عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیلاب زدہ بچے کا قوم کے لیے پیغام

اسلام علیکم عزیز پاکستانیوں!

آپ سب تو بہت بہت خوش ہوں گے نا، کیونکہ عید الاضحیٰ کا مبارک دن بہت قریب ہے اور آپ قربانی کے جانوروں کے ساتھ ساتھ کپڑوں اور جوتوں کی خریداری میں مصروف ہوں گے۔ یقیناً آپ کی عید تو بہت خوب ہوگی۔ خیر اللہ تعالیٰ نے یہ عید کا دن ہر کسی کے لئے باعث راحت و مسرت رکھا ہے چاہے وہ غریب ہو یا امیر۔

گزشتہ سال عید الاضحی پر ہم لوگ بہت خوش تھے۔ نئے کپڑے، جوتے وغیرہ کی خریداری میں مصروف تھے۔ چاند رات کو ہم نے قربانی کا جانور خریدنا تھا۔ میں اور احمد بڑے خوش تھے، ابا جان نے ہم سے کہا کہ تم جس جانور پر ہاتھ رکھو گے میں وہ تمھیں خرید دوں گا۔ میں نے اور احمد نے ایک گائے پسند کی جس کی قیمت بھی کچھ زیادہ نہ تھی لہٰذا ابا جان نے اس کی قیمت ادا کی اور ہم خوشی خوشی گھر لوٹ آئے۔ گھر میں سب بہت خوش تھے اور سب کو عید الاضحیٰ کی صبح کا بےصبری سے انتظار تھا۔ ابا نے کہا اب سو جاؤ کیونکہ صبح جلدی اٹھ کر نماز پڑھنے جانا ہے لہٰذا ہم دونوں سو گئے اور جیسے ہی صبح اٹھے ہماری خوشی دیدنی تھی۔

عید تو گزر گئی۔ مگر عید کی سہانی یادیں اب تک ہماری یادداشت میں قید تھیں۔

15جون2010 کو جب میر ی سالگرہ تھی تو میرے ابا نے اسے منانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی۔ میری پسند کے پکوان پکے اور میری پسند کے تحائف خریدے گئے۔ یہ بہت خوشی کا دن تھا۔ احمد اور میں نے خوب مزا کیا۔ میں نے سکول میں بھی اپنی سالگرہ منائی اور سب بچوں کو کیک کھلایا۔

اب آپ ذرا میری بات کو غور سے سنیے گا، وہ دن قیامت خیز تھا جب ہمارے علاقے میں اچانک موسلادھار بارشوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ہمارا گھر ڈوب گیا۔۔۔۔۔۔ سکول ڈوب گیا۔۔۔۔۔ اماں اور ابا بہت پریشان تھے۔۔۔۔۔ ہمارا سارا سامان ۔۔۔۔ ہماری کتابیں پانی کی نذر ہوگئے۔

بہت دردناک و المناک سانحہ تھا، میرا بڑا دل چاہتا کہ کاش ہمارا شہر دوبارہ صحیح ہوجائے اور ہم خوشی خوشی رہنا شروع کردیں مگر یہ اتنا آسان کہاں۔

میری نظروں کے سامنے جب بچے پیارے پیارے اجلے اجلے کپڑے پہن کر سکول جاتے ہیں تو میرا دل بہت عجیب سی کیفیت میں مبتلا ہوجاتا ہے جسے بیان کرنے سے میں قاصر ہوں۔ اس عید پر نہ تو میرے پاس اچھے کپڑے ہیں اور نہ ہی کچھ اور۔۔۔۔ مگر میں جب اپنے مسلمان بھائیوں کو اجلے اور پیارے پیارے کپڑے پہن کر گزرتا دیکھتا ہوں تو مجھے نہایت خوشی ہوتی ہے اور میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ اے اللہ! تو انھیں خوش رکھ اور انھیں غمزدہ نہ ہونے دے(آمین)۔ میں تو اپنے مسلمان بہن بھائیوں کے لیے اتنی دعائیں کرتا ہوں مگر پتا نہیں وہ میرے لیے دعا کرتے ہیں یا نہیں۔ بس اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جلد از جلد ہمارے گھروں کو دوبارہ آباد کردے اور ہم خوشی خوشی ان میں رہنا شروع کردیں اور اپنے بہن بھائیوں کی طرح عیدیں منائیں۔(آمین)

آپ میرے لیے دعا کریں گے نا۔۔۔۔۔؟

آپ کا قومی بھائی
Qaumi Khabrien Online
About the Author: Qaumi Khabrien Online Read More Articles by Qaumi Khabrien Online: 40 Articles with 37617 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.