راجستھان: خواتین کو فٹ رہنے کے لیے انوکھے مشوروں پر تنازع

کہتے ہیں کہ صحت ہزار نعمت ہے لیکن انڈیا کی مغربی ریاست راجستھان میں صحت سے متعلق چند مشورے تنازعے کا باعث ہیں۔
 

image


راجستھان حکومت میں شعبۂ تعلیم سے شائع ہونے والے ہندی زبان کے ماہنامہ 'شِویرا' میں تندرست اور چست رہنے کے چند پرانے نسخے بتائے گئے ہیں جن میں خواتین کو جھاڑو دینے، پوچھا لگانے اور پانی بھرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

صحت کے لیے لوگ نہ جانے کیا کیا جتن کرتے ہیں لیکن ان نسخوں کی اشاعت سے تنازع پیدا ہو گیا ہے۔

کوئی اسے خواتین مخالف کہہ رہا ہے تو کوئی اسے جنسی تفریق پر مبنی اور کوئی اسے خواتین کو 18ویں صدی میں واپس لے جانے کی سازش۔

یہ ماہنامہ آن لائن ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے جس کے صفحہ نمبر 32 پر 'تندرست رہنے کے آسان طریقے' کے عنوان کے تحت 14 نکات پیش کیے گئے ہیں۔
 

image


ان میں تیسرے نمبر پر یہ درج ہے: 'ٹہلنے کے علاوہ، دوڑنا، سائیکل چلانا، گھڑسواری، تیرنا، یا کوئی بھی کھیل کود اور ورزش اچھے طریقے ہیں۔

'خواتین چکی پیسنے، پونچھا لگانے، رسی کودنا، پانی بھرنا سمیت گھر کے دیگر کاموں میں اچھی ورزش کر سکتی ہیں۔ روزانہ تھوڑی دیر بچوں کے ساتھ کھیلنا، دس پندرہ منٹ تک کھل کر ہنسنا بھی ورزش کے اچھے طریقے ہیں۔'

انڈین میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق راجستھان میں اساتذہ کی انجمن نے اس کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے خراب اثرات مرتب ہوں گے۔
 

image


ان کے مطابق یہ ماہنامہ ریاست میں وسیع پیمانے پر ہر سکول میں پہنچتا ہے اور اسے فوراً واپس لینا چاہیے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ریاست بھر میں اس کی تقریباً 30 ہزار کاپیاں تقسیم ہوتی ہیں اور اساتذہ اور سکول کے پرنسپلز میں اس کی خاصی اہمیت ہے کہ وہ اسے سرکاری نقطہ نظر کا حامل تصور کرتے ہیں۔

اخبار کے مطابق وزیر تعلیم واسودیو دیونانی نے کہا کہ وہ 'اس معاملے پر کچھ کہنے سے پہلے اس کی جانچ کرنا چاہیں گے۔'
 


مانگے رام 0154 نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ 'کیا راجستھان کی وزیر اعلیٰ فٹ رہنے کے گھریلو کام کاج کے ان نکات پر عمل کرتی ہیں؟'

خیال رہے کہ راجستھان میں بی جے پی کی حکومت ہے اور وہاں ایک خاتون وجے راجے سندھیا دوسری بار وزیر اعلیٰ ہیں۔

راجن مہاجن نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا: 'راجستھان کی خواتین کے لیے کیسے نسخے بتائے جا رہے ہیں اور وہ اس وقت جب فلم 'پدماوتی' پر خواتین کے وقار کو پامال کیے جانے پر تنازع جاری ہے۔ حیرت ہے کہ وہی نسخے مردوں کےلیے کیوں نہیں؟ کیا راجستھان میں ہم مرد غیر تندرست اور توند کے ساتھ ہی اچھے ہیں؟'
 

image


پترلیکھا چیٹرجی نے راجستھان اور اس کے باہر بی جے پی کی حمایت کرنے والوں کو فٹ رہنے کے لیے چکی پیسنے اور پانی بھرنے کا مشورہ دے ڈالا۔

بوسکو ان چینجڈ نامی ہینڈل سے مزاحیہ انداز میں لکھا گیا کہ 'تمام جم میں فٹنس کے لیے چکی پیسنا اور جھاڑو لگانا شامل کرنا چاہیے۔'

ان 14 نکات میں جہاں اچھی غذائیت کے لیے پھل اور تازہ سبزیاں کھانے کی بات کی گئی ہے وہیں شراب اور تمباکو نوشی ترک کرنے اور سافٹ ڈرنک سے پرہیز بھی بتایا گيا ہے لیکن اس ضمن میں خاص طور پر کوکا کولا اور پیپسی کا نام لیا گیا ہے۔
 

image

ہندوستان ٹائمز کے مطابق شہری حقوق کے لیے پیپلز یونین کی نیشنل سیکریٹری کویتا شریواستو نے کہا: 'یہ بہت ہی شرمناک ہے کہ شعبۂ تعلیم انھی فرسودہ روایات کو از سر نا‌فذ کر رہی ہے جن سے تعلیم ہمیں آزادی دیتی ہے۔'

خیال رہے کہ راجستھان گزشتہ دنوں تاریخ کو از سر نو لکھنے کے معاملے میں سرخیوں میں رہا تھا جس میں اب یہ پڑھایا جا سکتا ہے کہ ہلدی گھاٹی کی جنگ میں 'رانا پڑتاپ کے بجائے اکبر کو شکست ہوئی تھی۔'

'گائے کو قومی جانور' بنائے جانے کا مطالبہ بھی وہاں سے ہوا تھا اور مور کے بارے میں راجستھان ہائی کورٹ کے ایک جج نے ہی کہا تھا کہ وہ سیکس نہیں کرتا۔


Partner Content: BBC URDU

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

JAIPUR: Sweeping floors, using hand grinding mills and filling water pitchers are some of the ways by which women can maintain good health, advises the Rajasthan education department.