بھارت ! ہوش کے ناخن لو

مودی سرکار جنگی جنون میں مکمل طور پراندھی ہوچکی ہے اور مسلسل سرحدی دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ایک نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق رواں برس جنوری سے اب تک بھارت لائن آف کنٹرول پر 400سے زائد مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے، جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد 382تھی ۔سیز فائر معاہدے کی تازہ ترین خلاف ورزی ہفتہ کے روز کی گئی جس کے باعث بے لگام بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری حریت کمانڈر برہان مظفر وانی شہید کی پہلی برسی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فا ئر نگ سے8افراد جام شہادت نوش کر گئے ۔ بھارت کی جانب سے دہشت گردی کا یہ سلسلہ نیا نہیں ہے بلکہ آئے دن کسی نہ کسی جگہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور گزشتہ کچھ مہینوں سے ایک معمول بن چکا ہے ۔ کبھی آبدوز کی صورت میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو کبھی راکٹ فائر کر کے کنٹرول لائن کے ملحقہ علاقوں میں بسنے والے پاکستانیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔بھارت ہوش کے ناخن لے اور کنٹرول لائن ، ورکنگ باؤنڈری پر جاری سلسلہ دہشت گردی کو فورا ً بند کرے ۔مودی سرکار اپنی بے لگام فوج کو لگام دے تاکہ بھارتی فوج پاک آرمی کو للکارنا بند کرے اور جنگ بندی کے معاہدہ کو مد نظر رکھتے ہوئے کنٹرول لائن پر دہشت گردی کا سلسلہ بند کرے ورنہ سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ پاکستانی فوج ساری دنیا کی افواج سے زیادہ بہادر فوج ہے اور سخت سے سخت دشمن کا بھر پور مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتی ہے ۔ اگر کنٹرول لائن پر یہ دہشت گردی کا سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو بھارتی فوج اور مودی حکومت خود ذمہ دار ہوگی۔ مودی سرکار فوج کی گنتی پر بھروسہ کر کے چھیڑخانی کرنے کے چکر میں نہ پڑے ورنہ یہ ریت کی دیواریں سیکنڈوں میں گرادی جائیں گی اور پھر ہوش سنبھالنے کا موقعہ بھی نہیں ملے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے بیان کے مطابق ہفتے کو بھارتی فورسز نے راولاکوٹ، تتری نوٹ ، منوا چغر،چڑی کوٹ اور ستوال سیکٹر میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4خواتین اور ایک بزرگ شہری شہید جبکہ 5زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ زخمی افراد میں سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 3 شہری بھی شہید ہوگئے ۔ بھارت کی جانب سے سرحدی دہشت گردی کا یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہااور آئے دن درجنوں مظلوم پاکستانی اس دہشت گردی کا نشانہ بن کر لقمہ اجل بن رہے ہیں۔قیام پاکستان سے ہی بھارت ہر موڑ پر روائتی حریف کی حیثیت سے سامنے آیا ہے اوربھارت کی جانب سے ہمیشہ پاکستانی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ سانحہ سمجھوتا ایکسپریس ہو یا پھر ممبئی حملوں کی بات کی جائے بھارت کے ناپاک عزائم ساری دنیا کے سامنے ہیں اوربھارت کی جانب سے ہمیشہ پاکستان کو بدنام کرنے اور نقصان پہچانے کی کوشش کی گئی ہے۔بھارتی دہشت گرد تنظیم را ء بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا نشانہ ہمیشہ پاکستان اور مسلمان قوم رہی ہے۔داعش نامی دہشت گرد تنظیم کے تانتے بھی بھارت سے کسی نہ کسی صورت ضرور ملتے ہیں الغرض بھارت ہر لحاظ سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے ہمہ تن کو شاں ہے۔بھارت ایک طرف دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ کرکے ان کو پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے جبکہ دوسری طرف سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرکے پاکستان کو نقصان پہنچا رہاہے۔ بھارتی دہشت گردی کے باعث آئے روز درجنوں پاکستانی لقمہ اجل بن رہے ہیں جبکہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کے سامنے بھارت دودھ کادُھلا بن کران کی آنکھوں دُھول جھونکنے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔ بھارت فوج کی کثیر تعداد اور امریکہ جیسی طاقتوں کا ساتھ حاصل کرکے اس بات کو بھول چکا ہے کہ پاکستانی فوج ساری دنیا کی افواج سے زیادہ بہادر فوج ہے اور سخت سے سخت دشمن کا بھر پور مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتی ہے اور اسلام اور پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے ذرا بھی دریغ نہیں کرتی ۔مودی سرکار یہ بھول چکی ہے کہ پاکستانی شیر جوان اگر بھارتی فوجیوں پر جھپٹ پڑے تو ان کو بھاگنے کا موقعہ بھی نہیں ملے گا۔یہ بات بھی بھارتی حکوت و افواج کے ذہن میں ضرور ہونی چاہیے کہ اگر پاکستانی افواج کے شیر دل جوان محاذ پرر نکل پڑے تو کسی صورت بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اینٹ کا جواب پتھر سے دینے پر دسترس رکھتے ہیں۔

جنگی جنون میں اندھی مودی سرکار آنکھیں کھولے اور ذہن پر زور ڈالے کہ اب لاٹھی ، برچھی کی جنگ نہیں بلکہ بھات کا مقابلہ ایٹمی طاقت سے ہونا ہے اور پاکستان کے پاس اس قدر جدید ہتھیار موجود ہیں کہ بھارت سوچ بھی نہیں سکتا اور پاکستان صرف چند منٹوں میں پورے بھارت کو تباہ و بربادکرنے کی طاقت رکھتا ہے۔اگر کنٹرول لائن پر یہ دہشت گردی کا سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو تمام تر ذمہ داری بھارتی فوج اور مودی حکومت پر ہوگی۔ بھارت ہوش کے ناخن لے اور سرحدی دہشت گردی کو ختم کر کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے ورنہ اینٹ کا جواب پتھر کی صورت میں بھگتنا پڑے گااور اس عمل میں پاکستانی سویلین بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ چلنے کو تیار ہیں اور اس بار بھارت کو ناکوں چنے چبوا کر ہی دم لیں گے۔اﷲ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔۔۔آمین
 

Malik Muhammad Shahbaz
About the Author: Malik Muhammad Shahbaz Read More Articles by Malik Muhammad Shahbaz: 54 Articles with 44582 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.