ہماری ویب -- 3650 راتیں

میرے پاس تو 3650 کہانیاں ہیں - ابھی تو آپ نے تو صرف 1000 کہانیاں ہی سنی ہیں -

یہ ہماری ویب کیا شے ہے -- دل کی بےقراری کو قرار آیا

ایک اخبار والے کے پاس کھڑے ایک بزرگ اخبار والے سے ضد کر رہے تھے -تمہیں پتہ ہی نہیں آج پندرہ سو والی انعامی بانڈ کی فہرست کس اخبار میں ہے اور اخبار والا اپنی جان بچانے کے لئے اِدھر اُدھر کی ہانک رہا تھا- ایک صاحب جو غالبا" خریدار بوڑھے بزرگ کے اچھے واقف کار تھے اور اور اخبار والے سے بھی تھوڑی بہت دوستی تھی
مذاق مذاق میں کہہ رہے تھے
لڑائی لڑائی معاف کرو
دل اپنا صاف کرو
پھر مشورہ دیا کہ پریشانی کیا بات ہے سامنے ہی انٹرنیٹ کی دکان ہے - جاؤ وہاں 'ہماری ویب ' کی ویب سائٹ پر نتیجہ آیا ہوا ہے معلوم کرلو -
دس منٹ بعد بزرگ کو دیکھا -مطمئن صورت میں جا رہے تھے - ان کی دل کی بےقراری کو قرار آچکا تھا -پتہ چلا کہ ہماری ویب کی ویب سائٹ پر بہت ہی اچھے طریقے سے مختلف مالیت کے انعامی بانڈوں کا نتیجہ فورا“ سے بھی پیشتر دکھا دیا جاتا ہے سو بے قراری کو قرار کیوں نہ آتا

یہ ہماری ویب کیا شے ہے -- اب دل شاد رہتا ہے

اپنے دیس سے دور سعودی عرب میں کام کر نے والے ایک صاحب نے اپنے مسائل بتائے -ان میں ایک یہ بھی تھا کہ وہ صاحب کرکٹ کے دلدادہ تھے لیکن بیرون ملک میں انہیں پاکستان کرکٹ کے میچوں کی صحیح صورتحال نہیں ملتی تھی - بقول ان کے طبیعت ناشاد ہوتی تھی اور دفتر میں کام کی کارکردگی برباد ہوتی تھی اور سعودی آجر کی توہین آمیز آواز دل کے آر پار ہوتی تھی - لیکن جب سے ہماری ویب کا پتہ چلا ہے سارے مسائل حل ہو گئے ہیں - کرکٹ میچوں کی پل پل کی خبر ملتی ہے -اب دل شاد رہتا ہے ----- تو ہماری ویب کا یہ بھی کارنامہ ہے

یہ ہماری ویب کیا شے ہے - ہماری بہو بھی زندہ باد اور ہماری ویب بھی زندہ باد

ایک تیسرے صاحب ملے - وہ پنشن کے دفتر میں پنشن لینے آئے تھے - پنشن لینے کا دفتر بھی ایک عجب مقام ہے - یہاں آکر ہر ایک اپنے دل کے پھپھولے پھوڑتا ہے - وہ صاحب اپنے گھر کی کہانی سنا رہے تھے بقول ان کے یہ گھر گھر کی کہانی تھی - وہ کہہ رہے تھے میاں بس گھر میں ایک ٹی وی ہے - بہو صاحبہ اپنے پروگرام دیکھتی رہتی ہیں - میں ٹھہرا ریٹائرڈ آدمی -تھوڑا بہت ٹی وی پر سیاسی مذاکرے دیکھنا چاہتا ہوں لیکن بہو ٹی وی چھوڑے تو دیکھوں - -لیکن بہو نے ایک کرم مجھ پہ کیا اور ہماری ویب کا پتہ بتا دیا کہ یہاں پر ٹی وی چینل نہایت آسانی سے آجاتے ہیں اور صاف بھی دکھائی دیتے ہیں

سو ہماری ویب نے اور ہماری بہو نے مسئلہ حل کر دیا ہماری بہو بھی زندہ باد ---ہماری ویب بھی زندہ باد

یہ ہماری ویب کیا شے ہے - نواسے کا اچھا سا نام سوچیں

ہسپتال میں وائی فائی لگانے کے لئے ایک صاحب ہسپتال کی انتظامیہ کو مشورہ دے رہے تھے - انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وائی فائی لگا تو دیں گے لیکن پھر سارا عملہ بشمول ڈاکٹر صاحبان کے سب کے سب اسی میں مشغول رہیں گے کام متاثر ہوگا -- صاحب کا کہنا تھا کہ ماشاءاللہ سے اللہ تعالیٰ نے ایک نواسہ دیا ہے -اب وہ نانا بن گئے ہیں - نانا جی کو کہا گیا ہے کہ نواسے کا کوئی اچھا سا نام سوچیں جو مختصر بھی ہو -بامعنی بھی ہو - کانوں کو بھلا بھی معلوم دے - اس کا اصل تلفظ بھی پتہ چلے - یہ سب سوالات تو ہماری ویب سے ہی مل سکتے ہیں - اگر ہسپتال میں وائی فائی ہوتا تو انتظار کا وقت ادھر ادھر بے کاری میں پھرنے کی بجائے یہیں بیٹھے بیٹھے ہماری ویب سے نام تلاش کر لیتے - --پھر وہی ہماری ویب

یہ ہماری ویب کیا شے ہے - بیٹے کی نوکری کی ضامن

ٹرن ٹرن فون بجا ---دوسری طرف بیٹا ہے -- نئے ادارے میں ابھی ابھی تعیناتی ہوئی ہے - کام کا بوجھ بہت زیادہ ہے - سر کھجانے کی فرصت نہیں - بیٹا کہہ رہا تھا کہ ایک لیٹر کا ڈرافت بنوانا ہے - باس نے کچھ اشارے دئے ہیں لیکن ایک لفظ کے معنی نہیں سمجھ آرہے ہیں یا شاید ہجے ہی غلط ہیں - باس نے کہا ہے سمجھ نہ آئے تو ڈکشنری دیکھ لینا - ہماری ویب کی ویب سائٹ میں ڈکشنری بھی تو موجود ہے - آسانی سے کھل جاتی ہے - بیٹے نے ابو سے کہا آپ ذرا ڈکشنری کھول کر معنی تو بتائیے یا ہجے دیکھ لیجئے - میں جب تک دیگر معاملات سے نبٹ لوں - ہائیں -- ہماری ویب یہاں بھی کام آرہی ہے - بیٹے کی نوکری کی ضامن --ماشا اللہ-- ماشا اللہ --

یہ ہماری ویب کیا شے ہے -- معلومات پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے

یہ صاحب کون ہیں جن کا چہرہ پریشانی سے دھواں دھواں ہو رہا ہے - لب خشک ہیں - اوہ یہ تو نامی گرامی تاجر ہیں - صنعتی اشیا سپلائی کرتے ہیں - اکثر اداروں کو ان کا مال جاتا ہے -ایک دھوم ہے سامان وقت پر پہنچانے کی - لیکن یہاں پتہ چلا کہ سرکاری ادارے کے منیجر صاحب نے ان پر ساٹھ لاکھ کا جرمانہ کر دیا ہے - تھوڑی دیر بعد ان کے پیچھے ہی منیجر صاحب باہر نکلے - دبلے پتلے سے - ان کے ساتھ ان کا جونیئر افسر بھی تھا - ہم نے سنا کہ منیجر صاحب اپنے جونیئر افسر سے کہہ رہے تھے کہ ڈالر کی صحیح قیمت معلوم کر نی ہو تو تو ہماری ویب سے لو - کافی مصدقہ ہوتے ہیں - ان پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے - ساٹھ لاکھ جرمانہ کرنے والا یہ بات کہہ رہا ہو تو کچھ تو سچائی ہوگی - دل نے کہا

یہ ہماری ویب کیا شے ہے - اب بچہ ماشااللہ خوب بھلا چنگا ہے -

بس میں بیٹھے تھے - کچھ فاصلے پر ایک خاتون بیٹھی دوسری خاتون سے اپنے بچے کی بیماری کے بارے میں بات کر رہی تھیں - ان کی آواز اس قدر تیز تھی کہ کبھی حکومت لاؤڈ اسپیکر پر پابندی لگائے تو شاید ان کے بولنے پر بھی پابندی لگا دے - وہ خاتون بتا رہی تھیں کہ کسی ڈاکٹر سے ان کے بچے کی صحت کا مسئلہ حل نہیں ہوا - کبھی ہوتا بھی تو ایک دو ہفتے کے لئے صحیح ہو جاتا لیکن پھر عود آتا - سمجھ میں نہیں آرہا تھا -دور کی رشتے دار (دور سے مراد ان کی فاصلے میں دوری یعنی امریکہ میں بیٹھی فرسٹ کزن رشتے دار ) ) نے ایس ایم ایس کیا کہ ہماری ویب میں ڈاکٹر صاحبان مشورہ دیتے ہیں ان سے رائے لے لو - پوچھنے میں کیا ہے - عمل کرو نہ کرو مرضی - خیر انہوں نے اپنا مسئلہ لکھ کر بھیجا - اس کے بعد معاملات حل ہوتے ہی گئے - اب بچہ ماشااللہ خوب بھلا چنگا ہے

تو صاحبو یہ ہماری ویب نہ ہوئی --پرانے زمانے کی پینسیلین کی دوا ہو گئی کہ سارے مسائل کا حل مل جاتا ہے - پینسیلن کی دوا بھی سب امراض میں کام آتی تھی - موجودہ دور میں وہ الف لیلیٰ والی وزیر زادی ہوتی تو الف لیلیٰ کی طرح ایک ہزار راتوں تک ہماری ویب کی داستانیں سناتی اور کہتی کہ میرے پاس تو 3650 کہانیاں ہیں ابھی تو آپ نے تو صرف 1000 کہانیاں ہی سنی ہیں - ہماری ویب کے دس سال پورے ہوئے ہیں - یعنی 3650 دن -اور ہر روز کی ایک داستاں ہے میرے پاس - ہم تو چشم خیال میں بھی بادشاہ - وزیر اور وزیر زادی کو ہماری ویب کو مبارک دیتے ہوئے دیکھ رہے ہیں - ہماری طرف سے بھی مبارک - ابرار صاحب اور انکے عملے کی محنت کی داد نہ دینا انصاف سے دور ہے - ان کے لئے دلی دعائیں - - آپ کی کوششوں سے ہماری ویب نے ایک نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے - سب سے بڑی بات یہ ہے کہ یہ اردو کی بھی ایک خدمت ہے -

YOU MAY ALSO LIKE:

HamariWeb is quality oriented and most influential website operating in Pakistani domain since last ten years. It became official on 14th August 2007, and every year celebrates its anniversary with the Independence Day as a strong organization with core business philosophy. It aims to integrate and depict the Pakistani cultural heritage in the website along with promoting the National Language.