سلام ان لوگوں کو ۔۔۔
جو موجودہ دور کے جلا کے راکھ کر دینے والے فتنوں سے اپنے آپ کو بچاتے ہیں
۔ ہر طرح کی طاقت، آزادی، سہولت اور وقت کے ہوتے ہوئے یہ لوگ اپنی نفسانی
خواہشات کو اپنے پاؤں تلے روندتے ہوئے آگے گزر جاتے ہیں ۔
بہت تکلیف دہ کام ہے اپنی خواہش کو اپنے سامنے مرتے، سسکتے دم توڑ تے
دیکھنا ۔ ان خواہشات کو جن کو پورا کرنے کے ہم اپنے پیدا کیے جانے کا مقصد
بھول جاتے ہیں ۔ کبھی کبھار اپنے خونی رشتوں کو بھی اہمیت نہیں دیتے۔
اندھادھن ان خواہشات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہر کوشش کرچھوڑتے ہیں
۔۔۔۔۔۔
اصل میں ہم اپنے شوق ، اپنے خواب ، اپنی آرزوئیں ، اپنی خواہشات سے اس قدر
محبت کرنے لگتے ہیں کہ ہمیں دنیا کی کوئی دوسری سچائی نظر نہیں آرہی ہوتی ۔
اپنی نفسانی خواہشات کو پورا کرنے کا جنون خون کی طرح رگوں میں دوڑنے لگتا
ہے ۔۔۔ کسی کو پیسہ چاہیے کسی کو عزت کسی کو طاقت کسی کو شہرت ۔۔۔ اور کچھ
نہیں تو محبوب کو قدموں میں لانے کےلیے کیا کیا جتن کرتے ہیں لوگ ۔۔۔
اسکےبر عکس جو لوگ اپنی خواہشات کو آخرت کے انتظار میں ، کسی پھٹے
پرانے،بوسیدہ کپڑے میں لپیٹ کر اپنے آپ سے، اپنے وجود سے کہیں دور پھینک
دیتے ہیں ، یہی لوگ سکون اور عزت کے ساتھ جیتے بھی ہیں اور مرتے بھی ہیں
۔۔۔۔ اپنے نفس سے منہ موڑنے کے لیے ہمت کی ضرورت ہوتی ہے ۔
لیکن جب اللہ کی محبت آپ کے دل میں گھر کرجائے تو پھر اسی کام میں لذت اور
تسکین حاصل ہوتی ہے ۔
کوئی شک نہیں کہ اللہ کی محبت ہی دلی سکون کا باعث بنتی ہے ۔ یہ محبت آپکو
ٹوٹنے سے بچا لیتی ہے ۔ جب الله کی محبت میں آپ اپنے شوق اپنے نفس اپنی
خواہشات سے جنگ کرتے ہیں تو اس کا مزہ ہی الگ ہوتا ہے ۔
اللہ کی محبت میں اللہ کی رضا کی خاطر اپنے نفس سے جنگ کرنا ہی اصل جنگ ہے
۔
جب ہم اپنے ہی گناہوں کی بدبو سے دور بھاگتے ہیں تو اللہ ہی کی محبت ہماری
روح کو معطر کرتی ہے ۔
خوا ہشات کے پیچھے بھاگتے بھاگتے جب ہم تھکن سے چکنا چور ہوتے ہیں تو ایسے
میں اللہ ہی کی محبت ہمیں اندر ہی اندر تعمیر کرتی ہے ۔
جب پاؤں پھسلنے لگتاہے تو صرف اللہ کی محبت ہی ہمیں تھام لیتی ہے ۔
زندگی کااصل مقصد ہی اللہ سے محبت ہے ۔
کہ ہم بھول بیٹھے ہیں ۔ بھاگ رہے ہیں اس سیراب کے پیچھے جو کبھی ہاتھ آنے
والا نہیں ، وہ ہے ہمارا اپنا نفس ۔۔۔
غور کیجئے اس پر جو بظاھر نظر تو نہیں آرہا مگر ہماری شہہ رگ سے بھی زیادہ
قریب ہے ۔ اسی کی محبت کی خشبو ہی اصل خشبو ہے جو ہمیں نئی زندگی بخشتی ہے
۔
زندگی کو جانیے ، اسے پہچانیے۔ زندگی خواہشات کو جینے کا نام نہیں ہے زندگی
کو زندگی دینے والے کی مرضی کے مطابق ڈھالیے پھر لیجئے زندگی کا اصل مزہ
۔۔۔
۔۔۔
اللہ سے دعا ہے کہ اللہ میرا ،آپکا اور ہم سب کا ساتھ یوں ہی دیتا رہے ۔
اور ہمارے دلوں میں اپنی اتنی محبت بھردے کہ ہمارے لیے نفس سے جنگ آسان ہو
جائے ۔ آمین ۔ |