نواز شریف واپس آسکتے ہیں لیکن زندگی موت کی ضمانت نہیں دے سکتے، شیخ رشید نے زرداری کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کر دیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ''نواز شریف کو واپس آنے کی اجازت دینے کے لئے تیار ہیں لیکن زندگی یا موت کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی''۔
انہوں نے کہا کہ یہ تو اللہ کے ہاتھ میں ہے، جو ہمارے اختیار میں ہے وہ ہم کر سکتے ہیں، نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہوگئی ہے، انہیں وطن واپسی کی اسی صورت میں اجازت ہوگی جب وہ وزارت داخلہ کو تحریری درخواست دیں تو انہیں 24 گھنٹے میں اجازت نامہ جاری کر دیا جائے گا۔
فضل الرحمٰن سے متعلق سوال پر انکا کہنا تھا کہ ہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز بہت غصے میں نظر آئے، پہلے ہی کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ہاتھ ہوگا، پی ڈی ایم کی سیاست کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے، مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی لانگ مارچ کیا تھا اور ایک سال پہلے اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا تھا، یہ بہت مشکل کام ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند روز بعد رمضان المبارک ہے لہٰذا عید الفطر کے بعد ہی ان کے منصوبے کا پتہ لگے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے نواز شریف کو واپس وطن آنے کو کہہ دیا تھا۔
پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ''میں نے اپنی زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ہیں، ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے اور سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے، اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا لہذا میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں''۔
دوسری جانب مریم نواز نے والد کو واپس بُلانے پر جواب میں کہا کہ ''میرے والد کی جان کو پاکستان میں خطرہ ہے، خاص طور پر نیب کی تحویل میں میاں صاحب کی زندگی کو خطرہ ہے،ا نہوں نے کہا کہ میرے والد کو جیل میں دو ہارٹ اٹیک ہوئے ہیں اور جیسے آپ ویڈیو لنک پر ہیں ویسے ہی میاں صاحب بھی ویڈیو لنک پر ہیں''۔
ذرائع کے مطابق بعد ازاں نواز شریف کی واپسی سے متعلق بیان پر آصف زرداری نے مریم نواز سے مخاطب ہو کر کہا کہ ''آپ کو اگر میرے بیان سے کوئی دُکھ پہنچا ہے تو میں اس پر معذرت خواہ ہوں''، اس کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ''میرا مقصد آپ سے معذرت کروانا نہیں تھا، میں بھی بختاور اور آصفہ کی طرح آپ کی عزت کرتی ہوں''۔
تاہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمیں لاشیں نہیں زندہ لیڈر چاہیے اور میاں صاحب کو وطن واپس لاکر عمران خان جیسے قاتل کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔
جس پر آج شیخ رشید نے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے میاں صاحب کی جان کی گارنٹی لینے سے انکار کر دیا۔