آئیں سجائیں گھر کے درودیوار

گھر کا تصور انسان کیلئے خصوصی تسکین کا باعث بنتا ہے اور گھر سجا بنا ہوا ہو تو اس سے اچھی اور کیا بات ہوسکتی ہے۔ گھر کی سجاوٹ کا مطلب لاکھوں روپے کا خرچہ ہر گز نہیں ہے بلکہ گھر کو اپنے بجٹ کے مطابق بھی سجایا جاسکتا ہے۔ گھر میں دیواریں نہایت اہمیت کی حامل ہیں اور ان کی سجاﺅٹ گھر کو ایک انوکھا انداز بخش سکتی ہیں۔گھر کی دیواروں کو سجانے کے بہت سے طریقے ہیں جو دیواروں کو نئی زندگی بخش دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر گھر کی دیواروں کو چھوٹے ‘چھوٹے گملوں سے سجادیں۔جن لوگوں کو قدرت کے قریب رہنا پسند ہے ان کیلئے یہ بہترین انداز ہے۔ دیوار پر لگے گملے کمرے کو تازگی بھرا احساس دیتے ہیں۔

دیواروں کو شوخ رنگ سے رنگنے سے زیادہ پیسے خرچ کئے بغیر خوبصورت اور منفرد انداز دیا جاسکتا ہے ۔ہلکے اور تیز امتزاج کے رنگوںکےساتھ نقش ونگار بھی فیشن میں ہیں جو دیواروں کو خوبصورت بناتے ہیں۔ شوخ رنگوں کی خوبصورتی اپنی جگہ لیکن کمرے کی دیواروں پرہلکے رنگ کرنے سے نہ صرف انہیں جدید انداز ملے گا بلکہ کمرہ روشن اور کشادہ بھی لگے گا۔

اگر کمرے میں رنگ کرنا پسند نہیں تو اس کی جگہ وال پیپر کا استعمال کیا جاسکتا ہے ‘اس سے ایک عام سا کمرہ بھی خوبصورت لگنے لگتا ہے۔اس کےساتھ ساتھ خواب گاہ کی دیوار پر ایک بڑا سا شیشہ لگانے سے کمرہ روشن اور خوبصورت نظر آتا ہے ‘ اس کیلئے انٹیک فریم والے اور مختلف ڈیزائنوں والے انتہائی جاذب نظر شیشے بازار میں دستیاب ہیں۔

روشن دیواریں بھی گھر کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث ہوتی ہیں ۔ اگر دیواروں پر آرٹسٹک انداز کی روشنی کی تنصیبات لگادی جائیں تو دیواریں مزید نمایاں ہوجاتی ہیں ۔ اگر کمرے میں تھوڑا دیہی انداز لانے کی خواہش ہو تو اینٹوں کی ایک تہہ کا اضافہ کرنے سے مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکتے ہیں بالخصوص لال اینٹوں کا استعمال قدرتی تاثر پیدا کرتا ہے ۔اس کے علاوہ گھر کی دیواروں کو سجانے کیلئے مختلف ساخت (Textures)کا بھی استعمال کیاجاسکتا ہے ۔

دیوار پر لگے ٹائلز کمرے کی سجاوٹ میں معاون ثابت ہوتے ہیں ۔آج کل مارکیٹ میں انتہائی خوبصورت اور دیدہ زیب ٹائلز ہر قیمت پر دستیاب ہیں ان میں سے آرام سے اپنے ذوق کے مطابق چناؤ کر لیں۔

مہمانوں کو اپنے اعلیٰ ذوق سے متاثر کرنے کیلئے اپنے کسی بھی پسندیدہ آرٹسٹ کے فن پارے کو دیوار سے لٹکا کر سب کی داد وصول کریں۔اسی طرح سے وال ہینگرز بھی دیواروں کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں۔آج کل دیواروں پر قدآور اسٹیکرزچپکانے کا بہت زیادہ فیشن ہے ‘ یہ اسٹیکر پھول‘ پودوں ‘ پرندوں اور قدرتی نظاروں کے بھی ہوسکتے ہیں ۔

بچوں کے کمرے یا باورچی خانے کی دیوار کو آپ ایک بڑے سے تختہ سیاہ میں بھی بدل سکتے ہیں۔ اس سے ایک جانب گھر کو نہایت منفرد انداز ملے گا بلکہ آپ کے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہو گا۔

اگر آپ کے گھر میں بہت ساری یادگار تصاویر موجود ہیں تو پھر تو کسی خرچ کی ضرورت ہی نہیں‘ آپ کسی ایک دیوار کو تصویری گیلری بنائیں اور اپنی تمام تصاویر اس پر سجادیں۔

Shazia Anwar
About the Author: Shazia Anwar Read More Articles by Shazia Anwar: 14 Articles with 13725 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.