انٹرنیٹ پر متعدد ایسی عجیب و غریب تصاویر موجود ہوتی ہیں جو ایک بار دیکھنے میں بالکل سمجھ نہیں آتیں بلکہ انہیں دوبارہ دیکھنا پڑ جاتا ہے۔
اب ایک اور دماغ کو گھما دینے والی تصویر آپ کے سامنے لے کر حاضر ہوئے ہیں۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچی سڑک کے اندر دھنسی ہوئی ہے جس نے انٹرنیٹ صارفین کو حیرت زدہ کردیا ہے۔
ٹوئٹر صارف ٹم کٹزمین نے زیر نظر تصویر کو حال ہی میں ویب سائٹ ریڈڈٹ سے اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ تصویر میں فوٹو شاپ کا عمل دخل موجود نہیں ہے۔
مذکورہ تصویر میں موجود لڑکی گلابی لباس پہنے باہر کھیل رہی ہے تاہم تصویر کھینچنے کے لیے کیمرے کی سمت اور پوزیشن کے باعث بظاہر یہ محسوس ہورہا ہے بچی کا آدھا جسم سڑک کے درمیان کنکریٹ کے فرش میں دھنسا ہوا ہے۔
شیئر کیے جانے کے بعد بچی کی تصویر تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگوں کی جانب سے دلچسپ اور حیران کن تبصرے کیے جانے لگے۔
صارفین کو تصویر کے پیچھے چھپی تکنیک کو کھوجنے میں زیادہ وقت نہیں لگا اور وہ جلد ہی اصل وجہ جاننے میں کامیاب ہوگئے۔
تصویر میں موجود بچی دراصل ایک چھوٹی دیوار کے پیچھے کھڑی ہے جو فٹ پاتھ کے رنگ کی ہی ہے جس کے باعث بظاہر یہ محسوس ہورہاہے کہ بچی سڑک میں دھنسی ہے۔