نئے سال کے پیغامات

 اہالیانِ پنجاب خوشی سے سرشار ہیں، کہ ان کے محبوب وزراء نے اپنے عوام کے لئے نئے سال کے مبارکبادی پیغامات دیئے ہیں، اگر عوام میں سے کچھ بے خبر لوگوں تک یہ پیغامات نہیں پہنچے تو اس میں وزراء کا کوئی قصور نہیں، اس میں رکاوٹ موسمی سختیاں ہیں، دھند تو سورج کی کرنیں عوام تک نہیں پہنچنے دیتی، پیغام کیسے پہنچے گا، اسی دھند کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، کیونکہ بجلی سپلائی کرنے والے آلات (ٹرانسفارمرز، ڈیز وغیرہ) پر اوس پڑ جاتی ہے، یہ اوس بھی عجیب چیز ہے، جس پر بھی یہ پڑ جائے اسے ناکارہ کرکے رکھ دیتی ہے، یہ اس قدر پُر اثر چیز ہے کہ کہ نادیدہ اشیاء پر بھی پڑ سکتی ہے، اگر جذبات پر اوس پڑ سکتی ہے تو یہ بجلی مہیا کرنے والے آلات کیا چیز ہیں؟ دھندکو لانے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، اس لئے اگر دھند کی وجہ سے بجلی چلی جائے تو اس میں حکومت کوبے قصور قرار دیا جائے گا۔ بات شروع ہوئی تھی صوبائی وزراء کے پیغامات کی، پہنچ گئی دھند تک۔ وزراء کے پیغامات میں سے چند ایک کے یہاں نمونے کے طور پر پیش کئے جارہے ہیں۔

وزیرتعلیم نے عوام کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ’’․․2007ء میں صوبے میں تعلیمی انقلاب آجائے گا، کیونکہ حکومت ہر سال تعلیم پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے، اس کے بہت سے اثرات اسی نئے سال میں سامنے آجائیں گے، کچھ اثرات مزید اگلے برس کے لئے بچا کر رکھے جائیں گے ، تاکہ آنے والے قومی الیکشن میں کام آسکیں۔ پنجاب بھر میں پون کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ان کو سکول لانے کے لئے حکومت سروے کر رہی ہے کہ وہ بچے کن شہروں میں کتنی تعداد میں ہیں، جن اضلاع میں سکول سے باہر بچوں کی تعداد پچاس ہزار سے زیادہے ، وہاں میڑو بس سروس کا آغاز کردیا جائے گا، تاکہ بچوں کو سکول آنے جانے میں آسانی رہے، بعد میں کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ میں پیدل سکول جاتا تھا، یا میرے پاس جوتے نہیں ہوتے تھے، وغیرہ وغیرہ۔ ہم اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ اگلے سالوں میں مفت کتابوں کے ساتھ بچوں کو مفت جوتے بھی دیں۔ اس سال سکولوں سے باہر اسّی لاکھ بچوں میں سے امید ہے دس بیس ہزار کو سکول لانے میں حکومت کامیاب ہو جائے گی، باقی اُناسی لاکھ اسّی ہزار بچے انشاء اﷲ اگلے سال سکولوں میں آجائیں گے، یوں آنے والے الیکشن کے موقع پر کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں ہوگا، اگر باہر ہوا تو یقینا اپوزیشن کی کسی سازش کی وجہ سے ہی ہوگا، کیونکہ اپوزیشن ملک کی ترقی نہیں چاہتی۔

وزیر صحت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’ ․․․ پنجاب کے عوام کے لئے صحت کے میدان میں بڑا انقلاب نیا سال شروع ہونے سے کچھ روز قبل ہی آگیا تھا، جب اپنے محبوب اور متحرک وزیراعلیٰ نے اپنی کابینہ میں توسیع کردی تھی اور ساڑھے تین برس کے بعد صحت کے لئے بھی ایک وزیر کی ضرورت محسوس کر لی تھی۔ وفاقی حکومت نے بہت سے نئے ہسپتال بنانے کا اعلان کردیا ہے، یقینا ان میں سے زیادہ تر پنجاب میں ہی تعمیر کئے جائیں گے، کیونکہ لاہور پاکستان کا دل ہے اور دل کی صحت کا خیال رکھنا سب سے زیادہ ضروری ہے، یوں زیادہ خرچہ تو دل پر ہی کرنا پڑے گا۔ عوام کو بہت جلد جعلی اور دو نمبر ادویات سے نجات مل جائے گی، کیونکہ ایک نمبر دوائیوں سے نجات تو پہلے ہی مل چکی ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا، کیونکہ ان میں سے بہت سے ترقی بھی پا جائیں گے یوں وہ ینگ نہیں رہیں گے۔ عوام کی بہتر صحت کا خیال رکھنے کے لئے فوڈ کنٹرول اتھارٹی اپنا کام کر رہی ہے، مگر اپنے ہی لوگوں کی سرپرستی سے بہت سے لوگ اس اتھارٹی کو ناکام بنانے میں بھی مصروف ہیں۔ اشیائے خورد ونوش میں ملاوٹ کا بھی اسی سال خاتمہ ہو جائے گا، اگر کچھ ملاوٹ رہ گئی تو اسے اگلے برس پر ڈال دیا جائے گا تاکہ الیکشن کے سال بڑے بڑے کام کرکے ہم ووٹ کے صحیح حقدار قرار پا سکیں․․‘‘۔ اسی طرح وزیر قانون نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ ’’․․ جس طرح حکومت ہر کام غریبوں کے لئے کر تی ہے، اسی طرح قانون بھی غریبوں کے لئے ہی بنایا جاتا ہے، اس پر بھر پور عمل کیا جاتا ہے، دیگر سہولتوں کی طرح جب قانون ہے ہی غریبوں کے لئے تو پھر اس کی زد میں غریب ہی تو آئیں گے، نئے برس میں بھی یہ خدمت جاری رہے گی․․‘‘۔
 
muhammad anwar graywal
About the Author: muhammad anwar graywal Read More Articles by muhammad anwar graywal: 623 Articles with 427775 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.