کورونا وائرس کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا جس کے باعث ملک بھر کے صوبوں میں تعلیمی ادارے بند کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے پھیلاؤ کے نتیجے میں پنجاب کے بعد اب خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے 9 اضلاع میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہونے پر اسکولوں کوبند کر دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرصدارت ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس طلب ہوا ،جس میں کورونا انفیکشن کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بازاروں کی ممکنہ بندش پر صوبائی کابینہ کے ممبران پر مشتمل کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ، کمیٹی میں تیمور سلیم جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور کامران بنگش شامل ہوں گے۔
اجلاس میں صوبے کے نو اضلاع میں اسکولوں کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہونےپراسکولوں کوبند کیاجائے گا، اضلاع میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالاکنڈ، سوات اوردیر لوئر شامل ہیں۔
وزیراعلی ٰ کےپی محمود خان نے کہا صوبائی حکومت کوروناکی روک تھام کے لیے سخت انتظامات کر رہی ہے، کورونا کی حالیہ لہر میں عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں جس کے باعث ہم وبا سے مؤثرانداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔