متعدد جوڑوں کو سالوں سال اپنی شادی کے دن کا انتظار رہتا ہے اور ان کی کوشش رہتی ہے کہ اپنی شادی کے دن کو یادگار بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
لیکن اگر شادی کے دن کوئی ایسا خراب واقعہ پیش آجائے جس سے کسی جوڑی کی شادی میں چار چاندلگنے کے بجائے تقریب برباد ہوجائے تو معاملہ انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔
ایسا ہہ کچھ بھارتی ریاست نوبی کیرالہ میں دیکھنے میں آیا جب وہاں تیز بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث ایک جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب میں پہنچنے کے لیے کسی بگی یا کار کے بجائے ایک بڑے دیگچے میں بیٹھ کر تقریب میں جانا پڑا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جوڑے نے مندر سے ایک بڑا دیگچہ لیا اور اس عارضی کشتی کو دھکیلنے کے لیے
چند افراد کی مدد لی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
دلہن نے مقامی میڈیا چینل ایشیا نیٹ کو شادی کی تقریب کے بعد بتایا کہ 'یہ ایک ایسی شادی میں بدل گئی جس کا ہم نے تصور نہیں کیا تھا'۔
علاوہ ازیں جس مقام پر اس جوڑے کی شادی ہونی تھی وہ جگہ بھی سیلاب سے متاثر ہوگئی جبکہ جوڑے نے شادی کی تقریب کو محدود ہی رکھا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک آدمی کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ انہیں 'گاڑی کے بجائے کشتی بک کرانی چاہیے تھی۔