استاد القراء حضرت مولانا قاری عبد الباعث صدیقیؒ

وادی سوات اور متصلہ علاقے جس طرح قدرتی حسن سے مالا مال ہیں اسی طرح رب کائنات نے اس سرزمین کو بیش بہا موتیوں سے نوازاہے۔ جس طرح یہاں کی سرزمین پھلوں اور سبزیوں کے لیے ذرخیز ہے اسی طرح اس مٹی کو اﷲ تعالیٰ نے علمی دولت سے بھی نوازا ہے۔ بہت سے عظیم ہستیوں کو اس مٹی نے جنم دیا ہیں۔ ان بزرگ ہستیوں میں ایک ہستی جو ماضی قریب میں داغ مفارقت دے چکی ہے، حضرت مولانا قاری عبد الباعث صدیقیؒ کی ہے۔

حضرت مولانا قاری عبد الباعث صدیقی ؒ 1944 میں ضلع شانگلہ کے علاقے مخوزی چوگا میں پیدا ہوئے۔آپ کے والد ماجد کا نام مولوی زیارت گل تھا۔ آپ بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھے۔ ابھی اپ نے ہوش بھی نہیں سنبھالا تھا کہ علمی سفر کے لیے گھر سے نکل پڑے۔ صرف 11 سال کے عمر میں شفقت پدری سے محروم ہوگئے۔ 8 سال کے عمر سے آپ نے اپنے علمی سفر کا آغاز کیا۔ ابتدائی سال یہاں گزارنے کے بعد آپ پشاور تشریف لے گئے جہاں درس نظامی کے لیے دار العلوم سرحد میں داخلہ لیا جو ایک قدیم اور تاریخی دینی درس گاہ ہے۔ احادیث مبارکہ سیکھنے کے لئے آپ دار العلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک جو کہ دیو بند ثانی کی حیثیت رکھتا ہے تشریف لے گئے اور وہاں پر درس نظامی کا سفر پایا تکمیل تک پہنچا کر سند فراغت حاصل کی۔

درس نظامی سے فراغت کے بعد آپ لاہور تشریف لے گئے اور بین الاقوامی شہریت یافتہ ماہر علم تجوید قاری اظہار احمد تھانوی سے تجویدالقران سیکھنے کے لیے داخلہ لیا۔ پانچ سال کے عرصہ میں تجویدالقران قرأت سبعہ وعشرہ سے فراغت کے بعد ایک دوست کے پرزور اسرار پر بادل نخواستہ تقریباً 14ماہ سرکاری سکول میں پڑھایا لیکن آپ کی خواہش تھی کہ دینی مدرسہ میں درس و تدریس کریں۔سکول میں عدم دلچسپی کی وجہ سے وہاں پڑھائی چھوڑ دی اور کراچی تشریف لے گئے۔ آپ کے مشہور اساتذہ میں مولانا عبد الحقؒ، مولانا عبد الحلیمؒ، مولانا مفتی فریدؒ اور مولانا قاری اظہار احمد تھانویؒ شامل تھے۔

قاری عبد الباعث صدیقی ؒ نے ناظم آباد کراچی میں مدرسہ انوارالقران صدیقیہ وجامع مسجد قدسیہ کے نام پر ایک چھوٹی سی جگہ میں درس قرآن وتجوید اور ساتھ ہی مسجد کی بنیاد رکھی جو وقت کے ساتھ ساتھ تنا آور درخت کی صورت اختیار کرکے ایک جامع مسجد اور بڑا مدرسہ بن گیا۔ طویل عرصہ کراچی میں گزارنے کے بعد آپ کے دل میں یہ خیال شدت اختیار کرتا گیا کہ اپنے علاقے کے لوگوں کا بھی مجھ پر حق ہے اور دیار غیر کی جگہ جائے ولادت میں علم کا چراغ روشن کرنا چاہیئں۔چنانچہ1989 میں کراچی کی مسجد اور مدرسہ اپنے تلمیذ کو سونپ کر کراچی کو خیر باد کہا اور سوات واپس تشریف لے آئے۔

سوات میں مستقل سکونت اختیار کرکے مینگورہ شہر کے قریب لنڈیکس کے مقام پر مدرسہ دار القرآن میں تدریس کا آغاز کر کے شعبہ تجوید سنبھالا اور تاحیات اسی شعبے سے منسلک رہے۔ آپ کے دینی جذبہ اور محنت و لگن کے بدولت آج دنیا کے مختلف ممالک میں آپ کے شاگرد کلام الہٰی کی خدمت اور نشر و اشاعت میں مصروف ہیں۔ مشہور تلامذہ میں قاری روح اﷲ مدنی( اسلامک سنٹر امریکہ)، قاری عبدالصمد (بنگلہ دیش)، مولانا مفتی احمد ممتاز( کراچی)، قاری محمد عثمان( کراچی)، مولاناعبدالستار( بانی بیت العلم کراچی)، قاری عبدالغفور (سوات)، قاری محمد ایوب (کراچی)، قاری خیرالحق (کراچی)، قاری فضل الرحیم (سوات)، قاری سلطان عمر (کراچی) اور مفتی فضل کریم (کراچی) کے علاوہ انگلینڈ، سعودی عرب، بنگلہ دیش، افغانستان، عرب امارات اور دیگر ممالک میں بے شمار شاگرد ہیں۔

آپ کا سیاسی تعلق جمعیت علماء اسلام سے رہا اور 1988 سے تاحیات مرکزی شوریٰ کے ممبر رہے۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیر بھی رہ چکے ہیں۔۔ مفتی محمود صاحبؒ کے ساتھ خاصا نزدیکی تعلق رہا۔ حضرت مفتی محمودؒ جب بھی کراچی تشریف لے جاتے تو آپ ہی ان کے میزبان ہوتے۔ آپ ہی کے گود میں سر رکھ کر مفتی محمود ؒ نے زندگی کے آخری سانس لے کر آخرت کے سفر کا آغاز کیا۔ ایم ایم اے کے دور میں 2002 تا2007 حلقہ این اے 29 سوات سے ایم این اے رہے۔ تقریبا 23 سال علاقے میں علوم قرآنیہ کا درس دیتے رہے۔ جولائی 2012 میں آپ کو ہارٹ اٹیک ہوا ۔ بلاخر 68 سال کی عمر میں دارفنا سے دار بقا کے طرف کوچ کر گئے۔

Abid Ali Yousufzai
About the Author: Abid Ali Yousufzai Read More Articles by Abid Ali Yousufzai: 97 Articles with 75354 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.