946 ء تک کیپٹن سرور شہید پنجاب رجمنٹ میں متعین رہے اور پھر 1946 ء میں ان کو پنجاب رجمنٹ ( سیکنڈ) میں بھیج دیا گیا۔اور اس کے بعد یکم فروری 1947 ء کو انہیں فل کیپٹن کا عہدہ سونپ دیا گیا۔

برصغیر سے انگریز چلا تو گیا لیکن وہ اپنے پیچھے جو نفرتوں اور خانہ جنگیوں کے جال بن گیا ٗبرصغیر کے باسی عموماً اور مسلمانان قوم خصوصاً شاید اس کے اس جال سے صدیوں نہ نکل سکیں ۔ چنانچہ ہندوؤ کے ساتھ ملی بھگت کرکے انگریزوں کا مقبوضہ جموں و کشمیر کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان متنازعہ فیہ بنادینا تاریخ انسانیت کا وہ سیاہ کارنامہ ہے کہ جس کے رستے زخموں کااب قیامت تک مندمل ہونا شاید ناممکن ہو۔

چنانچہ 1948 ء میں چند چھوٹی چھوٹی جھڑپوں کے بعدجولائی 1948 ء میں دشمن نے کشمیر میں ایک اہم چوکی پر قبضہ کرلیا اور قبضہ کرنے کے بعد پیش قدمی کا منصوبہ بھی بنالیا ۔ سیکنڈ پنجاب رجمنٹ کو جوابی کار روائی کے لئے کشمیر جانے کا آرڈر دیا گیا ۔ کیپٹن سرور شہید اس وقت اپنی ٹریننگ میں مصروف تھے اور ٹریننگ ختم ہونے سے پہلے انہیں رجمنٹ کے ساتھ کشمیر جانے کی اجازت نہ دی جاسکتی تھی ، مگر ان کے کمانڈنگ آفیسر نے جب ان کی جوشیلی اور ولولہ انگیز گفتگو سنی تو انہیں محاذ پر جانے کی اجازت دے دی۔

کیپٹن سرور شہید کشمیر میں جب محاذ پر پہنچے تو ’’اوڑی‘‘ کے مقام پر ایک پہاڑی پر دشمن قبضہ کیے ہوئے بیٹھے تھے ۔ پہاڑی اس قدر صحیح مقام پر تھی کہ دشمن پاک فوج کی تمام نقل و حرکت سے پوری طرح باخبر تھا اور کوئی بھی پیش قدمی اس کی نگاہوں سے اوجھل نہیں تھی ۔ اس لئے ضروری تھا کہ دشمن کے پنجے سے اس پہاڑی کو آزاد کرایاجائے اور دشمن کو وہاں سے ہٹادیا جائے ۔ چنانچہ کیپٹن سرور شہید نے اوڑی سیکٹر میں واقع دشمن کی اس اہم ترین فوجی پوزیشن پر حملہ کیا اورجب وہ دشمن سے صرف 30 گز کے فاصلے پر پہنچے تو دشمن نے ان پر بھاری مشین گن ، دستی بم اور مارٹر گنوں سے فائرنگ شروع کردی ۔ اس حملے میں پاک فوج کے مجاہدین کی ایک بڑی تعداد زخمی بھی ہوئی اور شہید بھی ہوگئی ۔ تاہم جوں جوں پاک فوج کے مجاہدین کی تعداد میں کمی آتی گئی توں توں ان کا جوش اور ولولہ مزید بڑھتا گیا ۔ اس کے بعد کیپٹن سرور شہید نے توپ کی گن خود سنبھالی اور دشمن پر گولیوں کی اندھا دھند پوچھاڑ شروع کردی اور بہت دور تک آگے کی طرف نکل گئے ، یہاں تک کہ اب دشمن کا مورچہ محض 20 گز کے فاصلے پر رہ گیا ۔ اس موقع پر اچانک انکشاف ہوا کہ دشمن نے اپنے مورچے کو خار دار تاروں سے چاروں طرف سے محفوظ کرلیا ہے ، لیکن اس غیر متوقع صورت حال کی کیپٹن سرور شہید کنے ایک پرواہ نہیں کی اور کسی طرح اس سے ہراساں نہ ہوئے بلکہ مسلسل دشمنوں پر اندھا دھند فائرنگ جاری رکھی رکھی ۔ اس دوران انہوں نے اپنے ہاتھ سے ایک دستی بم ایسا ٹھیک نشانے پر پھینکا کہ جس کی وجہ سے دشمن کی ایک میڈیم مشین گن کے پرزے ہوا میں اڑنے لگے، تاہم اس حملے میں ان کا دایاں بازو شدید زخمی ہوگیا مگر انہوں نے اپنے زخموں کی پرواہ کیے بغیر 6 ساتھیوں کی مدد سے ان خار دار تاروں کو عبور کرکے دشمن کے مورچے پر آخری حملہ کیا ۔ دشمن نے اس اچانک حملے کے بعد اپنی توپوں کا رخ کیپٹن سرور شہید کی طرف پھیر دیا ، جہاں سے نکل کر ایک گولی کیپٹن سرور شہید کے سینے میں جالگی اور انہوں نے وہیں مؤرخہ 27 جولائی 1948 کو جام شہادت نوش کرلیا ۔ مگر پاک فوج کے جانباز مجاہدین نے جب اس طرح انہیں شہید ہوتے دیکھا تو انہوں نے یکبارگی دشمن پر ایسا حملہ کیا کہ جس کی وجہ سے وہ اپنے مورچے چھوڑ کر بھاگ نکلے ۔ اور یوں جنرل اسکندر مرزا کے دور میں مؤرخہ 23 مارچ 1957 ء کے یوم جمہوریہ کے موقع پر کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کوان کی اس بہادرانہ شہادت کے انعام میں پاکستان کا پہلا نشانِ حیدر ملا۔

یہ عجیب حسن اتفاق دیکھئے کہ کیپٹن سرور شہید جس دن پیدا ہوئے تھے وہ عید کا دن تھا اورجس دن انہوں نے جام شہادت نوش کیا وہ عید کا دوسرا دن تھا ۔گویا عید کے ایک دو دن گزارنے بطورِ مہمان کے وہ اس دنیا میں تشریف لائے تھے۔
Mufti Muhammad Waqqas Rafi
About the Author: Mufti Muhammad Waqqas Rafi Read More Articles by Mufti Muhammad Waqqas Rafi: 188 Articles with 254279 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.