رب کی دھرتی٬ رب کا نظام --- مولانا محمد اکرم اعوان چل بسے

چکوال کی سرزمین اس لحاظ سے بڑی زرخیز ہے کہ یہاں پر دینی لحاظ سے بڑی بڑی قد آور شخصیات نے جنم لیا۔ میری مراد حضرت مولانا قاضی مظہر حسینؒ اور حضرت مولانا محمد اکرم اعوانؒ ہیں۔ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ، ملک کے معروف عالم دین اور کئی کتابوں کے مصنف، تنظیم الاخوان کے امیر مولانا محمد اکرم اعوان 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اُنہوں نے 31 دسمبر 1934ء کو نورپور سیتھی کے ایک اعوان اور زمیندار گھرانے میں آنکھ کھولی۔ مولانا محمد اکرم اعوان کے پیروکاروں میں سابق آرمی افسران کی تعداد خاصی ہے۔ انہوں نے ایک وقت میں ’’رب کی دھرتی، رب کا نظام‘‘ کی مہم بہت زور و شور سے شروع کی اور اُن کی اس مہم کو پورے پاکستان میں بہت پذیرائی ملی۔ کہا جاتا ہے کہ اُن کے پیروکاروں کی تعداد پاکستان اور دُنیا بھر میں لاکھوں میں موجود ہے اور یہ پیروکار ایسے ہیں جو اپنے مرشد کا بس اشارہ ہی سننے کے پابند ہیں۔ انہوں نے ساری زندگی دین کی خدمت میں گزاری۔ 1993ء میں تنظیم الاخوان پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے قرآن کریم کا ترجمہ اور معروف قرآنی تفاسیر ’’اسرار التنزیل‘‘ اور ’’التفاسیر‘‘ اُن کا کارنامہ ہے۔ پنجابی میں بھی انہوں نے قرآن کی تفسیر ’’رب دیاں گلاں‘‘ تحریر کی جو کہ زیر طبع ہے۔ اُن کی ساری زندگی دین کی تبلیغ میں گزری۔ اُن کو 500 بااثر مسلم عالم دین کا اعزاز بھی حاصل رہا۔ وہ آخری وقت تک دار العرفان منارہ میں خطبہ جمعہ دیا کرتے تھے۔ اُن کی باتیں دلوں پر اثر چھوڑتی تھیں۔ وہ اس نام نہاد جمہوری نظام سے سخت نالاں تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ اس سرزمین پر رب کا نظام قائم ہو۔ وہ حضرت نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ سے انتہائی متاثر تھے۔ انہوں نے کئی کتابیں تصنیف کیں۔ وہ ’’المرشد‘‘ میگزین بھی نکالا کرتے تھے۔ اُن کے ویڈیو اور آڈیو پیغامات ساری دین میں اُن کے پیروکار سنتے ہیں۔ منارہ میں نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ اُن کے پیروکار دھاڑیں مار مار کر رو رہے تھے۔ تحصیل کلرکہار کی تاریخ کا بڑا جنازہ بتایا جاتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق، صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی، بزرگ مسلم لیگی رہنما ملک اسلم سیتھی، ملک حاکمین خان، ملک امجد حسین علوی، ملک صفدر اعوان، ایم این اے ملک بشیر اعوان، ایم پی اے ملک جاوید اقبال اعوان اور ڈی پی او چکوال محمد ہارون جوئیہ کے علاوہ ملک کے معروف مذہبی اور سماجی شخصیات نے جنازے میں شرکت کی۔ مولانا محمد اکرم اعوان 84 سال کی بھرپور زندگی گزارنے کے بعد اس دُنیا سے کوچ کر گئے لیکن انہوں نے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ دین کی سربلندی کے لئے گزارا۔ اب اُن یہ مشن اُن کے بیٹے مولانا عبد القدیر اعوان آگے لے کر بڑھیں گے۔ اﷲ تعالیٰ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔

Javed Iqbal Anjum
About the Author: Javed Iqbal Anjum Read More Articles by Javed Iqbal Anjum: 79 Articles with 63635 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.