٭ پانامہ لیکس کا فیصلہ بہت جلد آ رہا ہے۔نئے پاکستان کی
خوشخبری جلد دوں گا۔ عمران خان
لگتا ہے خان صاحب نے دوپہر کو بریانی کھا کے قیلولہ کرتے ہوئے پانامہ لیکس
کے متعلق خواب دیکھ لیا ہے۔قارئین ہم نے تو سنا تھا کہ اگر کوئی نیک انسان
فجر کی اذان کے قریب خواب دیکھ لے تواس کا خواب سچا ہوتا ہے لیکن نجانے
کیوں عمران خان اور شیخ رشید کو آجکل ایسے ویسے خواب کیوں آتے ہیں؟۔خواب
دیکھنے اور اس کا بتانے کی اجازت ہر کسی کو ہے لیکن اس قسم کے خطرناک خواب
جن سے ایک منتخب شدہ حکومت کے فارغ ہونے کا اندیشہ ہو ایسے خواب دیکھنے
والے کو ہم کیا کہیں عوام خود ہی خان صاحب جیسے جذباتی انسان کا فیصلہ اگلے
الیکشن میں دے دے گی۔خان صاحب کو کے پی کے میں ہی خوشخبریاں مل رہی ہیں۔کل
کے ا خبارات بتا رہے تھے کہ پرویز خٹک کے مشیر خاص سرکاری ہیلی کاپٹر کی
اڑانیں بھر رہے ہیں۔ امریکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں یا خود ایک کھلاڑی ہو کر
کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہنے والے خان صاحب ہوں ان سے متعلق عوام کو ہر ہفتہ ہر
روز کسی نہ کسی قسم کی ’’بونگی‘‘ کا انتظار ہتا ہے۔
جو ہنسنا ہسانا ہوتا ہے
رونے کو چھپانا ہوتا ہے
٭ روشن پاکستان بنا رہے ہیں۔ مر یم اورنگزیب
اﷲ تعالیٰ مریم صاحبہ کی زبان مبارک کرے۔ابھی تو موسم گرما کاآغاز ہے۔ابھی
دیکھیں گے کہ ملک کو محکمہ واپڈاکتنا روشن کریں گے۔ابھی دیکھیں گے کہ مریم
صاحبہ او ر ان کی ٹیم گرمیوں میں واپڈا کو کیسے کنٹرول کریں گے۔مچھر اور
مکھیاں عوام کا جینا محال کرنے کے لئے میدان عمل میں ہیں۔جوں جوں ٹمپریچر
بڑھے گا مکھیوں اور مچھروں کی طرح اپوزیشن جماعتیں بھی حکومت کے ارد گرد
بھنبھنانا شروع کردیں گی۔کرسی کے حصول کے لئے زرداری ٹیم،خان ٹیم ،چوہدری
برادران اورجماعت اسلامی حکومت کے پیچھے پڑ جائیں گے۔پھر دیکھیں گے کہ عوام
کی روزی ،روٹی اور بجلی کے حالات کیا ہوتے ہیں۔اﷲ تعالیٰ اس ملک کو روشن ہی
رکھے تو اچھی بات ہے۔
آپ نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ابھی آپ کے لئے
ضرورت ہے کہ روشنیاں بانٹنے کا ہی سوچیں کیونکہ ٹائم بہت کم ہے اور مقابلہ
سخت ہے۔
٭ جیلوں کا خوف نہیں،ہمیشہ جیلوں کا سامنا کیا۔ زرداری
آصف علی زرداری ان دنوں پی پی پی کی لگے الزامات کا صفایا مہم پر ہیں۔اس
صفائی مہم کا آغاز انہوں نے خود سے کیا ہے۔ان کے مطابق وہ خود جو جیل میں
رہے وہ بھی غلط الزام تھا۔ان کے مطابق ان کے سابقہ وزرائے اعظم جن میں یوسف
رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف نہایت معصوم اور سیدھے سادھے افراد ہیں ان
کا کسی قسم کے ہیر پھیر اور کرپشن کے تمام الزامات غلط ہیں۔ایان علی بہت
پاکیزہ سی دوشیزہ ہے ،ڈاکٹر عاصم نے تو کچھ بھی نہیں کیا اور شرجیل میمن تو
بس ایک بھولا بھالا بچہ ہے۔اس کامطلب یہ ہے کہ پی پی پی کے افراد پر کرپشن
کا نہیں آلو مٹر چوری کا الزام ہے۔
ان کاکہنا یہ ہے کہ مذکورہ افراد اگلے الیکشنوں میں انکو سب سے زیادہ سپورٹ
کریں گے اور ووٹ جیت کے وہ انہیں نہ صرف بڑی بڑی منسٹریاں دیں گے بلکہ ان
کے نام کے منصوبوں کا اعلانا ت بھی کریں گے۔ان کے مطابق بلاول زرداری بھٹو
ان دنوں اپنی آواز کو بھر پو ر مردانہ آواز بنا کر ہی الیکشن مہم کا آغاز
کریں گے۔آخر میں مسٹر ٹین پرسنٹ نے جئے بھٹوکا نعرہ لگایا اورعینک لگا کر
ڈینجرس سمائل بھی دی۔
٭ سیالکوٹ میں بیٹھ کر لندن میں چھیڑ چھاڑ کر نے پر خاتون گرفتار۔ خبر
کتنا خطرناک دور آگیا ہے۔ایک وقت تھا کہ لوگ بڑی عمر کے بندے کا احترام
کرتے تھے اور اس کی دعائیں لیتے تھے۔آجکل لوگ کہتے ہیں چھوٹے کی دعا لے لیں
او ر چھوٹے بڑوں کا احترام نہیں کرتے۔اسی طرح مذکورہ واقعہ اس بات کی غمازی
کرتا ہے کہ اب وہ دور گیا جب لڑکے چھیڑ چھاڑ کرتے تھے۔اب تو ایسا دور ہے کہ
لڑکیاں چھیڑ چھاڑ کرتی ہیں۔لڑکی جرات دیکھیں کہ وہ اس لندن میں بیٹھے شخص
کو اچھا بھلا بلیک میل کرتی رہی۔وہ بیچارہ اتنا پریشان ہوا کہ اسے ایف آئی
سے مدد لینا پڑی۔
٭ راولپنڈی چکری روڈ پر ڈور پھرنے سے چار سالہ بچہ ہلاک خبر
دل لہو لہو ہو جاتا ہے۔سمجھ نہیں آتی ہم سب کی بے حسی کی۔جب پتنگ بازی پر
اتنی سخت پابندی ہے۔نجانے کیوں لوگ پھر پتنگیں اڑانا کیوں اچھا سمجھتے
ہیں۔اﷲ کے بندو اس پتنگ ڈور کو قوم کا قاتل سمجھو۔پتنگ بازی چھوڑ دو۔بڑی
مہربانی گلی ڈنڈا کھیلو،کرکٹ کھیلو،ٹینس کھیلو یا گھرمیں بیٹھ کر کمپیوٹر
ہی کھیل لو مگر صاحب معصوموں کی جان تو نہ لو۔حکومت کے لئے ضروری ہے کہ
پتنگ بازوں کو الٹا لٹکائیں۔ |